اسلام ایک ایسا دین ہے جو ہر معاملے میں عدل، اخوت اور حقوق کی ادائیگی کی تعلیم دیتا ہے۔ جہاں فرد کے ذاتی حقوق بیان کیے گئے ہیں، وہیں اجتماعی زندگی کے اصول اور مجالس (اجتماعات) کے آداب بھی بڑی وضاحت سے بیان فرمائے گئے ہیں۔ ایک اسلامی مجلس کا مقصد صرف وقت گزاری نہیں بلکہ خیر خواہی، تعلیم، تربیت اور دین کی خدمت ہوتا ہے۔

اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا قِیْلَ لَكُمْ تَفَسَّحُوْا فِی الْمَجٰلِسِ فَافْسَحُوْا یَفْسَحِ اللّٰهُ لَكُمْ ترجمۂ کنز الایمان: اے ایمان والو جب تم سے کہا جائے مجلسوں میں جگہ دو تو جگہ دو اللہ تمہیں جگہ دے گا۔(سورۃ المجادلہ: 11)

رسولُ اللہ ﷺ نے فرمایا: "مجلس میں بیٹھنے والا شخص اپنے بھائی کو تنگ نہ کرے، بلکہ کشادگی پیدا کرے۔" (مشکوٰۃ المصابیح)

اس حدیث سے واضح ہے کہ مجلس کا حق ہے کہ وہاں بیٹھنے والے دوسروں کا خیال رکھیں، ایذا نہ دیں اور حسنِ اخلاق کا مظاہرہ کریں۔

مجلس کے اہم حقوق:

1. اخلاص : مجلس اللہ کی رضا کے لیے ہو۔

2. احترام ؛ ایک دوسرے کی عزت کا خیال رکھا جائے۔

3. خاموشی اور توجہ: غیر ضروری گفتگو اور شور شرابے سے بچا جائے۔

4. خیر خواہی : مجلس میں صرف نفع بخش بات کی جائے۔

5. امانت داری : مجلس کی باتیں اجازت کے بغیر باہر نہ بیان کی جائیں۔

6. وقت کی پابندی : مجلس میں وقت پر آنا اور وقت ضائع نہ کرنا۔

مجلس محض بیٹھک یا گفت و شنید کا نام نہیں بلکہ یہ ایک امانت ہے جس کے آداب اور حقوق ہیں۔ اگر ہر مسلمان ان حقوق کو اپنالے تو مجالس اصلاحِ معاشرہ کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔