اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو زندگی کے ہر پہلو میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انسان چونکہ سماجی مخلوق ہے، اس لیے مختلف مواقع پر لوگوں کے ساتھ مجالس میں بیٹھنا، بات چیت کرنا، سیکھنا اور سکھانا اس کی فطرت کا حصہ ہے۔ ایسی محفلوں میں حسنِ اخلاق، ادب، اور ذمہ داری کے ساتھ شریک ہونا دینِ اسلام کی تعلیمات کا اہم جزو ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شریعت نے "مجلس کے حقوق" مقرر فرمائے ہیں تاکہ معاشرہ باہمی محبت، عزت اور نظم و ضبط سے بھرپور ہو۔آئیے چند مجلس کے حقوق پڑھتے ہیں :

(1)سلام کرنا:مجلس میں داخل ہوتے وقت سلام کرنا سنت ہے۔ جیسا کہ کے نبی کریم ﷺ نے فرمایا :

حضرت سَیِّدُنا ابوہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سےمروی ہےکہ نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:”جب تم میں سے کوئی کسی مجلس میں پہنچے توسلام کرے پھر جب وہاں سے اٹھے تب بھی سلام کرے، کیونکہ پہلی مرتبہ کا سلام دوسری مرتبہ کے سلام سے زیادہ بہتر نہیں۔“ (کتاب:فیضان ریاض الصالحین جلد:6 , حدیث نمبر:869)

(2) جگہ بنانا اور خوش اخلاقی:اگر مجلس میں تنگی ہو تو دوسروں کے لیے جگہ بنانا ایک اخلاقی ذمہ داری ہے۔ قرآن میں ہے: ترجمۂ کنز الایمان:اے ایمان والو جب تم سے کہا جائے مجلسوں میں جگہ دو تو جگہ دو اللہ تمہیں جگہ دے گا اور جب کہا جائے اٹھ کھڑے ہو تو اُٹھ کھڑے ہو اللہ تمہارے ایمان والوں کے اور ان کے جن کو علم دیا گیا درجے بلند فرمائے گا اور اللہ کو تمہارے کاموں کی خبر ہے۔(سورۃ المجادلہ آیت نمبر11 پارہ 28)

(3)مجلس میں ہوئی گفتگو کو بطور امانت راز رکھنا:روایت ہے حضرت جابر سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے کہ مجلسیں امانت والی ہوتی ہیں ۔(کتاب:مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:6 ،حدیث نمبر:5063)

(4)سب کی عزت اور برابری:مجلس میں موجود تمام افراد کو عزت دینا، ان کی بات کو توجہ سے سننا، اور کسی کی تضحیک یا تحقیر نہ کرنا مجلس کا اہم ادب ہے۔

(5) کسی کو شرمندہ نہ کرنا:اگر کسی سے غلطی ہو جائے تو اس پر مجلس میں تنقید نہ کی جائے، بلکہ انفرادی طور پر نرمی سے سمجھایا جائے۔

(6) علمی مجلس کی توقیر:اگر مجلس علمی ہو تو مکمل خاموشی، ادب، اور توجہ کے ساتھ شریک ہونا چاہیے۔ سوالات مہذب انداز میں کیے جائیں۔

(7) وقت کی پابندی اور نظم و ضبط:مجلس میں بروقت آنا، غیر ضروری مداخلت سے گریز کرنا، اور بات چیت میں توازن رکھنا اہم آداب میں شامل ہے۔

(8) مجلس کا ماحول خوشگوار بنانا:لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ لانا، مناسب انداز میں بات کرنا، اور مجلس کو علمی، مفید اور بامقصد بنانا مجلس کی شان ہے۔

اسلام نے نہ صرف عبادات بلکہ معاشرتی معاملات میں بھی بہترین راہنمائی فراہم کی ہے۔ مجلس کے آداب پر عمل کر کے ہم اپنی مجالس کو محبت، علم، اور سکون کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ ایک مہذب اور مؤدب مجلس نہ صرف دینی تعلیمات کی عکاس ہوتی ہے بلکہ ایک مثالی اسلامی معاشرے کی بنیاد بھی بنتی ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں مجالس کے آداب کو سمجھنے، ان پر عمل کرنے، اور دوسروں تک ان کی ترغیب پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین