گزشتہ رات مدنی چینل پر رات 9 بجے سلسلہ دِلوں کی راحت لائیو نشرکیا گیا جس میں  بانی ِ دعوتِ اسلامی مولانا محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ،جانشینِ امیر اہلِ سنت مولانا عبید رضا عطاری مدنی مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی، نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی، رکنِ شوریٰ مولانا محمد عبدالحبیب عطاری اور یوکے سے ڈاکٹر زیرک عطاری نے شرکت کی۔

امیر اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے ایک سوال کیا گیا کہ کیا آپ کی کسی جن سے ملاقات ہوئی ہے؟ اس سوال کا جواب ارشاد فرماتے ہوئے امیر اہلِ سنّت نے اپنی زندگی کے کئی واقعات بیان کئے۔رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری نے پوچھا کہ بعض لوگ کہتے ہیں جنات کا نام نہیں لینا چاہیئے وہ آجاتے ہیں، اس کی کیا حقیقت ہے؟ امیر اہلِ سنت نے فرمایا کہ جنات سے ڈرنا نہیں چاہیئے، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ غوث پاک کا سایہ ہمارے سر پر موجود ہے۔ویسے بھی ہر شخص کے ساتھ ایک جن ہر وقت موجود ہوتا ہے۔

مولانامحمد عمران عطاری نے کہا کہ ہم اپنے آپ کو اچھے کاموں میں مصروف کرلیں تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ بہت سی ٹینشنوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ خبریں سن سن کر اپنے آپ کو پریشان کرنے کے بجائے اپنی دینی مصروفیات بنالیں، ممکن ہے کہ گھر کے بعض کام ایک عرصے سے آپ کی فراغت کے منتظر ہوں ان کاموں کو نمٹالیں۔

مولانا عبدالحبیب عطاری کا کہنا تھا کہ چھٹی کے ان ایام میں ہمیں دین کا علم سیکھنے اور قرآن کی تلاوت کرنے کا زیادہ موقع مل سکتا ہے۔ دعوتِ اسلامی آپ کو آن لائن کورسز کی آفر کر ہی چکی ہے۔ ان کورسز میں داخلہ لیں اور اپنی علمی گروتھ کریں۔ رکنِ شوریٰ نے مزید کہا کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم کرونا کی وبا سے بچ کر گھر میں بیٹھیں اور گناہوں کی وبا گھر میں پال لیں۔ 


دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام  17 مارچ 2020ء بمطابق 22 رجب المرجب 1441ھ کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں صحابیٔ رسول، راز دارِ نبی، کاتبِ وحی حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے عرس کے سلسلے میں بذریعہ مدنی چینل براہِ راست مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔عالمی مذہبی اسکالر علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی سیرت بیان کرتے ہوئے شانِ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ پر چھ فرامینِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّم بیان کئے۔

امیر اہلِ سنّت نے مزیدفرمایا کہ آپ رضی اللہ عنہ بارگاہِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّم سے دعا یافتہ مُبَلِّغْ ہیں۔امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نےحضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی اہل ِبیتِ کرام رضوان اللہ علیہم اَجْمعین سے محبت کو بھی بیان کیا۔

اس موقع پر امیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عالمی سطح پر کرونا وائرس کی وجہ سے پھیلنے والی پریشانیوں میں عاشقان رسول کو تسلی دیتے ہوئے بزنس مین اور تاجر حضرات کو غریبوں کی مدد کرنے کے حوالے سے نصیحت آموز مدنی پھول پیش کئے۔


دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 19 مارچ 2020ء کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9:00 بجے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں سنتوں بھرا اجتماع ہوگا جو بذریعہ مدنی چینل اور سوشل میڈیا دنیا بھر میں براہ راست نشر کیا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق اس اجتماع میں عالمی مذہبی اسکالر علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے ۔ 15مارچ 2020ء کی شب مدنی چینل پر ہونے والی دعائیہ تقریب میں امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اجتماع پاک کے حوالے سے اسلامی بھائیوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسلامی بھائی اجتماع پاک میں بذریعہ مدنی چینل اپنے گھروں پر شرکت کریں اور اجتماع کے دوران نماز عشاء اپنے اپنے علاقے کی قریبی مسجد میں باجماعت اداکریں ۔ امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ مزید کہا کہ بلاعذرِ شرعی جماعت سے نماز پڑھنا ہر مسلمان پر واجب ہے لہٰذا جیسے ہی اذانِ عشا ء ہو تو اجتماع چھوڑ کے نماز عشاء جماعت کےساتھ پڑھیں اور نماز سے فارغ ہونے کےبعد اس اجتماع پاک میں دوبارہ شریک ہوجائیں۔

تمام عاشقان رسول سے التجاہے کہ اپنے اپنے گھروں میں مدنی چینل کے ذریعے اس اجتماع پاک میں ضرور بالضرور شر کت کریں۔

صحابیٔ رسول ، کاتبِ وحی حضرت  سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے عرس کے سلسلے میں آج رات مدنی چینل پر براہِ راست محفلِ نعت اور مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں امیر اہلِ سنّت دامت برکاتہم العالیہ حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی سیرت پر بیان فرمائیں گے اور عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے ۔اس موقع پر نعت اور منقبت خوانی کا سلسلہ بھی ہوگا۔

واضح رہے یہ مدنی مذاکرہ مدنی چینل پر ہی ہوگا۔ عاشقانِ رسول سے التجا ہے کہ اسے اجتماعی صورت میں دیکھنے کی ترکیب نہ کی جائے ۔ اپنے اپنے گھروں میں مدنی چینل کے ذریعے اس مدنی مذاکرے میں شامل ہوجائیں۔

جانشین و صاحبزادہ ٔعطار حضرت مولانا عبید رضا عطاری مدنی مدّ ظلہ العالی نے حیدر آباد سندھ میں اسلم عمر عطاری کی والدہ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ جاکر تعزیت فرمائی اور مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت فرمائی۔ اس موقع پر رکن شوریٰ حاجی فاروق جیلانی عطاری بھی موجود تھے۔

مدنی چینل اپنے ناظرین کےلیے ایک دلچسپ پروگرام بنام ’’ دلوں کی راحت‘‘ شروع کررہا ہے۔  اس پروگرام میں امیر اہلِ سنّت، عالمی مذہبی اسکالرحضرت مولانا محمد الیاس قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ، جانشینِ امیر اہلِ سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری زیدمجدہ، نگرانِ شوریٰ مولانا عمران عطاری دام ظلہ، رکن،شوریٰ مولانا عبد الحبیب عطاری سلمہ ایک ساتھ جلوہ افروز ہوں گے۔یہ پروگرام براہِ راست آج رات پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے سے شروع ہوگا۔

کراچی:(16 مارچ،پیر)گزشتہ رات  عالمی مذہبی تحریک دعوتِ اسلامی کی جانب سے کورونا وائرس سے حفاظت اور اس کے خاتمے کے لئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تقریب کا آغاز تلاوتِ قراٰن مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا جس کے بعد دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے سنتوں بھرا بیان فرمایا۔

نگرانِ شوریٰ نے کہا کہ کرونا وائرس ایک آفت ہے،اس وائرس کے خاتمہ کے لئے حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں، لوگ اپنے گناہوں سے توبہ کریں۔ مشکل کی اس گھڑی میں تحفظ اور مضبوطی کے لیے خدا کی جانب رجوع کرنا چاہیئے۔ نگران شوریٰ نے اسٹوڈنٹس کومخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی اداروں سے ملنے والی چھٹیوں کو فضول ضائع کرنے کے بجائے دعوت اسلامی کے تحت ہونے والے آن لائن کورسز میں داخلہ لیں اور ان چھٹیوں کو زیادہ سے زیادہ علم دین سیکھنے میں صرف کریں۔

دعائیہ تقریب میں دعوتِ اسلامی کے امیر حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے خصوصی طور پر شرکت کی ، بانیِ دعوتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ اس موقع پر بعض افراد عجیب و غریب افواہیں بھی پھیلارہے ہیں جس سے لوگ پریشان ہورہے ہیں، اس سے بچنا چاہیئے، جھوٹی افواہ پھیلانا حرا م ہے۔

آپ نے مزید کہا کہ ہمیں ہمیشہ اللہ پر بھروسہ رکھنا چاہئے،اللہ شافی الامراض ہے،اسی سے مدد مانگیں، نمازوں کی پابندی کریں، اپنا رخ دعاؤں کی طرف موڑ دیں، ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔ آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے امت مسلمہ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات کرنے، فحاشی و بے حیائی اور دیگر گناہوں سے توبہ کرتے ہوئے بارگاہ رب العزت میں مضطرب ہوکر دعائیں کرنے کی ترغیب دلائی ۔

امیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کورونا وائرس کے خاتمے اور کور ونا وائرس کے شکار افراد کی صحت یابی کے لئے گڑگڑا کر دعا ئیں کیں۔ اس دعا میں مدنی چینل اور سوشل میڈیا کے ذریعے لاکھوں فرزندانِ اسلام بھی شریک ہوئے جبکہ بعض نجی ٹی وی چینلز نے بھی مدنی چینل پر ہونے والی اس دعا کو نشر کیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 11 مارچ کو عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دیا تھا، یہ وائرس اب تک 114 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اب تک کم و بیش ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 5 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں ۔


14 مارچ 2020ء کی شب دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں عالمی مذہبی اسکالر علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات حکمت بھرے جوابات دیئے۔ اس مدنی مذاکرے میں دنیابھر کے عاشقان رسول نے مدنی چینل اور سوشل میڈیا کے ذریعے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: قرآن ِ کریم کے بعد سند کے اعتبار سے کون سی کتاب افضل ہے؟

جواب: حدیثِ پاک کی کتاب "بخاری شریف" کا۔

سوال:ختمِ بخاری شریف کے کیا فوائد ہیں ؟

جواب:مشکلات کے حل کے لیے ختمِ بخاری مُجرَّب (تجربہ شدہ )ہے۔ختم ِبخاری شریف کےوسیلے سے بارش ہونے کے واقعات بھی ہیں ۔ختمِ بخاری شریف کے اجتماع میں کئی بزرگوں کو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا دیدارنصیب ہوا۔

سوال:کیا چھوٹی سے چھوٹی نیکی بھی نہیں چھوڑنی چاہئے؟

جواب:نہیں چھوڑنی چاہئے،بزرگ فرماتے ہیں ،’’ نیکی کو چھوٹا سمجھ کر نہ چھوڑیئے ،شاید یہی مغفرت کا سبب ہوجائے۔‘‘

سوال:کرونا وائرس( Coronavirus)سے بچانے کے لیے زیادہ حفاظتی اِقدامات کس کے لیے کئے جائیں؟

جواب:جس میں قوتِ مدافعت(یعنی جس میں بیماری کا مقابلہ کرنے کی طاقت) کم ہو،جیسے بوڑھے اور5سال سےکم عمرکے بچے،انہیں کرونا وائرس سے بچانے کی زیادہ ضرورت ہے، جوانوں کوبھی بچنا ہے۔

سوال:آفتوں بالخصوص کرونا وائرس( Coronavirus)سےبچنے کے لیے کوئی وظیفہ ارشادفرمادیں ۔

جواب:نمازِعصرکا وقت شروع ہونے سے مغرب تک7 مرتبہ یَا وَکِیْلُ کا وِرد کریں ۔اسی طرح ہر درد کی دعا ہے صَلِّ عَلٰی مُحَمَّد ، درود ِپاک بھی بڑا وظیفہ ہے۔

سوال:خوف اورڈرکے تعلق سےہمیں کیا کرنا چاہئے ؟

جواب:جس سے بھی ڈریں یا کوئی بھی خوف یاڈرہو وہ ’’خوفِ خدا‘‘ کے سائے میں ہوناچاہئے ۔مثلاً ماں باپ سے ڈریں تو اس لیے کہ اگران کی نافرمانی ہوگئی تو اللہ پاک ناراض ہوجائے گا کیونکہ اس نے والدین کی اطاعت کا حکم دیا ہے وغیرہ۔

سوال: کیا ہمیں ہر اس کام سے بچنا چاہئے جس سے عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی پر حرف آئے اورہم بھی آزمائش میں آجائیں جیسے قرض لے کرحج یا عمرہ کے لیے جانااورقرض کی ادائیگی نہ کرنا وغیرہ ۔

جواب:جی ہاں ! ہم دعوتِ اسلامی والوں کو قرض لینے سے منع کرتے ہیں کیونکہ قرض کی ادائیگی عموماً وقت پر نہیں ہوپاتی جس کی وجہ سے آزمائش ہوتی ہے۔

سوال:جب ہمارے موبائل پر کوئی خبر آئے تو ہمیں اس پر غورکرکے آگے بھیجنا (Forwardکرنا)چاہئے یا اس پر غورکرنا چاہئے کہ آگے بھیجیں یا نہیں ؟

جواب: پہلے غور کریں کہ یہ خبر/پوسٹ سچی بھی ہے یا نہیں؟ نیز آگے بڑھانے میں ثواب ہے یا نہیں ؟اگرسچاہونے کا یقین اورثواب کی امیدہو تو آگے بڑھائی جائے۔

سوال:کیا بچوں کو شرارتیں کرنی چاہئیں یا نہیں ؟

جواب:بچوں کوشرارتیں نہیں کرنی چاہئیں ،جوبچہ شرارتیں کرتاہے لوگوں کی نظر سے بھی گِر جاتا ہے اور جو بڑا بھی شرارت کرتا ہے تو اس کی ہیبت اور وقار ختم ہوجاتا ہے۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’جنّت کا انوکھا درخت‘‘ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جو کوئی رسالہ ’’جنّت کا انوکھا دَرَخْت ‘‘ کے 12 صفحات پڑھ یا سُن لے اُس کو نفل روزوں کا جذبہ دے اور جنت کے انوکھے درخت کے پھل جنت میں کھانا نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

رجب میں یہ دُعا پڑھنا سُنّت ہے:اَللّٰہُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ رَجَبٍ وَّشَعْبَانَ وَبَلِّغْنَارَمَضَان:اے اللہ!تُو ہمارے لیے رجب اور شعبان میں برکتیں عطا فرمااورہمیں رمضان تک پہنچا۔(المعجم الاوسط للطبرانی ج3ص85حدیث:3939)


حیدر آباد میں قائم مدنی مرکز  فیضانِ مدینہ میں سکیورٹی کی خدمات انجام دینے والے محمد شوکت عطاری جن کا دورانِ ڈیوٹی اٹیک ہونے کے سبب انتقال ہوگیا تھا ان کے اہل خانہ سے تعزیت کےلیے صاحبزاۂ عطار مولانا عبید رضا عطاری سلمہ الباری مرحوم کی رہائش گاہ تشریف لے گئے۔ صاحبزاۂ عطار نے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین فرمائی اور مرحوم کےلیے خصوصی دعا بھی فرمائی۔

آج رات ہونے والا مدنی مذاکرہ اور کل ہونے والا دعا اجتماع عوامی صورت میں نہیں ہوگا۔ مدنی چینل پر براہِ راست دیکھا جا سکے گا ۔تمام عاشقانِ رسول ﷺ سے التجاء ہے کہ مدنی چینل پر براہ راست شرکت فرمائیں۔

امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ ہر ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں کسی ایک مدنی رسالے کے مطالعے کی ترغیب ارشاد فرماتے ہیں، مطالعہ کرنے والے خوش نصیب اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کی کارکردگی بھی امیرِ اہلِ سنت کی خدمت میں پیش بھی کی جاتی ہے نیز امیرِ اہلِ سنت مطالعہ کرنے اور سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازتے ہیں۔ اس مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے رسالہ” جنّت کا انوکھا دَرَخْت “ کے مطالعے کی ترغیب ارشاد فرمائی ہے۔ تمام عاشقانِ رسول اس رسالے کا مطالعہ کر کے امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی دعاؤں سے حصہ پائیں۔ رسالہ مکتبۃالمدینہ کی کسی بھی شاخ سے 13 روپے میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔

دعائے عطار

یا اللہ پاک ! جو کوئی رسالہ ’’جنّت کا انوکھا دَرَخْت ‘‘ کے 12 صفحات پڑھ یا سُن لے اُس کو نفل روزوں کا جذبہ دے اور جنت کے انوکھے درخت کے پھل جنت میں کھانا نصیب فرما۔اٰمین

رسالہ” جنّت کا انوکھا دَرَخْت “ آن لائن پڑھنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے کلک کیجئے۔


ہر ہفتے کی طرح آج بھی دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرہ ہوگا، جو مدنی چینل پر براہِ راست دکھایا جائے گا،اس مدنی مذاکرے میں عالمی مذہبی اسکالر مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔آج کے مدنی مذاکرے میں ’’ختم بخاری‘‘ کا عظیم سلسلہ بھی ہوگا۔

تمام عاشقانِ رسول سے التجا کی جاتی ہے کہ مدنی مذاکرے میں اول تا آخر شرکت فرمائیں۔

مدنی مذاکرہ ہے شریعت کا خزینہ

اخلاق کا، تہذیب کا، طریقت کا خزینہ