المدینۃ العلمیہ  میں دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق” شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ“موجود ہے،اس شعبے کے مقاصد و اہداف میں سےسب سےپہلا مقصد یہ ہے کہ میدانِ تحقیق و تصنیف میں ہونے والی تبدیلیوں کو مدِّنظر رکھ کرکورسزاورٹریننگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔ اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے” ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ“ کا ذیلی شعبہ”پروفیشنل ٹریننگ پروگرام “ قائم کیا گیاہے،الحمدللہ!حصولِ مقصد کے لیےپہلا ٹریننگ پروگرام ”فن تخریج حدیث کورس“کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔

”فن تخریج حدیث کورس“ کی تکمیل کے بعد اب بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ”آفس آٹومیشن کورس “ کا آغاز کیا گیا ہے۔

اس پروفیشنل کورس کو کامیاب ترین بنانے کے لیے ہمارےالمدینۃ العلمیہ کے سینئر اسکالر ،فیضان ِ صدیق اکبر ،فیضان فاروق اعظم جیسی شہرۂ آفاق کتب کے مصنف مولانااعجاز نواز عطاری مدنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

آپ بلندپایہ محقق و مصنف ہونے کے ساتھ آئی ٹی کے میدان میں اپنی انفرادی شناخت رکھتے ہیں اور بین الاقوامی اداروں سے سر ٹیفائیڈ ہیں نیز المدینۃ العلمیہ اورمحققین و مصنفین کی علمی و تکنیکی مشکلات کو حل کرنےکے حوالے سےامتیازی مقام رکھتے ہیں۔

کورس کا آغاز23 فروری 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کے کانفرنس ہال میں ہوا جس کی پہلی نشست میں ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ مولانا راشد علی عطاری مدنی نے کورس کی اہمیت اور اصول و ضوابط بیان کئے جبکہ خطبہ استقبالیہ سینئر رائٹر و ڈائریکٹر شعبہ فیضانِ حدیث مولانا ناصر جمال عطاری مدنی نے دیا۔

ان شاء اللہ بین الاقوامی معیار کے اس کورس میں شرکا بھرپور دل چسپی سے سیکھیں گے اور خدمتِ دین میں مزید قدم بڑھائیں گے۔