دعوت اسلامی کے تحت داتا گنج بخش ٹاؤن لاہور کی جامع مسجد جنازہ گاہ مزنگ میں عید ملن اجتماع ہوا جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول اور ذمہ دارانِ دعوت اسلامی نے شرکت کی۔

رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے ”بُری صحبت کے نقصانات“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو مئی 2023ء ماہ مدنی قافلے کے طور پر منانے کا ذہن دیا۔آخر میں شرکا نے رکن شوریٰ سے ملاقات بھی کی۔


دعوت اسلامی کے مدنی مرکز فیضان مدینہ جوہرٹاؤن لاہور میں مدنی مشورہ ہوا جس میں مدرسۃ المدینہ بوائز لاہور ڈویژن کے ناظمین نے شرکت کی۔

رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے کردار کو مزید بہتر کرنے اور دعوت اسلامی کے دینی کاموں کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس کے علاوہ رکن شوریٰ نے مئی 2023ء کو ماہ مدنی قافلہ کے طور پر منانے کے حوالے سے اہداف دیئے۔ آخر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ناظمین کو تحائف بھی دیئے گئے۔


پچھلے دنوں دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی حلقے کا سلسلہ ہوا جس میں ہاؤس کیپنگ (Housekeeping) اسٹاف نے شرکت کی۔

رکنِ شوریٰ حاجی محمد امین عطاری نے بیان کرتے ہوئے شرکا کی تربیت کی اور مدنی پھول بیان فرمایا۔


شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ وقتاً فوقتاً عاشقانِ رسول کو نماز پڑھنے کی ترغیب دلاتے رہتے ہیں۔ نمازوں کی مزید ترغیب دلانے کے لئے امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے رسالہ ”پانچوں نمازوں کے فضائل“ پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/ سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

دعائے عطار

یارب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”پانچوں نمازوں کے فضائل“ پڑھ یا سن لے اُسے مسجد کی پہلی صف میں پانچوں نمازیں با جماعت ادا کرنے کی توفیق عطا فرما اور اس کی بے حساب مغفرت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتمِ النّبیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں

Audio Book


دعوت اسلامی نے عاشقان رسول کو مطالعے  کا شوق دلانے اور کتابوں سے رشتہ جوڑنے کے لئے مختلف شعبہ جات قائم کر رکھے ہیں۔ ان ہی میں سے ایک شعبہ ”مکتبۃ المدینہ“ بھی ہے جس کی ملک و بیرون ملک 46 برانچز قائم ہیں جہاں سے مطالعہ کے شوقین افراد کتابیں خرید کر اس کا مطالعہ کرتے ہیں۔

5 مئی 2023ء بروز جمعۃ المبارک جامع مسجد اقصیٰ صدر ریگل چوک ، اکبر روڈ کراچی میں اطراف کے رہائشیوں اور وہاں مختلف آفسز، کمپنیز اور دکانوں پر کام کرنے والے افراد کی آسانی کے لئے نئی برانچ کا افتتاح کردیا گیا۔نئی برانچ کا افتتاح دار الافتاء اہلسنت کے مفتی محمد شفیق عطاری مدنی صاحب نے کیا اور دعاکروائی۔


پیارے اسلامی بھائیو! آج اس پُر فتن دور میں ہر جگہ گناہوں کا بازار گرم ہی دکھائی دیتا ہے۔ وہ گناہ جس کی وعید اور مذمت پر قراٰنِ پاک کی بہت ساری آیات اور احادیثِ کریمہ وارد ہیں۔ ان گناہوں میں سے ایک گناہ خیانت بھی ہے۔ خیانت کی تعریف اس کا حکم اور اس کی مذمت پر چند احادیث آپ بھی پڑھئے:

خیانت کی تعریف: اجازتِ شرعیہ کے بغیر کسی کی امانت میں تصرف کرنا خیانت کہلاتا ہے۔ (عمدۃ القاری ، 1 / 347)

خیانت کا حکم: ہر مسلمان پر امانت داری واجب اور خیانت کرنا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔(الحدیقۃ الندیۃ،1/652)

(1) رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: منافق کی تین نشانیاں ہیں جب بات کرے تو جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے(اور) جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو خیانت کرے۔(بخارى ، 1 /24، حدیث: 33 )

(2) حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے جہنمیوں میں ایسے شخص کو بھی شمار فرمایا جس کی خواہش اور طمع اگرچہ کم ہی ہو مگر وہ اسے خیانت کا مرتکب کر دے۔ (مسلم، ص1184 ، حدیث:2865)

(3) حضرت انس رضی اللہُ عنہ سے روایت ہےکہ سرکارِ عالی وقار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جو امانتدار نہیں اس کا کوئی ایمان نہیں اور جس میں عہد کی پابندی نہیں اس کا کوئی دین نہیں۔(مسند امام احمد ، 4 / 271، حدیث: 12386)

(4) حضرت ابو اُمامہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : مومن ہر عادت اپنا سکتا ہے مگر جھوٹا اور خیانت کرنے والا نہیں ہو سکتا ۔ (مسند امام احمد، 8 / 276، حدیث: 22232)

(5)حضرت فُضالہ بن عبید رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا :تین شخص ایسے ہیں جن سے سوال نہیں ہوگا (اور انہیں حساب کتاب کے بغیر ہی جہنم میں داخل کر دیا جائے گا، ان میں سے ایک) وہ عورت جس کا شوہر اس کے پاس موجود نہ تھا اور اس (کے شوہر) نے اس کی دنیوی ضروریات (جیسے نان نفقہ وغیرہ) پوری کیں پھر بھی عورت نے اس کے بعد اُس سے خیانت کی۔ (الترغیب والترہیب، 3 / 18، حدیث: 4)

پیارے اسلامی بھائیو! دیکھا آپ نے کہ احادیث میں خیانت کی کیسی کیسی مذمتیں وارد ہوئی ہیں، لہٰذا ہمیں چاہئے کہ خیانت کی راہ کو چھوڑ کر امانت کی راہ اختیار کریں۔ اللہ پاک ہمیں خیانت کرنے اور دھوکا دینے سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ا ٰمِیْن بِجَاہِ خاتَمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


اللہ پاک نے لوگوں کی ہدایت و راہنمائی کے لئے اور گمراہی کے اندھیرے سے ہدایت کے نور کی طرف لانے اور ایمان لانے پر جنت کی بشارت اور کفر کرنے پر جہنم کی وعید سنانے کے لئے اپنے مقرب بندوں کو نبوت و رسالت کا عظیم منصب عطا فرما کر لوگوں کی طرف بھیجا ۔ ان میں سب سے پہلے حضرت نوح علیہ السّلام کو رسول بنا کر بھیجا۔(مسلم، ص103، حدیث:475)آپ علیہ السّلام نے کئی سالوں تک اپنی قوم کو راہِ ہدایت پر لانے کی کوشش کی مگر چند گِنے چُنے لوگ ہی راہِ راست پر آئے۔آپ علیہ السّلام کو اللہ پاک نے عظیم اوصاف سے نوازا تھا جن میں سے چند آیاتِ قراٰنیہ کی روشنی میں یہاں ذکر کئے جاتے ہیں:

(1) شکر گزار: حضرت نوح علیہ السّلام اللہ پاک کا بہت شکر ادا کیا کرتے تھے ۔اللہ پاک نے قراٰن پاک میں ان کے اس وصف کو یوں بیان فرمایا: ﴿ اِنَّهٗ كَانَ عَبْدًا شَكُوْرًا(۳) ترجَمۂ کنزُالایمان: بے شک وہ بڑا شکر گزار بندہ تھا۔(پ15، بنیٓ اسرآءِیل: 3) حضرت نوح علیہ السّلام کو بطورِ خاص شکر گزار بندہ فرمانے کی وجہ یہ ہے کہ آپ علیہ السّلام جب کوئی چیز کھاتے ،پیتے یا لباس پہنتے تو اللہ پاک کی حمد کرتے اور ا س کا شکر بجا لاتے تھے۔(خازن، بنیٓ اسرآءِیل ، تحت الآیۃ: 3،3 / 117 )

(2) امانتدار: آپ علیہ السّلام امانتوں کے محافظ تھے، چنانچہ آپ علیہ السّلام نے اپنی قوم سے فرمایا: ﴿ اِنِّیْ لَكُمْ رَسُوْلٌ اَمِیْنٌۙ(۱۰۷)ترجمۂ کنزُالعِرفان: بیشک میں تمہارے لیے ایک امانتدار رسول ہوں۔(پ19، الشعرآء: 107) حضرت نوح علیہ السّلام کی امانت داری آپ کی قوم کو اسی طرح تسلیم تھی جیسا کہ سرکارِ دو عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی امانت داری پر عرب کو اتفاق تھا۔ ( مدارک، الشعرآء، تحت الآیۃ: 107، 2/572)

(3) کامل الایمان:آپ علیہ السّلام اللہ پاک کے اعلیٰ درجہ کے کامل ایمان والے بندوں میں سے تھے۔ چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:﴿ اِنَّهٗ مِنْ عِبَادِنَا الْمُؤْمِنِیْنَ(۸۱) ترجَمۂ کنزُالایمان: بےشک وہ ہمارے اعلیٰ درجہ کے کاملُ الایمان بندوں میں ہے۔(پ23، الصّٰٓفّٰت:81)

(4) مبلغ: آپ علیہ السّلام کا وصفِ تبلیغ قراٰنِ کریم میں یوں بیان ہوا: ﴿ اِنَّاۤ اَرْسَلْنَا نُوْحًا اِلٰى قَوْمِهٖۤ اَنْ اَنْذِرْ قَوْمَكَ مِنْ قَبْلِ اَنْ یَّاْتِیَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ(۱) ترجمۂ کنزالایمان: بے شک ہم نے نوح کو اس کی قوم کی طرف بھیجا کہ ان کو ڈرا اس سے پہلے کہ ان پر دردناک عذاب آئے۔ (پ29،نوح:1) آپ علیہ السّلام سب سے پہلے رسول ہیں جنہوں نے کفار کو تبلیغ کی۔ (روح البیان، نوح، تحت الآیۃ: 10،1/ 171)

(5)ذکر جمیل:آپ علیہ السّلام کا ایک وصف یہ بھی ہے کہ اللہ پاک نے آپ کے بعد والوں (انبیا و رُسل و اُمم) میں آپ علیہ السّلام کا ذکرِ جمیل باقی رکھا۔ اللہ پاک فرماتا ہے: ﴿وَ تَرَكْنَا عَلَیْهِ فِی الْاٰخِرِیْنَ٘ۖ(۷۸)ترجمۂ کنز الایمان: اور ہم نے پچھلوں میں اس کی تعریف باقی رکھی۔ (پ23،الصّٰفّٰت:78)

پیارے اسلامی بھائیو! آپ نے پڑھا کہ حضرت نوح علیہ السّلام اللہ پاک کے بہت زیادہ شکر گزار،امانتدار ، اعلیٰ درجے کےکامل ایمان والے اور سب سے پہلے کفار کو تبلیغ فرمانے والے تھے ۔

اللہ پاک ہمیں بھی یہ اوصاف نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


8 مئی 2023ء بروز پیر فیضانِ مدینہ انصاری چوک ملتان میں مدنی مشورے کا انعقاد ہوا جس میں نگران مجلس، اراکین مجلس، صوبائی ذمہ داران نے  شرکت کی۔

مدنی مشورے میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد فضیل عطاری نے شعبے کو اپ ڈیٹ رکھنے، دعوت اسلامی سے اپ ڈیٹ رہنے کا ذہن دیا نیز عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 15 مئی 2023ء کو شروع ہونے والے مدنی تربیتی کورس کرنے کی ترغیب دلائی جس پر اسلامی بھائیوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔(رپورٹ: محمداحمدسیالوی عطاری رکن مجلس مدنی کورسز،کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


دنیا بھر میں  دینی کام کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت 03 مئی 2023ء کو پاکستان رکن مجلس اسپیشل ایجوکیشن احمد اویس عطاری نےنابینا افراد صوبائی ذمہ دار قاری محمد خالد عطاری(پنجاب) کے ہمراہ ساہیوال میں ڈی او آفس کا وزٹ کیا۔

جہاں ذمہ داران کی ڈی او سے ملاقات ہوئی جس میں ان سے اسپیشل پرسنز کی بہتری اور تعلیم و تربیت کے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا، بعدازاں ان کو ساہیوال میں ہونے والے شعبہ تعلیم کے میٹ اپ میں شرکت اور کراچی فیضانِ مدینہ وزٹ کرنے کی دعوت دی، اس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔(رپورٹ: محمد زبیر عطاری ڈویژن ذمہ دار(ساہیوال)،کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


4مئی2023ءبروز جمعرات عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ  کراچی میں موجود فیضان آن لائن اکیڈمی کی برانچ میں مدنی مشورہ ہوا جس میں اجتماعی قربانی اور آن لائن اجتماعی قربانی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

نگرانِ مجلس فیضان آن لائن اکیڈمی گرلز سید غلام الیاس عطاری،نگران مجلس اجارہ سید اسد عطاری، اورسیز فنانس ڈیپارٹمنٹ ذمہ دار محمد شکیل عطاری نے مدنی مشورہ لیا جس میں فیضان آن لائن کے ذمہ داران کے ساتھ اجتماعی قربانی کی پلاننگ کی اور اسکا لائحہ عمل تیار کیا۔(رپورٹ:محمد وقار یعقوب مدنی برانچ ناظم فیضان آن لائن اکیڈمی ،کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


مسلمانوں کے عقائد و نظریات کی  حفاظت کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کی جانب سے4 مئی 2023ء بروز جمعرات فیضانِ مدینہ شیخوپورہ موڑ بس اسٹاپ گوجرانوالہ میں مدنی مشورہ منعقد ہواجس میں صوبائی ذمہ دار حاجی رضا عطاری اور ڈویژن ذمہ دار عثمان عطاری نے رمضان ڈونیشن کارکردگی کا جائزہ لیا۔

بعدازاں صوبائی ذمہ دار نے شعبے کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے نکات فراہم کئے نیز سابقہ 3 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا پھر اچھی کارکردگی پر تحائف بھی پیش کئے۔ علاوہ ازیں اسلامی بھائیوں کو مدنی قافلے میں سفر کرنے اور دیگر کو ترغیب دلاکرسفر کروانے کے بارے میں حاجی رضا عطاری نے تربیت کی جبکہ عشر کے حوالے سے ملاقاتوں کا ذہن بھی دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔حاضرین میں ڈویژن ذمہ دار، ڈسٹرکٹ ذمہ داران اور سٹی ذمہ داران نے شرکت کی۔(رپورٹ: محمد آفتاب عطاری شعبہ تحفظ اوراق مقدسہ گوجرانوالہ، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)

دعوتِ اسلامی کے شعبہ اصلاح اعمال کے تحت جامع مسجد اکبر مغلپورہ لاہور میں عظیم الشان یوم ِقفل مدینہ اجتماع  کا انعقادہواجس میں مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے عاشقانِ رسول کو زبان کی حفاظت کرنے پر مدنی پھول دیئے اور امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ کا لکھا ہوا بہت ہی پیارا رسالہ’’ خاموش شہزادہ‘‘ پڑھنے کی ترغیب دلائی۔(رپورٹ: غلام شبیر عطاری شعبہ اصلاح اعمال لاہور ڈویژن،کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)