11رجب المرجب 1443ھ بمطابق 12فروری 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی اور بیرون شہر سے عاشقان رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے بیرونِ ملک سے آن لائن مدنی چینل کے ذریعے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: خوشامد وچاپلوسی کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب :آجکل ہمارے معاشرے میں ملازم سیٹھ کی ،کم عہدے والابڑے عہدے والے کی ،غریب امیرکی خوشامدکرتاہے ،عموماًاس میں جھوٹ ہوتاہے ،ڈرپوک کو شیر،کنجوس کو سخی ،فاسق کو اچھا ،جمعہ کی نمازبھی نہ پڑھنے والے اورظلم کرنے والے کی تعریفیں کی جارہی ہوتی ہیں ،بعض اوقات ضمیربھی ملامت کررہا ہوتا ہوگا مگرپھر بھی لوگ ایساکررہے ہوتے ہیں ،خوشامدکرنا مؤمن کے اخلاق سے نہیں ،فرمانِ مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے:جب فاسق کی تعریف کی جاتی ہے تواللہ پاک غضب فرماتا(یعنی ناراض ہوتا)ہے۔ (شعب الایمان ،4/230، حدیث،4885) البتہ حوصلہ افزائی کے لیےدرست تعریف کی جاسکتی ہے۔

سوال:13اور15رجب میں کیا اہم بات ہے ؟

جواب: 13رجب اسلام کے چوتھے خلیفہ،امیر المومنین حضرت مولیٰ علی مشکل کشا رضی اللہ عنہ کا یوم ِولادت اور15رجب حضرت امام جعفرصادق رحمۃ اللہ علیہ کا یومِ عرس ہے ۔

سوال:پہلے کے بزرگ صاحبِ علم تھے ،انہیں علم یادرہتاتھا مگرآجکل علم حاصل کرنا پہلے کے دورسے آسان ہے مگرعلم یادنہیں رہتا۔اگرکوئی پہلے کے بزرگانِ دین جیسابنناچاہے تو کیا کرے ؟

جواب : پہلے کے بزرگانِ دین کے حافظے بہت مضبوط ہوتے تھے ،چلتے چلتے بھی مطالعہ کرلیتے تھے ،اپنے ہاتھ سے کتابیں لکھتے تھے ،ان کے ہاتھ سے لکھی ہوئی کتاب کومخطوطہ کہا جاتا ہے ،یہ علم کی باتوں کوہی سنا کرتے تھے ،ایک بزرگ کے بارے میں ہے کہ جب لوگوں کی باتیں ان کے کان میں پڑتیں تو کان بندکرلیتے تھے کہ کہیں لوگوں کی بداخلاقی والی باتیں یاد نہ ہو جائیں ،آجکل اخلاق بہت خراب ہیں بالخصوص گھر میں ہونے والی گفتگومیں کُھردراپن زیادہ ہوتاہے،بہرحال ہرشے کی زکوٰۃ ہوتی ہے علم کی زکوٰۃ علم پر عمل کرنا ہے ،جو علم پر عمل کرتاہے تو اس میں برکت ہوتی ہے ،اسی طرح علم نورہےاور یہ اس کے پاس نہیں رہتاجو علم پر عمل نہیں کرتا۔

سوال: توکل یعنی اللہ پاک پر بھروسا کیسے پیداہو،توکل نہ ہونے کی وجہ سے کئی برائیاں سرزد ہوجاتی ہیں ؟

جواب: توکل کا معنیٰ ہے اسباب پربھروسا کرنے کے بجائے اللہ پاک پر بھروساکیا جائے ۔اللہ پاک پر توکل کرنا فرضِ عین ہے ،توکل کے بغیرتوچارہ ہی نہیں ہے۔اگریہ ذہن بن جائے گا کہ روزی دینا اللہ پاک نے اپنے ذمہ ٔ کر م پر لیا ہوا ہے، بندہ جتنا زندہ رہے گا اسے روزی ملے گی ،پرندوں پر غورکرےکہ پرندے صبح خالی پیٹ نکلتے ہیں اورواپس پیٹ بھرکر آتے ہیں ،یہ کل کے لیے کچھ نہیں بچاکررکھتے ،آجکل تو لوگ اپنا مال بڑھانے کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں مگرنیکیاں بڑھیں اس کے بارے میں نہیں سوچا جاتا،جبکہ نیکیاں بڑھنے سے جنت میں درجے بڑھتے ہیں ۔ مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’توکل ‘اورنجات دلانے والے اعمال “میں توکل کے باب کا مطالعہ کیجئے ۔

سوال: کون سی مخلوق کل یااس کے بعد کے لیے خوراک بچاکررکھتی ہے ؟

جواب :  صرف انسان ،چیونٹی اورچوہا ہی خوراک بچاکررکھتے ہیں۔

سوال : افضل ترین عبادت کونسی ہے ؟

جواب:علمِ دین میں غورکرنا افضل ترین عبادت ہے،اسی طرح آخرت کے بارے میں غوروفکر کرنا بھی اچھا ہے۔حدیث پاک میں ہے : گھڑی بھرغوروفکرکرنا60 سال کی عبادت سے بہترہے ۔ (جامع صغیرللسیوطی،ص365 )

سوال: جس نے مرتے وقت کلمہ پڑھا،اس کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: مرتے وقت کلمہ شریف پڑھنے کی توفیق مل جانا ، بہت بڑی سعادت ہے ،فرمانِ مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے : مَنْ كَانَ آخِرُ كَلَامِهِ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا اللَّهُ دَخَلَ الْجَنَّةَ یعنی جس کا آخری کلمہ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا اللَّهُ ہو،وہ جنت میں جائےگا۔ ( أبو داود،حدیث ، 3116 )

سوال: رمضان شریف آنے والاہے، اعتکا ف کی بھی بہاریں ہوں گی ،آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: ماہِ رمضان کا سنتاہوں کہ آنے والاہے تو دل جھوم جاتاہے ،رمضان اعتکا ف کا سُن کرتو مزے کو بھی مزہ آجاتاہے ۔

سوال: کیا رنگوں کے بھی اثرات ہوتے ہیں؟

جواب: سبزہ یاسبزرنگ(Green Color) دیکھنے سے نظرتیز ہوتی ہے، حضرتِ سَیِّدُناامام شافعی رحمۃ اللہ علیہ  فرماتے ہیں:4چیزیں آنکھوں کی (بینائی کی)تقویَّت کاباعِث ہیں (1)قبلہ رُخ بیٹھنا(2)سوتے وقت سُرمہ لگانا (3)سبزے کی طرف نظر کرنا اور(4)لباس کو پاک و صاف رکھنا۔ (احیاء العلوم،ج2، ص27)

کالے رنگ کے جوتے سے غم زیادہ ہوتے ہیں ،یہ کہنا کہ فلاں رنگ کے لباس پہننے سے مصیبتیں آتی ہیں یہ غلط ہے ۔اپنی اپنی پسند ہوتی ہے مجھے سفیدرنگ پسندہے،اس میں مزہ آتاہے کہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اکثرسفیدرنگ استعمال فرمایا ،دعوتِ اسلامی میں سفیدیا لائٹ کلرکالباس پہننے کی ترغیب ہے ۔

سوال: دِینی رسائل تقسیم کرنے کے کیافوائد ہیں ؟

جواب: دِینی رسالے تقسیم کرنے چاہئیں ،کئی ایسے ہوں گے کہ جو کوئی رسالہ پڑھ کر گناہوں سے تائب ہوئے ہوں گےاوردعوت اسلامی کے دینی ماحول میں آگئے ہوں گے ۔تمام کاروباری اوردیگرشعبوں والوں کو چاہئے کہ مکتبۃ المدینہ کے رسائل تقسیم کریں ،دعوتِ اسلامی کے شعبے تقسیمِ رسائل سے رابطہ کرکے صحابہ واولیا اوراپنے مرحومین کے ایصال ِثواب کے لیے رسائل تقسیم کریں ،رشتہ داروں کی برسی وغیرہ کے مواقع پر رسائل تقسیم کریں ،خوشی وغمی کے مواقع پرمکتبۃ المدینہ کے بستے(Stall) لگوائیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” فیضانِ امام جعفر صادِق “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ”فیضانِ امام جعفر صادِق “پڑھ یا سُن لے اُسے تمام صحابہ و اہلِ بیت کا سچا غلام بنااور اسے امام جعفر صادق کے پیارے پیارے نانا جان صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی قیامت میں شفاعت نصیب فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبییّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔