کوئٹہ میں شعبہ رابطہ برائے شخصیات  کے ذمہ دار و فیضان اسلامک سکول سسٹم کے ایڈمنسٹریٹر محمد سجاد عطاری نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما قائد سریاب میر عثمان پرکانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دوران ملاقات دعوت اسلامی کی عالمی سطح پر ہونے والی دینی وفلاحی خدمات اور فیضان اسلامک اسکول سسٹم کے حوالے سے گفتگو کی نیز کوئٹہ کیمپس کے افتتاح کے حوالے سے بھی گفتگو کی ۔

قائد سریاب میر عثمان پرکانی نے دعوت اسلامی کی عالمی سطح پر ہونے والی دینی اور فلاحی خدمات کو سراہا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اس موقع پر قبائلی رہنما میر مور مہر، چکی شاہوانی کے علاقائی ذمہ دار محمد اسماعیل عطاری اور محمد اعظم عطاری بھی ساتھ تھے۔(رپورٹ: محمد سجاد عطاری ڈسٹرکٹ ذمہ دار، کانٹینٹ: محمد مصطفی انیس)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدرسۃ المدینہ شارٹ ٹائم کے تحت پاکستان کے شہر ملتان میں مدنی مشورے کا انعقاد ہوا جس میں شعبے کے نگران، صوبائی، ڈویژن ذمہ داران اور ناظمینِ اعلیٰ نے شرکت کی۔

اس مدنی مشورے میں رکن ِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی قاری محمد سلیم عطاری نے اسلامی بھائیوں کی تربیت کرتے ہوئے شعبے کے دینی کاموں کو مضبوط کرنے اورنئے مدارس کھولنے کے حوالے سے اہداف دیئے۔

اس کے علاوہ رکنِ شوریٰ نے ذمہ داران سے دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں کے متعلق چند امور پر مشاورت کی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔ (رپورٹ:شعیب اشرف نقشبندی ناظم اعلیٰ مدرسۃ المدینہ شارٹ ٹائم، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


21 فروری 2022ء بروز پیر پنجاب پاکستان کے شہر فیصل آباد میں قائم مدنی مرکز فیضان مدینہ میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام مدنی مشورے کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین حاجی محمد اسد عطاری مدنی، حاجی محمد امین عطاری، حاجی محمد اظہر عطاری، حاجی محمد فاروق جیلانی عطاری، حاجی قاری محمد ایاز عطاری، حاجی محمد رفیع عطاری، پاکستان مشاورت کےاراکین اور مختلف شعبہ جات کے نگرانوں سمیت صوبائی ذمہ داران نے شرکت کی۔

دورانِ مدنی مشورہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہدعطاری نے ذمہ دار اسلامی بھائیوں سے گفتگو کرتے ہوئےشعبہ جات کے دینی کاموں کے بارے میں اہم امور پر کلام کیا اور شعبہ جات کی ترقی کے لئے مدنی پھول ارشاد فرمائے۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالواپ ذمہ دار ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


المدینۃ العلمیہ  میں دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق” شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ“موجود ہے،اس شعبے کے مقاصد و اہداف میں سےسب سےپہلا مقصد یہ ہے کہ میدانِ تحقیق و تصنیف میں ہونے والی تبدیلیوں کو مدِّنظر رکھ کرکورسزاورٹریننگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔ اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے” ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ“ کا ذیلی شعبہ”پروفیشنل ٹریننگ پروگرام “ قائم کیا گیاہے،الحمدللہ!حصولِ مقصد کے لیےپہلا ٹریننگ پروگرام ”فن تخریج حدیث کورس“کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔

”فن تخریج حدیث کورس“ کی تکمیل کے بعد اب بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ”آفس آٹومیشن کورس “ کا آغاز کیا گیا ہے۔

اس پروفیشنل کورس کو کامیاب ترین بنانے کے لیے ہمارےالمدینۃ العلمیہ کے سینئر اسکالر ،فیضان ِ صدیق اکبر ،فیضان فاروق اعظم جیسی شہرۂ آفاق کتب کے مصنف مولانااعجاز نواز عطاری مدنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

آپ بلندپایہ محقق و مصنف ہونے کے ساتھ آئی ٹی کے میدان میں اپنی انفرادی شناخت رکھتے ہیں اور بین الاقوامی اداروں سے سر ٹیفائیڈ ہیں نیز المدینۃ العلمیہ اورمحققین و مصنفین کی علمی و تکنیکی مشکلات کو حل کرنےکے حوالے سےامتیازی مقام رکھتے ہیں۔

کورس کا آغاز23 فروری 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کے کانفرنس ہال میں ہوا جس کی پہلی نشست میں ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ مولانا راشد علی عطاری مدنی نے کورس کی اہمیت اور اصول و ضوابط بیان کئے جبکہ خطبہ استقبالیہ سینئر رائٹر و ڈائریکٹر شعبہ فیضانِ حدیث مولانا ناصر جمال عطاری مدنی نے دیا۔

ان شاء اللہ بین الاقوامی معیار کے اس کورس میں شرکا بھرپور دل چسپی سے سیکھیں گے اور خدمتِ دین میں مزید قدم بڑھائیں گے۔


22 فروری 2022ء کو دعوت اسلامی کے شعبہ میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ڈویژن ذمہ دار مولانا بابر مصطفیٰ عطاری  مدنی نے ڈسٹرکٹ رحیم یار خان خانپور تحصیل میںM.P.Aچوہدری ارشدسے ملاقات کی۔

ملاقات میں دعوت اسلامی کے شعبہ جات مدنی چینل اور FGRF، پر تفصیلی گفتگو ہوئی جبکہ اس موقع پر ڈویژن ذمہ دار اقبال عطاری بھی موجود تھے۔


18رجب المرجب 1443ھ بمطابق 19فروری 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے بیرونِ ملک سے آن لائن مدنی چینل کے ذریعے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: بزرگوں کو ایصالِ ثواب کرنے کا کیا فائدہ ہوتا ہے؟

جواب: جسے تحفہ دیا جائے وہ خوش ہوتاہے ،جوفوت ہوجاتاہے اس کے لیے تحفہ ایصالِ ثواب ہے ،جب بزرگانِ دین کو ایصالِ ثواب کیا جائے گا تو وہ خوش ہوں گے ، ہماری طرف ان کی توجہ ہو گی،ہمیں دنیا وآخرت میں اس کی برکتیں ملیں گی،یہ کارِ ثواب ہے ،عام لوگوں کوفوت ہونے والے دن سالانہ ایصالِ ثواب کیا جائے تو فاتحہ وبرسی کہتے ہیں ،بزرگوں کے یوم وصال کو ایصالِ ثواب کرتے ہیں تو عرس کہاجاتاہے ۔ ایصالِ ثواب قرآن وحدیث سے ثابت ہے۔

سوال: سکون کی بہترین دواکیا ہے ؟

جواب: بے شک اللہ پاک کا ذِکر ہی دلوں کے اطمینان کا ذریعہ ہے ،مادی دوا کے لیے ڈاکٹرسے رابطہ کیاجائے ۔

پارہ 13،سُورۂ رعد کی آیت نمبر28میں ارشاد ہوتاہے"اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىٕنُّ الْقُلُوْبُترجمۂ کنزالعرفان:سُن لو! اللہ کی یاد ہی سے دل چین پاتے ہیں۔

سوال: رات کے سنّاٹے میں قبرستان جانا کیسا؟

جواب: عام طور پر سنّاٹے میں وحشت وگھبراہٹ ہوتی ہے اورقبرستان میں تو اور زیادہ ہوتی ہے ۔اس لیے رات کے سنّاٹے میں قبرستان نہیں جانا چاہئے ۔

سوال: بزرگانِ دین سےزیادہ عشق ہونا کیسا؟

جواب: بزرگانِ دین اوردینی چیزوں سے زیادہ عشق ہونا اچھی بات ہے جب تک شریعت سے نہ ٹکرائے ۔

سوال: کیا بُروں کے ساتھ بُرائی سے پیش آنا چاہئے؟

جواب: جی نہیں !بُرائی کا جواب بُرائی سے دینا ہماراکام نہیں ،بعض اوقات بُرائی کا بدلہ لینے جائیں تو بندہ ظالم بن جاتاہے ،ہم دعوت ِاسلامی والوں کو نیکوں کے ساتھ نیک اوربدمعاشوں کے ساتھ بھی نیک برتاؤ کرنا ہے۔ پارہ 18،سُورۂ مؤمنون کی آیت نمبر96میں ارشاد ہوتاہے اِدْفَعْ بِالَّتِیْ هِیَ اَحْسَنُ السَّیِّئَةَ ۔ ترجمۂ کنزالعرفان:سب سے اچھی بھلائی سے بُرائی کو دفع کرو۔

سوال: یا اللہ پاک اوراُس کے رسول صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو راضی کرنا ضروری ہے ؟

جواب: جی ہاں ! اللہ پاک اوراُس کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو راضی کرنا ہرمسلمان پر لازم ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیر ہل سُنّت سے شاعری کے بارے میں سوال جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ” امیر ہل سُنّت سے شاعری کے بارے میں سوال جواب“ پڑھ یا سُن لے اسے فضولیات سے بچاکر اپنے ربّ اور اپنے محبوب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ذِکر میں مشغول رہنے والی زبان عطا فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


11رجب المرجب 1443ھ بمطابق 12فروری 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی اور بیرون شہر سے عاشقان رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے بیرونِ ملک سے آن لائن مدنی چینل کے ذریعے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: خوشامد وچاپلوسی کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب :آجکل ہمارے معاشرے میں ملازم سیٹھ کی ،کم عہدے والابڑے عہدے والے کی ،غریب امیرکی خوشامدکرتاہے ،عموماًاس میں جھوٹ ہوتاہے ،ڈرپوک کو شیر،کنجوس کو سخی ،فاسق کو اچھا ،جمعہ کی نمازبھی نہ پڑھنے والے اورظلم کرنے والے کی تعریفیں کی جارہی ہوتی ہیں ،بعض اوقات ضمیربھی ملامت کررہا ہوتا ہوگا مگرپھر بھی لوگ ایساکررہے ہوتے ہیں ،خوشامدکرنا مؤمن کے اخلاق سے نہیں ،فرمانِ مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے:جب فاسق کی تعریف کی جاتی ہے تواللہ پاک غضب فرماتا(یعنی ناراض ہوتا)ہے۔ (شعب الایمان ،4/230، حدیث،4885) البتہ حوصلہ افزائی کے لیےدرست تعریف کی جاسکتی ہے۔

سوال:13اور15رجب میں کیا اہم بات ہے ؟

جواب: 13رجب اسلام کے چوتھے خلیفہ،امیر المومنین حضرت مولیٰ علی مشکل کشا رضی اللہ عنہ کا یوم ِولادت اور15رجب حضرت امام جعفرصادق رحمۃ اللہ علیہ کا یومِ عرس ہے ۔

سوال:پہلے کے بزرگ صاحبِ علم تھے ،انہیں علم یادرہتاتھا مگرآجکل علم حاصل کرنا پہلے کے دورسے آسان ہے مگرعلم یادنہیں رہتا۔اگرکوئی پہلے کے بزرگانِ دین جیسابنناچاہے تو کیا کرے ؟

جواب : پہلے کے بزرگانِ دین کے حافظے بہت مضبوط ہوتے تھے ،چلتے چلتے بھی مطالعہ کرلیتے تھے ،اپنے ہاتھ سے کتابیں لکھتے تھے ،ان کے ہاتھ سے لکھی ہوئی کتاب کومخطوطہ کہا جاتا ہے ،یہ علم کی باتوں کوہی سنا کرتے تھے ،ایک بزرگ کے بارے میں ہے کہ جب لوگوں کی باتیں ان کے کان میں پڑتیں تو کان بندکرلیتے تھے کہ کہیں لوگوں کی بداخلاقی والی باتیں یاد نہ ہو جائیں ،آجکل اخلاق بہت خراب ہیں بالخصوص گھر میں ہونے والی گفتگومیں کُھردراپن زیادہ ہوتاہے،بہرحال ہرشے کی زکوٰۃ ہوتی ہے علم کی زکوٰۃ علم پر عمل کرنا ہے ،جو علم پر عمل کرتاہے تو اس میں برکت ہوتی ہے ،اسی طرح علم نورہےاور یہ اس کے پاس نہیں رہتاجو علم پر عمل نہیں کرتا۔

سوال: توکل یعنی اللہ پاک پر بھروسا کیسے پیداہو،توکل نہ ہونے کی وجہ سے کئی برائیاں سرزد ہوجاتی ہیں ؟

جواب: توکل کا معنیٰ ہے اسباب پربھروسا کرنے کے بجائے اللہ پاک پر بھروساکیا جائے ۔اللہ پاک پر توکل کرنا فرضِ عین ہے ،توکل کے بغیرتوچارہ ہی نہیں ہے۔اگریہ ذہن بن جائے گا کہ روزی دینا اللہ پاک نے اپنے ذمہ ٔ کر م پر لیا ہوا ہے، بندہ جتنا زندہ رہے گا اسے روزی ملے گی ،پرندوں پر غورکرےکہ پرندے صبح خالی پیٹ نکلتے ہیں اورواپس پیٹ بھرکر آتے ہیں ،یہ کل کے لیے کچھ نہیں بچاکررکھتے ،آجکل تو لوگ اپنا مال بڑھانے کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں مگرنیکیاں بڑھیں اس کے بارے میں نہیں سوچا جاتا،جبکہ نیکیاں بڑھنے سے جنت میں درجے بڑھتے ہیں ۔ مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’توکل ‘اورنجات دلانے والے اعمال “میں توکل کے باب کا مطالعہ کیجئے ۔

سوال: کون سی مخلوق کل یااس کے بعد کے لیے خوراک بچاکررکھتی ہے ؟

جواب :  صرف انسان ،چیونٹی اورچوہا ہی خوراک بچاکررکھتے ہیں۔

سوال : افضل ترین عبادت کونسی ہے ؟

جواب:علمِ دین میں غورکرنا افضل ترین عبادت ہے،اسی طرح آخرت کے بارے میں غوروفکر کرنا بھی اچھا ہے۔حدیث پاک میں ہے : گھڑی بھرغوروفکرکرنا60 سال کی عبادت سے بہترہے ۔ (جامع صغیرللسیوطی،ص365 )

سوال: جس نے مرتے وقت کلمہ پڑھا،اس کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: مرتے وقت کلمہ شریف پڑھنے کی توفیق مل جانا ، بہت بڑی سعادت ہے ،فرمانِ مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے : مَنْ كَانَ آخِرُ كَلَامِهِ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا اللَّهُ دَخَلَ الْجَنَّةَ یعنی جس کا آخری کلمہ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا اللَّهُ ہو،وہ جنت میں جائےگا۔ ( أبو داود،حدیث ، 3116 )

سوال: رمضان شریف آنے والاہے، اعتکا ف کی بھی بہاریں ہوں گی ،آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: ماہِ رمضان کا سنتاہوں کہ آنے والاہے تو دل جھوم جاتاہے ،رمضان اعتکا ف کا سُن کرتو مزے کو بھی مزہ آجاتاہے ۔

سوال: کیا رنگوں کے بھی اثرات ہوتے ہیں؟

جواب: سبزہ یاسبزرنگ(Green Color) دیکھنے سے نظرتیز ہوتی ہے، حضرتِ سَیِّدُناامام شافعی رحمۃ اللہ علیہ  فرماتے ہیں:4چیزیں آنکھوں کی (بینائی کی)تقویَّت کاباعِث ہیں (1)قبلہ رُخ بیٹھنا(2)سوتے وقت سُرمہ لگانا (3)سبزے کی طرف نظر کرنا اور(4)لباس کو پاک و صاف رکھنا۔ (احیاء العلوم،ج2، ص27)

کالے رنگ کے جوتے سے غم زیادہ ہوتے ہیں ،یہ کہنا کہ فلاں رنگ کے لباس پہننے سے مصیبتیں آتی ہیں یہ غلط ہے ۔اپنی اپنی پسند ہوتی ہے مجھے سفیدرنگ پسندہے،اس میں مزہ آتاہے کہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اکثرسفیدرنگ استعمال فرمایا ،دعوتِ اسلامی میں سفیدیا لائٹ کلرکالباس پہننے کی ترغیب ہے ۔

سوال: دِینی رسائل تقسیم کرنے کے کیافوائد ہیں ؟

جواب: دِینی رسالے تقسیم کرنے چاہئیں ،کئی ایسے ہوں گے کہ جو کوئی رسالہ پڑھ کر گناہوں سے تائب ہوئے ہوں گےاوردعوت اسلامی کے دینی ماحول میں آگئے ہوں گے ۔تمام کاروباری اوردیگرشعبوں والوں کو چاہئے کہ مکتبۃ المدینہ کے رسائل تقسیم کریں ،دعوتِ اسلامی کے شعبے تقسیمِ رسائل سے رابطہ کرکے صحابہ واولیا اوراپنے مرحومین کے ایصال ِثواب کے لیے رسائل تقسیم کریں ،رشتہ داروں کی برسی وغیرہ کے مواقع پر رسائل تقسیم کریں ،خوشی وغمی کے مواقع پرمکتبۃ المدینہ کے بستے(Stall) لگوائیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” فیضانِ امام جعفر صادِق “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ”فیضانِ امام جعفر صادِق “پڑھ یا سُن لے اُسے تمام صحابہ و اہلِ بیت کا سچا غلام بنااور اسے امام جعفر صادق کے پیارے پیارے نانا جان صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی قیامت میں شفاعت نصیب فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبییّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔


حضرت علامہ مفتی عبید اللہ جان نعیمی الازھری صاحب کو جامعۃ الازہر مصر سے کلیۃ اصولِ الدین کی قِسمُ الحدیث کے تحت علامہ ابن عساکر رحمۃُ اللہِ علیہ کے لکھے ہوئے مخطوطے ”الاِشراف علٰی معرفۃ ِالاطراف“ کی تحقیق و تخریج کرنے اور اس کے مناقشے کے بعد ممتاز کیفیت پر ایم فِل M. Phil کی سند جاری کردی گئی۔ اس کے علاوہ آپ کو افتاء کا تین سالہ نصاب مکمل کرنے پر ادارے کی جانب سے مفتی کی سند بھی دی گئی۔

جب یہ خبر رکن شوریٰ حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطاری مدنی کے ذریعے امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہکو دی گئی تو آپ نے خوشی کا اظہار فرمایا اور اپنے آڈیو پیغام کے ذریعے انہیں اور ان کے والد محترم شیخ الحدیث حضرت علامہ مفتی محمد جان نعیمی صاحب مُدَّ ظِلُّہُ العالی کو مبارکبار پیش کی اور مدنی پھول ارشاد فرماتے ہوئے ان کے حق میں دعائیں کیں۔

پیغام امیر اہلسنت!

شیخ الحدیث حضرت علامہ ومولانا مفتی محمد جان نعیمی صاحب مُدَّ ظِلُّہُ العالی کے بڑے شہزادے حضرت علامہ مفتی عبید اللہ جان نعیمی الازھری کی خدمتِ بابرکت میں السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ:

دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی نے یہ خبرِ فرحت اثر دی کہ ماشاء اللہ الکریم آپ نے جامعۃ الازہر کے کلیۃ اصولِ الدین کی قِسمُ الحدیث کے تحت علامہ ابن عساکر رحمۃُ اللہِ علیہ کے لکھے ہوئے مخطوطے ”الاشراف علٰی معرفۃ ِ الاطراف کی تحقیق و تخریج کی اور جس کے مناقشے کے بعد آپ کو ممتاز درجے پر کامیاب قرار دیا گیا اور ایم فِل M. Phil کی سند بھی جاری کی گئی نیز آپ نے مصر ہی میں افتاء کا تین سالہ نصاب مکمل کرکے مفتی کی سند بھی حاصل کی۔ ماشاء اللہ، ماشاء اللہ۔۔

میں اس کامیابی پر آپ کو اور آپ جناب کے والد محترم حضرت شیخ الحدیث الحاج مفتی محمد جان نعیمی صاحب اطال اللہ عمرہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ رب العزت کے بارگاہ میں دعاگوں ہوں کہ اللہ رب العزت آپ کو مزید کامیابیاں اور ترقیاں عطا فرمائے۔ آپ پر، آپ کے خاندان اور دیگر متعلقین خصوصاً آپ کے دادا جان مفتی محمد عبد اللہ نعیمی شہید رحمۃُ اللہِ علیہ، آپ کے چچا جان حضرت علامہ مولانا مفتی غلام محمد نعیمی صاحب کا خصوصی فیضان جاری رہےاور آپ اپنے اکابرین کی علمی میراث کے حقیقی جانشین رہیں۔

اللہ پاک آپ کے علم و عمل میں خوب برکتیں دے، آپ کے ذریعے ایک عالَم علمی فیضان سے مالا مال ہو، آپ کو ، آپ کی آل اولاد کو، آباؤاجداد کو سب کو اللہ پاک بے حساب مغفرت سے مشرف فرمائے، آپ کے صدقے مجھ گناہگار کے حق میں بھی یہ دعائیں مستجاب ہو، خوب پھلے پھولیں، آباد رہیں، بار بار حج کریں، میٹھا مدینہ دیکھیں۔


پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کے تحت 3 دن کا مدنی قافلہ مدنی مرکز فیضانِ مدینہ آفندی ٹاؤن سے مٹیاری ہالا سندھ روانہ ہوا جس میں کافی تعداد میں اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

دورانِ مدنی قافلہ ذمہ داراسلامی بھائیوں نے اہلِ علاقہ کو نیکی کی دعوت دیتے ہوئے انہیں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہونے والے شبِ معراج اجتماع میں شرکت کرنے کی دعوت دی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔

بعدازاں شرکائے مدنی قافلہ نے ایک شخصیت کے گھر پر بذریعہ مدنی چینل مدنی مذاکرے میں شرکت کی۔اس موقع پر امیر مدنی قافلہ سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ذمہ دار عبد الرشید عطاری اور حاجی عبدالغفار علی عطاری موجود تھے۔ (رپورٹ: رابطہ برائے ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری) 


20 فروری 2022ء بروز اتوار رابطہ برائے ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت چوھر جمالی ڈسٹرکٹ سجاول بھنبھور ڈویژن میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں شعبہ ذمہ داران نے شرکت کی۔

دورانِ میٹنگ بھنبھور ڈویژن ذمہ دار عبد القادر عطاری اور صوبائی ذمہ دار ڈاکٹر امید علی عطاری نے ذمہ داران کی ڈسٹرکٹ سطح پر تقرری سمیت 12 دینی کاموں میں عملی طور پرشرکت کرنے کا ذہن دیا جس پر ذمہ داران نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔

بعدازاں ذمہ داران نے رائس ملز کے اونر ممتاز علی میمن،عرفان علی میمن اور قاری محبوب حسنی سے ملاقات کرتے ہوئے اُن کے ملز میں دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں کو رائج کرنے کے حوالے سے اہم امور پر مشاورت کی۔مزید مدینہ مسجد کے ساتھ قائم مدرسۃ المدینہ بوائز میں قاری صاحب سے ملاقات کا سلسلہ رہا۔(رپورٹ: رابطہ برائے ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پچھلے دنوں شعبہ کفن دفن دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 20 فروری 2022ء بروز اتوار جی 11  اسلام آباد کی ایک دکان میں کفن دفن کورس کا انعقاد ہوا جس میں مقامی اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔اس کورس میں صوبائی ذمہ دار ظہیر عباس عطاری نے میت کو غسل دینے، کفن کاٹنے اور پہنانے کا طریقہ بتاتے ہوئے نمازِ جنازہ میں شرکت کرنے کے فضائل بیان کئےاور اس کے چند ضروری مسائل بھی سکھائے۔

بعدازاں ذمہ دار نے وہاں موجود اسلامی بھائیوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دلائی۔(رپورٹ: صداقت عطاری ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


عاشقان رسول کو فرائض و اجبات کا پابند بنانے، سنتِ رسول کا عامل بنانے، نیکی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہر جمعرات بعد نماز مغرب پابندی کے ساتھ دنیا بھر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں مبلغین دعوت اسلامی سنتوں  بھرے بیانات ارشاد فرماتے ہیں۔

ہر ہفتے کی طرح کی اس جمعرات 24 فروری 2022ء کو بھی دنیا بھر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جائیگا جن میں مبلغین دعوت اسلامی سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔تفصیلات کے مطابق اسپورٹس گراؤنڈ تحصیل کلر سیداں راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں رکن شوریٰ حاجی مولانا عبد الحبیب عطاری بیان فرمائیں گے جسے مدنی چینل پر براہ راست نشر کیا جائیگااس کے علاوہ فیضان اسلام، خیابان سحر، لین 10، فیز7، DHAمیں رکن شوریٰ حاجی محمد علی عطاری، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کندھ کوٹ سندھ میں رکن شوریٰ حاجی قاری ایاز عطاری، مدنی مرکز فیضان مدینہ ڈیرہ اسماعیل خان خیبر پختونخواہ میں رکن شوریٰ حاجی محمد عقیل عطاری مدنی، فیضان مدینہ جھمرہ ٹاؤن فیصل آباد میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد فضیل رضا عطاری اور الحرم مارکی بائی پاس واربرٹن پنجاب میں رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔