پاکستان مشاورت آفس (دعوتِ
اسلامی) کے ذمہ داران سمیت
اراکینِ مجلس کا مدنی مشورہ
دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کے حوالے سے ذمہ
داران کی دینی، اخلاقی اور تنظیمی اعتبار سے تربیت کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً
اراکینِ شوریٰ مختلف ڈیپارٹمنٹس کے اسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ کرتے رہتے ہیں۔
اسی سلسلے میں7 جون 2022ء بروز منگل دعوتِ
اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں مدنی مشورے کا انعقاد ہوا جس میں
پاکستان مشاورت آفس (دعوتِ اسلامی) کے ذمہ داران سمیت اراکینِ مجلس کے اسلامی بھائیوں نے
شرکت کی۔
اس مدنی مشورے میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و
نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے
مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں مدنی مشوروں کے لئے آنے والے اسلامی بھائیوں
کی خیرخواہی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کے متعلق چند اہم نکات پر مشاورت کی۔
مزید نگرانِ پاکستان مشاورت نے مدنی مشورے میں
شریک ذمہ داران کو مدنی پھولوں سے نوازا اور خیر خواہی انتظامات کو احسن انداز میں
کرنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار،
کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
اہلِ
اسلام کا یہ عقیدہ ہے کہ جنّت کا خالق ومالکِ حقیقی اللہ عزوجل ہے،
لیکن اُس نے اپنے محبوبِ اعظم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کی ملکیت میں جنّت کو دے دیا ہے، لہذا خُدا کے دیئے سے سرکارِ اقدس صلی
اللہ علیہ و الہ وسلم مالکِ جنّت ہیں۔ یہ عین
اسلامی عقیدہ ہے،معاذاللہ! شرک یا اِیمان
کے منافی نہیں ہے اور نہ ہی اِس بات سے ربّ تعالیٰ کی ملکیتِ حقیقی میں کوئی نَقص
اورکمی واقع ہوتی ہے،بلکہ اِس عقیدے میں
تو اللہ جَلَّ شَانُہ کی
شان کااظہار ہےکہ وہ ایسا مالکِ مطلق و حقیقی ہے کہ اپنے محبوبوں کو بھی اپنی
بنائی ہوئی چیزوں کا مالک بنادیتاہے۔
چنانچہ
ارشادِ باری تعالیٰ ہے : قُلِ اللّٰهُمَّ مٰلِكَ
الْمُلْكِ تُؤْتِي الْمُلْكَ مَنْ تَشَاءُ وَتَنْزِعُ الْمُلْكَ مِمَّنْ تَشَاءُ۔([1])
ترجمۂ
کنزالایمان:یوں
عرض کر اے اللہ ! ملک کے مالک! تو جسے چاہے سلطنت دے اور جس سے
چاہے سلطنت چھین لے۔
مفسِّرِ شہیر، حکیم الاُمت مفتی احمد یار خان
نعیمی رحمۃ
اللہ تعالیٰ علیہ
اِس آیتِ مبارَکہ کے تحت فرماتے ہیں:’’اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو مُلک عطا فرمانے
سے بھی وہ ربّ مالک رہتا ہے۔ اس کی مِلکیت
میں کوئی فرق نہیں آتا جیسے مولیٰ اپنے
غلام کو کچھ دے تو مولیٰ مالک رہتا ہے۔ جیساکہ تَنْزِعُ
الْمُلْكَ مِمَّنْ تَشَاءُ سے معلوم ہوا۔ لہذا بندوں کی عارضی مِلک سے ربّ
تعالیٰ کی حقیقی مِلکیت پر کوئی أثر نہیں پڑتا۔‘‘([2])
جو
لوگ اِس بات کا انکار کرتے ہیں ان سے امامِ اہل سنت،اعلیٰ حضرت رحمۃ
اللہ علیہ یوں فرماتے ہیں: ؎
اُن کو تَمْلِیکِ مَلِیْکُ الْمُلْک
سے مالکِ عالَم کہا پھر
تجھ کوکیا([3])
یعنی، مُلک کے مالکِ حقیقی اللہ ربُّ العزت کے جانِ کائنات صلی
اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو مالک
بنادینے کی وجہ سے ہی میں نے آپ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو مالکِ عالَم( جہان کا مالک) کہا
ہے۔ لہذا اے انکار کرنے والے! تجھے کیا
مسئلہ ہے ؟ اِس اسلامی عقیدے کے مقابل تیرے اعتراض کی کیا حیثیت ہے!
جنّت سرکارﷺ کی
جاگیر:
پروردگار عزوجل کے
فضل و کرم سے جنّت حضورِاَنورصلی اللہ علیہ و الہ وسلم کی ملکیت اورجاگیرہے۔اس بات کاثبوت ہمیں کئی آیات اور اَحادیث سے ملتاہے۔ چنانچہ سورۂ مریم میں ربّ تعالیٰ ارشاد فرماتاہے:
تِلْكَ
الْجَــــنَّةُ الَّتِيْ نُوْرِثُ مِنْ عِبَادِنَا مَنْ كَانَ تَقِيًّا ۔([4])
ترجمۂ
کنزالایمان:یہ
وہ باغ ہے جس کا وارث ہم اپنے بندوں میں سے اُسے کریں گے جو پرہیزگار ہے۔
اس
آیتِ مبارَکہ کے تحت ’’اخبارالاَخیار‘‘ میں ہے:"یعنی ہم اس جنّت
کاوارث محمدصلی
اللہ علیہ واٰلہ وسلم کوبناتے ہیں پس ان کی مرضی جسے چاہیں عطافرمائیں
اورجس کوچاہیں منع کریں، دنیا وآخرت میں وہی سلطان ہیں، اِنہیں کے لیے دنیاہے اور
اِنہیں کے لیے جنّت۔‘‘ ([5])
جنّت عطا فرماتے
یہ ہیں:
مفخرِ
موجودات، جانِ کائنات صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم خالق و مالکِ جنّت ربّ عزوجل کی عطا سے
ایسے مالکِ جنّت ہیں کہ اپنے غلاموں کو
بھی جنّت عطا فرماتے ہیں۔چنانچہ صحیح مسلم میں ہے
کہ جنّتی صحابی حضرت سیِّدُنا ربیعہ بن کعب اَسلمی رضی اللہ عنہ
رسولِ اَنورصلی
اللہ علیہ و الہ وسلم کیلئے رات کو وُضو کاپانی اور دیگر اشیائے ضرورت
حاضرِ بارگاہ کیا کرتے تھے۔ ایک مرتبہ اپنے اس غلام سےشفیعِ اُمّت،نبی رحمت،مالکِ
جنّت صلی
اللہ علیہ و الہ وسلم نےارشاد
فرمایا:’’سَلْ‘‘مانگو
، تو حضرت سیِّدُنا ربیعہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کی:’’أَسْألُكَ مُرَافَقَتَكَ فِي الْجَنَّةِ‘‘
میں آپ سے جنّت میں آپ کاساتھ مانگتاہوں۔آپ صلی اللہ
تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے ارشادفرمایا:’’أَوَغَيْرَ ذَلِكَ؟‘‘اس کے سِوا کچھ اوربھی۔ ([6])
محقّقِ اہل سنت شیخ علی بن سلطان المعروف ملّا
علی قاری رحمۃ
اللہ تعالیٰ علیہ
’’مِرقاۃالمفاتیح‘‘میں اس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں:
’’وَيُؤْخَذُ مِنْ
إِطْلَاقِهِ عَلَيْهِ السَّلَامُ الْأَمْرَ بِالسُّؤَالِ أَنَّ اللّٰهَ تَعَالی
مَكَّنَهُ مِنْ إِعْطَاءِ كُلِّ مَا أَرَادَ مِنْ خَزَائِنِ الْحَقِّ۔‘‘یعنی ،نبیِ مکرَّم صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کے
سُوال کو مطلق رکھنے سے یہ ثابت ہواکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوبِ ذیشان صلی
اللہ علیہ و الہ وسلم کواس بات پر قادر فرمادیا ہے کہ
حق عزوجل کے
خزانوں میں سے جو کچھ چاہیں عطافرمادیں۔
مزید
نقل فرماتے ہیں کہ:’’وَذَكَرَ ابْنُ سَبْعٍ فِي خَصَائِصِهِ وَغَيْرُهُ أَنَّ اللّٰهَ
تَعَالی أَقْطَعَهُ أَرْضَ الْجَنَّةِ يُعْطِي مِنْهَا مَا شَاءَ لِمَنْ يَشَاءُ۔‘‘([7])
یعنی
، ابنِ سبع اور دیگر علمائےاُمت نے
رسولِ اَنورصلی
اللہ علیہ و الہ وسلم کے خصائصِ شریفہ میں سے اِس بات کوبھی ذکر فرمایا
ہے کہ بیشک اللہ تعالیٰ نے جنّت کی زمین آپ صلی اللہ علیہ
و الہ وسلم
کی جاگیر کردی ہے، آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم اس میں سے جوچاہیں جسےچاہیں عطافرمادیں۔
لہذا
یہ اور ان جیسی دیگرنصوصِ جلیلہ کوپیشِ نظر رکھتے ہوئے امامِ اہل سنت ،اعلیٰ حضرت رحمۃ
اللہ تعالیٰ علیہ
نے ارشاد فرمایا کہ: ’’رسول اللہصلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اپنے
ربّ کی عطا سےمالکِ جنّت ہیں،مُعْطِیِ جنّت(جنّت دینے
والے) ہیں،جسے چاہیں عطافرمائیں۔‘‘ ([8])
تجھ سے اور جنّت سے کیا مطلب اے منکر دُور
ہو
ہم رسول اللہ کے جنّت رسول اللہ کی
جنّت کی سیر کروانے کی حکمت:
اللہ
ربّ العزت عزوجل نے
معراج کی رات اپنے محبوبِ اکبر صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کو اپنی قُدرت کی دیگر نشانیوں کے ساتھ
ساتھ جنّت کے مشاہدات بھی کروائے۔ فضلِ
خداوندی سےآپ صلی
اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے شبِ معراج جنّت کی بھی سیر
فرمائی۔ یہاں کوئی سوچ سکتا ہے کہ معراج کی رات رسولِ اعظم صلی اللہ
تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کو جنّت
کی سیر کروانے میں ربِّ قدیر عزوجل کی کیا
کیا حکمتیں تھیں۔ مشہور محاورہ ہے کہ "فِعْلُ الْحَکِیْمِ
لَایَخْلُوْ عَنِ الْحِکْمَۃ" یعنی، حکیم کا کوئی بھی کام
حکمت سے خالی نہیں ہوتا۔
علمائے
اسلام نے اِس کی کئی حکمتیں ذکر فرمائی ہیں۔ ان میں سے دوحکمتوں کا بیان حکیمُ الاُمّت مفتی
اَحمدیار خان نعیمی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کےقلم سے
ملاحظہ ہو۔چنانچہ مفتی صاحب تحریر فرماتے
ہیں:’’ربّ تعالیٰ نے فرمایا: اِنَّ اللّٰهَ اشْتَرٰي مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ اَنْفُسَھُمْ
وَاَمْوَالَھُمْ بِاَنَّ لَھُمُ الْجَنَّةَ([9])
یعنی
اللہ نے مسلمانوں کی جان و مال خرید لئے ہیں جنّت کے بدلے میں۔ اللہ تعالیٰ
مسلمانوں کی جان و مال کاخریدار، مسلمان فروخت کرنے والے اور یہ سودا ہوا حضور علیہ
السلام
کی معرفت سے اور جس کی معرفت سے سودا ہو،وہ مال کوبھی دیکھے اور قیمت کوبھی،فرمایا
گیا! اے محبوب تم نے مسلمانوں کی جان و مال کوتو دیکھا،آؤ جنّت کوبھی دیکھ
جاؤ،اورغلاموں کی عمارتیں اورباغات وغیرہ بھی ملاحظہ کرلو۔ بلکہ خریدار کو بھی
دیکھ لویعنی خود پروردگارِ عالَم کی ذات کوبھی۔‘‘([10])
ایک
اور حکمت یوں بیان فرماتے ہیں کہ :"حضورعلیہ السلام تمام مملکتِ الہٰیہ کےبہ عطاء الہٰی مالک
ہیں۔اسی لئے جنّت کے پتے پتے پر حوروں کی آنکھوں میں غرضکہ ہر جگہ لکھا ہوا ہے ۔لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ
مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ یعنی یہ چیزیں اللہ کی بنائی ہوئی ہیں
اور محمد رسول اللہ کودی ہوئیں:
میں تومالک ہی کہوں گا کہ ہومالک کے
حبیب
یعنی محبوب و محبّ میں نہیں میرا تیرا
مرضی
الہٰی یہ تھی کہ مالک کواُس کی ملکیت دکھائی جاوے صلی اللہ علیہ و سلم۔"
خالقِ
جنّت عزوجل ہمیں
جنّت میں لے جانے والے کام کرنے ، شفاعتِ
مالکِ جنّت صلی اللہ
تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے
صدقے جنّت میں جانے اور وہاں کی اَبدی
نعمتوں کو پانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ طٰہ ویٰس
از :
ابوالحقائق راشد علی رضوی عطاری مدنی
6-06-2022
[1]۔سورۃ آل عمران: 26۔
[2]۔ تفسیرنعیمی،3/355،نعیمی کتب خانہ۔
[3]۔ حدائقِ بخشش،ص361۔
[4]۔سورۃ مریم: 63۔
[5]۔ اخبارالاخیار،ص216،فاروق اکیڈمی ضلع خیرپور۔
[6]۔ صحیح مسلم،کتاب
الصلوۃ،1/193،قدیمی کتب خانہ۔
[7]۔ مرقاۃالمفاتیح،کتاب
الصلوۃ،2/567،مکتبہ رشیدیہ۔
[8]۔ فتاویٰ
رضویہ،14/667،رضافاؤنڈیشن لاہور۔
[9]۔ سورۃ التوبۃ: 111۔
[10]۔ شانِ حبیب الرحمن ،107نعیمی
کتب خانہ۔
نیکی
کی دعوت کو عام کرنے کے بنیادی طور پر دو طریقے ہیں:
1زبان
و بیان اور 2تحریر
و قلم۔
الحمد
للہ! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کی عالمی مجلس مشاورت کے تحت اسلامی
بہنیں بڑے ہی منظم انداز میں ایک طویل عرصے سے زبان و بیان کے ذریعے نیکی کی دعوت
کو عام کر رہی ہیں، جس کے خاطر خواہ و حوصلہ افزا نتائج سے انکار ممکن نہیں۔
چنانچہ اب نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے دوسرے بنیادی طریقے تحریر و قلم پر عمل
کرنے کے لئے اس بات کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ کوئی ایسا پلیٹ فارم ہونا
چاہئے جس کے ذریعے اسلامی بہنوں کی تحریری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے بنیادی
تربیت کا سامان کیا جا سکے۔ لہذا ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں رجبُ المرجّب1441ھ
مطابق فروری2020ءمیں ایک تحریری مقابلہ بنام ”نئے لکھاری“ شروع کیا گیا۔ یہ
مقابلہ اگرچہ اسلامی بھائیوں کے ساتھ اسلامی بہنوں کی تحریری صلاحیتوں کو بھی
نکھارنے کے لئے تھا مگر پھر اپریل 2021ء میں اسلامی بہنوں کا سیشن مکمل طور پر جدا
کر کے المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر) میں الگ سے ایک شعبہ بنا کر اسے یہ
ذمہ داری دی گئی کہ تحریری مقابلے میں حصہ لینے والی اسلامی بہنوں کو بطورِ رائٹر
اچھی تربیت فراہم کی جائے اور ان میں سے جن کی تحریر اچھی ہو، انہیں مضامین لکھنے کے مزید پلیٹ فارمز مہیا کئے
جائیں۔ چنانچہ اس شعبے نے مضامین نویسی کے مدنی پھول ترتیب دے کر اسلامی بہنوں کی
تحریر نویسی پر خصوصی توجہ دی، جس کے نتائج بہت جلد سامنے آنا شروع ہوئے جس کا
واضح ثبوت صرف پانچ ماہ کے بعد نومبر 2021ء میں ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن کا اجرا
تھا۔ اس ماہنامے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں تقریباً تمام مضامین اسلامی بہنیں ہی
لکھتی ہیں۔ چنانچہ، اسلامی بہنوں کے ذوق و شوق کے مد نظر رکھتے ہوئے یہ شعبہ
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن کے اجرا تک ہی محدود نہیں رہا، بلکہ ایک قدم مزید آگے
بڑھا کر عالمی مجلس مشاورت کے تعاون سے بہت جلد اسلامی بہنوں پر مشتمل المدینۃ
العلمیۃ کا بھی آغاز کرنے جا رہا ہے۔
بارسلونا کے شخصیات اجتماع میں نگران شوریٰ حاجی مولانا
محمد عمران عطاری کا بیان
دعوت
اسلامی کے زیر اہتمام بارسلونا، اسپین Spain, Barcelona میں
شخصیات اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں PHDکے اسٹوڈنٹس، بزنس
کمیونٹی سے وابستہ افراد اوردیگر شخصیات نے شرکت کی۔
نگران
شوریٰ مولانا حاجی عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرابیان کیااور شرکا کو نماز کی پابندی
کرنے کا ذہن دیتے ہوئے بتایا کہ نماز کی یہ تاثیر ہے کہ یہ ہمیں برائیوں اور
گناہوں سے بچاتی ہے۔ بیان کے بعد صلوۃ و سلام اور دعا کا سلسلہ ہوا۔
آخر
میں شخصیات نے نگران شوریٰ سے ملاقات کی
جبکہ اس موقع پر ذمہ داران دعوت اسلامی بھی موجود تھے۔
بارسلونا کے عظیم الشان اجتماع میں نگران شوریٰ مولانا حاجی
محمد عمران عطاری کا بیان
مرکزی
مجلس شوریٰ کے رکن مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ
ظِلُّہُ العالی یورپ میں دینی کاموں میں مصروفیت کے بعد اسپین Spain کے لئے روانہ ہوئے جہاں بارسلونا Barcelonaمیں
عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپین کے مختلف مقامات سے شخصیات و دیگر
عاشقان رسول سمیت ذمہ داران دعوت اسلامی کی شرکت ہوئی۔
نگران
شوریٰ حاجی مولانا محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نےسنتوں
بھرا بیان کیا اور شرکا کو دعوت اسلامی کے دینی کاموں میں خود بھی حصہ لینے اور
اسپین میں ایسا دینی ماحول بنانے کا ذہن دیا جس کی بدولت لوگوں کے دین و ایمان اور
عقائد و اعمال کا تحفظ ہوسکے۔
دوران
بیان نگران شوریٰ نے شرکا کو علم دین کی ترویج و اشاعت کے لئے اسپین میں ہی رہائشی
جامعۃ المدینہ کا قیام کرنے اور اس حوالے سے تعاون و کوشش کرنے کی ترغیب دلانے کے
ساتھ ساتھ اپنی اولاد کو بھی علم دین سے منور کرنے کا ذہن دیا۔
فیضان مدینہ بلونیا اٹلی میں نگران شوریٰ حاجی مولانا عمران عطاری کا بیان
دعوت
اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ
ظِلُّہُ العالی دینی کاموں کے سلسلے میں تنظیمی دورے پر یوکے سے
یورپ روانہ ہوئے جہاں 2 جون 2022ء کومدنی مرکز فیضان مدینہ بلونیا اٹلی Bologna,
Italy میں ہفتہ
وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ
شخصیات، ذمہ داران دعوت اسلامی اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔
نگران
شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکائے اجتماع کو
موت کی تیاری کرنے اور آخرت سنوارنے کا ذہن دیا۔اختتام پر صلوۃ و سلام اور دعا کا
سلسلہ ہوا۔
اس
اجتماع سے قبل نگران شوریٰ نے دیگر اسلامی بھائیو ں کے ہمراہ مقامی افراد میں نیکی
کی دعوت بھی دی اور انہیں اس اجتماع میں
شرکت کرنے کا ذہن دیا۔
دنیا بھر میں آج رات دعوتِ اسلامی کے تحت ہفتہ وار اجتماعات منعقد
ہوں گے
عاشقان
رسول کے قلوب کو علم دین سے منور کرنے، ثواب کا ذخیرہ جمع کرنے اور انہیں سیرت و
سنت رسولﷺ کے مطابق زندگی گزارنے کا ذہن
دینے کے لئے آج مؤرخہ 9 جون 2022ء کو دنیا بھر میں ہفتہ وار اجتماعات کا انعقاد
کیا جائیگا جن میں اراکین شوریٰ و مبلغین دعوت اسلامی سنتوں بھرے بیانات فرمائیں
گے۔ بیان کے بعد ذکر و اذکار ، صلوۃ و سلام اور دعا کا سلسلہ ہوگا۔
تفصیلات
کے مطابق مدنی
مرکز فیضان مدینہ گلشن اقبال، نزد الطاف آئی اسپتال خانپور پنجاب سے بعد نماز عشاء
رات 9:45 بجے مدنی چینل پر براہ راست ہونے والے ہفتہ وار اجتماع میں رکن شوریٰ
حاجی قاری محمد سلیم عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔
اس کے
علاوہ بہزاد لکھنوی مسجد، سخی حسن چورنگی کراچی میں رکن شوریٰ حاجی مولانا عبد
الحبیب عطاری، فیضان محمدی مسجد، بلاکA، گارڈن سٹی گلشن معمار کراچی میں رکن شوریٰ
حاجی امین قافلہ عطاری ، مدنی مرکز فیضان مدینہ ڈھوک جمعہ، جہلم میں رکن شوریٰ
حاجی مولانا اسد عطاری مدنی، مدنی مرکز فیضان مدینہ صدر گلبرگ نمبر 1، النور
اسٹریٹ پشاور میں رکن شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، مدنی مرکز فیضان مدینہ جوہر
ٹاؤن لاہور میں رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری اور مدنی مرکز فیضان مدینہ سوساں
روڈ مدینہ ٹاؤن فیصل آباد میں نگران شعبہ پروفیشنلز محمد ثوبان عطاری سنتوں بھرا
بیان فرمائیں گے۔
تمام
عاشقان رسول سے اپنے اپنے علاقے میں ہونے والے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنے کی
درخواست ہے۔
دعوتِ
اسلامی کے تحت 5جون 2022 ءبروز اتوار صوبہ خیبر پختونخواہ پشاور ڈویژن میں مدنی مشورہ ہوا جس
میں مقامی ذمہ دار اسلامی بہنوں نے شرکت
کی۔
پاکستان نگران اسلامی بہن نے ’’دین کی خاطر قربانی دینا ‘‘ اس موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور رہائشی ذمہ داران کو اپنے ڈویژن میں دینی کام کرنے کی ترغیب دلائی نیز کارکردگی
شیڈول پر عمل کرنے اور ماتحتوں سے بر وقت وصول کرنے کا ذہن دیا۔ اس کے علاوہ تقرریوں کا جائزہ لیکر اہداف بھی دیئے۔
5
جون 2022ء کو نگران عالمی مجلس مشاورت نے کراچی کے علاقے pib
گھانچی ہال میں ڈسٹرکٹ نگران کی صاحبزادی کی شادی کے سلسلے میں ہونے والی محفل نعت
میں شرکت کی۔
محفل نعت میں ’’اللہ پاک کی نعمتوں کا شکر‘‘
کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور اسلامی بہنوں کو اپنی زندگی اللہ پاک کا شکر
ادا کرتے ہوئے اس کی نافرمانیوں سے بچتے
ہوئے گزارنے کی نیتیں کروائیں اور انہیں مدنی مذاکرہ دیکھنے اور ہفتہ وار اجتماع
میں آنے کی دعوت دی۔
دعوتِ
اسلامی کے زیر اہتمام 5 جون 2022ء کو صاحبزادیِ عطار اور نگران عالمی مجلس مشاورت اسلامی بہن نےلیاقت آباد کی ایک سینئر اسلامی
بہن کے انتقال پر اُن کے گھر جاکر ان کے گھر کی خواتین سے تعزیت کی اور انہیں صبر کی
تلقین کرتے ہوئے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں آنے کی دعوت دی۔
٭دوسری جانب جمشید روڈ کی ایک پرانی اسلامی بہن کے گھر جاکر
سوئم کی محفل میں شرکت کی اور وہاں موجود اسلامی
بہنوں پر انفرادی کوشش کرتے ہوئے انہیں
دینی کام کرنے کا ذہن دیا ۔
گزشتہ دنوں دعوتِ اسلامی کے تحت شعبہ رابطہ
برائے شخصیات کے ذمہ داران نے سیالکوٹ میں نئے تعینات ہونے والے ایس پی انوسٹی
گیشن ناصر باجوہ سمیت مختلف شخصیات سے ملاقات کی (جن میں سکیورٹی انچارج ڈسٹرکٹ سعید احمد، SHO تھانہ رنگپورہ رانا صلاح الدین، SHO تھانہ حاجی پورہ شبیر احمد، اسسٹنٹ کمشنر
مرتضی، سب انسپکٹر وارڈن اعجاز مان، DSP لیگل رانا شہباز اور انسپکٹر لیگل محمد اشرف شامل تھے)۔
اس موقع پر ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے ناصر
باجوہ کو مبارک باد دیتے ہوئے انہیں دعوتِ اسلامی کی عالمی سطح پر ہونے والی دینی
و فلاحی خدمات سے آگاہ کیا اور تمام شخصیات کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا وزٹ کرنے کی دعوت دی
جس پر انہوں نے دعوت قبول کرتے ہوئے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔(رپورٹ:شعبہ حج و عمرہ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد G11 میں
قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ حج و عمرہ کے زیرِ اہتمام
سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر عازمینِ حج کی شرکت رہی۔
تفصیلات کے مطابق مبلغِ دعوتِ اسلامی نے سنتوں
بھرا بیان کرتے ہوئے وہاں موجود عاشقانِ رسول کی حج کے حوالے سے تربیت و رہنمائی
کی اور انہیں دعوت اسلامی کی حج و عمرہ ایپ ڈاؤن لوڈ کروائی۔