
قرآن
عظیم اس ربّ تبارک و تعالیٰ کا بے مثل کلام ہے اور اس نے اپنا یہ کلام رسولوں کے
سردار، دو عالم کے تاجدار، حبیبِ بے مثال مصطفی صلی اللہ
علیہ وسلم پر نازل فرمایا، اللہ
تعالی نے جو عظمت وشان
قرآن مجید کو عطا کی ہے وہ کسی اور کلام کو حاصل نہیں، یہ کلام سیدھا اور مستقیم
ہے اور اس میں کسی قسم کی کوئی کجی ٹیڑھا پن نہیں ہے، بلکہ نہایت معتدل اور مصالح عباد پر مشتمل کتاب ہے، یہ ایک محفوظ کتاب ہے، یہ جامع العلوم کتاب ہے کہ اوّلین و آخرین کا
علم اس میں موجود ہے، قرآن پاک بابرکت
کلام ہے، جس کا پڑھنا، پڑھانا، سننا، سنانا، دیکھنا چھونا سب اجر وثواب کا باعث ہے کہ اس کا
ایک حرف پڑھنے سے دس نیکیوں کا ثواب ملتا ہے، قرآن پاک بار بار پڑھے جانے والا کلام ہے، یہ انتہائی اثر آفرین کتاب ہے، جسے
سن کر خوف و خشیت کے پیکر لوگوں کے دل دہل جاتے ہیں، احادیث مبارکہ میں جہاں قرآن پاک پڑھنے کے فضائل
وارد ہوئے ہیں، وہیں قرآن سکھانے کے بارے
میں بھی فضائل موجود ہیں، جہاں قرآن پاک پڑھنے سے اجر وثواب حاصل ہوتا ہے،
وہیں قرآن عظیم پڑھانے سے بھی اجر ثواب
حاصل ہوتا ہے۔
بہترین شخص:
سرکار
مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم
نے فرمایا:خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ
وَ عَلَّمَہٗیعنی تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جس نے قرآن سیکھا
اور دوسروں کو سکھایا۔ ( صحیح بخاری، جلد3، ص190، حدیث:5027)
حضرت
سیّدنا ابو عبدالرحمن سُلَمی رضی اللہُ
عنہ مسجد میں قرآنِ پاک پڑھایا کرتے تھے اور فرماتے: اِسی حدیثِ
مبارک نے مُجھے یہاں بٹھا رکھا ہے۔ ( فیض القدیر،ج 3،ص618، تحت الحدیث:2983)
قرآن پاک پڑھانے کے فضائل:
یوں
تو قرآن پاک پڑھانے کے بہت سے فضائل ہیں، لیکن احادیث مبارکہ میں بھی اس کے بہت سے فضائل
بیان ہوئے ہیں، جن میں سے چند فضائل
ملاحظہ کیجئے:
(1)
حضرت سیدنا عمر رضی اللہ عنہ
سے روایت ہے کہ رسول اکرم، رحمت عالم، نور مجسم، رسول محتشم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان
ہے:جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور سکھایا
اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے، اس پر عمل کیا
قرآن پاک اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے جائے گا۔
(2)
حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ
سے روایت ہے کہ جس شخص نے قرآن مجیدکی ایک آیت
یادین کی کوئی سنت سکھائی، قیامت کے دن اللہ تعالی اس کے لئے ایسا ثواب تیار فرمائے گا، کہ
اس
سے بہتر ثواب کسی کے لئے بھی نہیں ہوگا۔
(3)
ذوالنورین، جامع القرآن، حضرت سیدنا عثمان
ابن عفان رضی اللہ عنہ
سے روایت ہے کہ تاجدار ِمدینہ صلی اللہ
علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس نے قرآن مبین کی ایک آیت سکھائی، اس کے
لئے سیکھنے والے سے دوگنا ثواب ہے۔
(4)
ایک اور حدیث میں ہے حضرت انس رضی اللہ
عنہ سے روایت ہے کہ خاتم المرسلین، رحمۃ اللعلمین صلی اللہ
علیہ وسلم فرماتے ہیں:جس نے قرآن عظیم کی ایک آیت سکھائی، جب تک اس آیت کی تلاوت ہوتی رہے گی، اس کے لئے ثواب جاری رہے گا۔
(5)
ایک حدیث شریف میں ہے کہ جس شخص نے کتاب اللہ
کی ایک آیت یا علم کا ایک باب سکھایا، اللہ عزوجل تاقیامت اس کا اجر بڑھاتا رہے گا۔
عطا ہو شوق مولا مدرسے میں آنے جانے کا
خدایا! ذوق دے قرآن پڑھنے کا، پڑھنے کا
سبحان اللہ!قرآن پاک کے بہت سے فضائل احادیث
مبارکہ کی روشنی میں بیان کئے گئے ہیں۔ اللہ عزوجل سے دعا ہے کہ ہمیں بھی قرآن پاک
کو صحیح معنوں میں پڑھنے کی توفیق عطا
فرما اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمااور دوسروں تک اس کو پہنچانے اور صحیح
صحیح اس کی تعلیم دینے کی سعادت نصیب فرما اور ہم سب کو قرآن پاک کا پیکر بنا دے
اور ہم سب کو پرہیزگار اور متقی بنا دے۔اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم
میرا ہر عمل بس تیرے واسطے ہو
کر اخلاص ایسا عطا یا الہی!

قرآن
مجید فرقان حمید اللہ عزوجل کا ایسا
کلام ہے، جو رُشد و ہدایت اور عِلم و حکمت
کا خزانہ ہے اور اللہ عزوجل کی آخری اور مکمل کتاب ہے، جسے اللہ
تبارک و تعالٰی نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمایا، یہ وہ مُقدّس
کتاب ہے جس نے بھٹکی ہوئی اِنسانیت کی سیدھے راستے کی طرف رہنمائی فرمائی اور بے
شمار مُنکرینِ خدا اور رسول صلی اللہ
علیہ وسلم اِسی کلام کی وجہ سے اِسلام قبول کر کے کائنات کے عظیم
رہنما بن گئے، اس مبارک کتاب کو چُھونا، پڑھنا، دیکھنا اور پڑھانا عبادت و ثواب ہے۔
ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے:خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَ عَلَّمَہٗ۔"
تم میں بہتر وہ ہے، جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔"
حضرت
سیّدنا ابو عبدالرحمن سلمٰی رضی اللہ
عنہ مسجد میں قرآن پاک پڑھایا کرتے اور فرماتے کہ اسی حدیث نے
مجھے یہاں پر بٹھا رکھا ہے۔"(تلاوت کی فضیلت، صفحہ4)
اس
حدیث مبارکہ میں فرمایا گیا ہے بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے، اس سے معلوم ہوا کہ پہلے سیکھنے کی تاکید فرمائی
گئی اور علم کی طلب ہر مسلمان پر فرض ہے ۔ اتنا قرآن تجوید کے ساتھ پڑھنا فرض عین
ہے جس سے نماز کا فرض ادا ہو جائے۔
علامہ مُلّا علی قاری فرماتے ہیں:" علم کا
حاصل کرنا بلا اِختلاف فرضِ کفایہ ہے اور اس کے مطابق عمل کرنا، تجوید کے ساتھ پڑھنا فرضِ عین ہے۔"
اعلٰی حضرت اِمام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں:"اِتنی
تجوید سیکھنا کہ ہر حروف دوسرے حرف سے ممتاز ہو اور صحیح ہو، فرضِ عین ہے، اس کے
بغیر نماز قطعاً باطل ہے۔" (فیضان تجوید، صفحہ 2)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا
فرمانِ دلنشین ہے:" جو شخص کتاب اللہ
کا ایک حرف پڑھے گا اس کو ایک نیکی ملے گی، جو دس کے برابر ہوگی، میں یہ نہیں کہتا کہ الم ایک حرف ہے، بلکہ الف ایک حرف، لام ایک حرف اور میم ایک حرف ہے۔"
اللہ!جس طرح قرآن پاک پڑھنے کے بے
شمار فضائل ہیں، اسی طرح قرآن پاک پڑھانے
کے بھی بے شمار فضائل ہیں۔
حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں قرآن پاک پڑھانے کے فضائل:
1۔حضرت
انس رضی اللہ عنہ
سے مروی ہے کہ رسولِ کریم صلی اللہ
علیہ وسلم کا فرمانِ مُعظم ہے:"جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور
دوسروں کو سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں
ہے، اُس پر عمل کیا قرآن شریف اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے جائے گا۔"
(تلاوت کی فضیلت، صفحہ5)
2۔ذُوالنورین،
جامع القرآن، حضرت سیدنا عثمان بن عفان رضی
اللہ عنہ سے روایت ہے کہ تاجدارِ مدینہ منورہ، سلطانِ مکہ مکرمہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:"
جس نے قرآن مُبین کی ایک آیت سکھائی، اس
کے لئے سیکھنے والے سے دُگنا ثواب ہے۔" (امیر اہلسنت کی دینی خدمات)
3۔حضرت
انس رضی اللہ عنہ
سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
نے فرمایا:" جس شخص نے قرآن عظیم کی ایک آیت سکھائی، جب تک اس آیت کی تلاوت ہوتی رہے گی، اس کے لئے ثواب جاری رہے گا۔"( تلاوت کی فضیلت،
ص7)
4۔حضرت
انس رضی اللہ عنہ
سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"
جس شخص نے قرآن مجید کی ایک آیت یا دین کی
کوئی سنت سکھائی، قیامت کے دن اللہ پاک اس کے لئے ایسا ثواب تیار
فرمائے گا کہ اس سے بہتر ثواب کسی کے لئے بھی نہ ہوگا۔" (تلاوت کی فضیلت، ص6)
5۔فرمانِ
مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم
ہے:"جس نےکتاب اللہ کی ایک آیت یا علم کا ایک باب
سکھایا، اللہ عزوجل تاقیامت
اس کا اجر بڑھاتا رہے گا۔"(تلاوت کی فضیلت، ص8)
جس
رات کے دامن میں قرآن پاک نازل ہو وہ رات لیلۃ القدر کہلائی، جو اس مقدس کتاب سے وابستہ ہو جائے، اپنی روح میں بسا لے، وہ ذِی قدر کیوں نہ ہو گا؟؟
عطا ہو شوق مولٰی مدرسے میں آنے جانے کا
خدایا! ذوق دے قرآن پڑھنے کا پڑھانے کا
جیسا کہ ہم نے پڑھا کہ علمِ تجوید حاصل کرنا فرضِ
کفایہ ہے اورقرآن پاک سیکھنے کے فضائل مرحبا! اگر ہم نے اب تک تجوید سے قرآن
پاک نہیں پڑھا تو اب پڑھ لیجئے اور اگر اللہ
کے کرم سے یہ سعادت ہمیں حاصل ہے کہ ہم تجوید سے قرآن پاک پڑھ چکے ہیں، قرآن پاک پڑھانے کے فضائل پر نظر کرتے ہوئے
پڑھانے کی ترکیب فرما لیجئے کہ ہمیں بھی اَحادیثِ مبارکہ سے حاصل ہونے والے فضائل
نصیب ہو جائیں۔
یہی ہے آرزو تعلیمِ قرآں عام ہوجائے
ہراِک پرچم
سے اونچا پرچمِ اسلام ہو جائے
دنیا بھر میں8اپریل کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہفتہ وار سنتوں
بھرے اجتماعات منعقد ہوں گے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)
دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام ہر جمعرات کو بعد نمازِ عشاء ہفتہ وار سنتوں بھرے
اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
اسی سلسلے میں 8اپریل 2021ء کو دنیا بھر میں
ہفتہ وار اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ
کراچی میں مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی مولانا عبد الحبیب عطاری سنتوں بھرا بیان
فرمائیں گے۔ اجتماع کا آغاز 8 بجکر 45 منٹ پر تلاوتِ قرآن مجید اور نعتِ رسولِ
مقبول سے ہوگا ۔
عاشقان رسول بھی اپنے
اپنے شہروں میں ہونے والے سنتوں بھرے اجتماع میں ضرور شرکت کریں۔

دعوت اسلامی کے زیرِ اہتمام04 اپریل 2021 ءکوہالینڈ (Holland) میں بذریعہ
اسکائپ سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں روٹرڈیم (Rotterdam) اور دین ہاگ (Den Haag) کی تقریبا 18 اسلامی بہنوں نے
شرکت کی۔
مبلغہ
دعوت اسلامی نے مقامی زبان ڈچ (Dutch) میں” زکوۃ کی برکتیں“ پر سنتوں بھرا بیان کیا اور اجتماعِ پاک میں شریک اسلامی
بہنوں کو زکوۃ کی فضیلت و اہمیت بیان کی
نیز اپنی زکوۃ دعوت اسلامی کو دینے کا ذہن دیا۔
یورپ کے ملک
ڈنمارک میں بذریعہ اسکائپ مقامی زبان میں
سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد

دعوت اسلامی کے زیر اہتمام03 اپریل2021ء کو یورپ
کے ملک ڈنمارک( Denmark) میں بذریعہ
اسکائپ مقامی زبان میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریبا 12 اسلامی بہنوں نے شرکت کی
۔
مبلغہ دعوت اسلامی نے مقامی زبان ڈینش میں”آمدِ رمضان مرحبا“
کے موضوع پر بیان کیااور اجتماعِ پاک میں شریک اسلامی بہنوں کو رمضان کی برکتیں
لوٹنے کا ذہن دیا نیز رمضان میں اچھے اچھے اعمال کے ساتھ دعوت اسلامی
کے دینی کاموں میں بھی حصہ لینے کی ترغیب دلائی۔
یورپین یونین
ریجن کی کابینہ ذمہ دار اسلامی بہنوں کا
بذریعہ اسکائپ مدنی مشورہ

دعوتِ اسلامی کے شعبہ شب وروز کے زیرِ اہتمام گزشتہ دنوں یورپین یونین ریجن کی
کابینہ ذمہ دار اسلامی بہنوں کا بذریعہ
اسکائپ مدنی مشورہ ہوا جس میں ڈنمارک،اسپین، ہالینڈ،آسڑیا ، بیلجیم ،
جرمنی اور سویڈن کی ذمہ دار اسلامی بہنوں
نے شرکت کی۔
شب و روز کی ریجن نگران اسلامی بہن نے مدنی مشورے میں شریک اسلامی
بہنوں کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے تربیت کی اور ہر ماہ اپنا شیڈول جمع کروانے
کا ذہن دیا نیز شب و روز کے تحریری مقابلے
کےلئے کوشیش کرنے کی ترغیب دلائی۔

دعوت اسلامی کے زیرِاہتمام 4 اپریل 2021ء کو یورپین یونین ریجن کے ملک
ڈنمارک (Denmark) میں ذمہ دار اسلامی بہنوں کا بذریعہ اسکائپ مدنی مشورہ ہوا۔
کا بینہ نگران اسلامی بہن نے مدنی مشورے میں
شریک اسلامی بہنوں کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے تربیت کی اور ڈونیشن کی کارکردگی لیتے ہوئے اس کے لئے اپنی
کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ترغیب دلائی۔ کورس فیضان تلاوت قرآن
کے نکات سمجھائے اور اس کی خوب تشہیر کرنے کا ذہن دیا۔

شیخ طریقت امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے
مسلمانوں کو گناہوں سے بچانے اور نیک بنانے کے تحت روزانہ کی بنیاد پر مختلف دینی
کاموں کی تحریکوں کا آغاز فرمایا چنانچہ یورپین یونین ریجن میں مختلف دینی کاموں کی
تحریک کی کارکردگی درجِ ذیل ہے:
55 اسلامی بہنوں نے روزانہ ایک پارہ پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
93
اسلامی بہنوں نے روزانہ آدھا پارہ پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
151 اسلامی بہنوں نے روزانہ گھر درس دیا۔
324
اسلامی بہنوں نے 313 مرتبہ درودپاک روزانہ پڑھے۔
163 اسلامی بہنوں نے 1200 مرتبہ
درودپاک روزانہ پڑھے۔
218اسلامی بہنوں نے 12 منٹ روزانہ مطالعہ کیا۔

دعوتِ اسلامی کے شعبہ شارٹ کورسز کے زیرِ
اہتمام 3 اپریل 2021ء کو نارتھ امریکہ ریجن
کے ملک امریکہ( America)میں 8 دن پر مشتمل
کورس بنام ”رمضان کیسے گزاریں؟ “کا
اختتام ہوا۔ اس کورس میں کم و بیش30 اسلامی
بہنوں نے شرکت کی۔
مبلغۂ دعوتِ اسلامی نے سنتوں بھرا بیان کیا اور
کورس میں شریک اسلامی بہنوں کو روزہ،تراویح،اعتکاف نیز استقبال رمضان ،لیلۃ القدر
کیسے پائیں جیسی اہم ترین معلومات سے بریف کیا۔

دعوتِ
اسلامی کے شعبہ شارٹ کورسز کے زیرِ
اہتمام 03 اپریل2021ء کو یورپین یونین ریجن
کے ملک اٹلی(Italy) میں 8 دن پر
مشتمل کورس بنام ”رمضان کیسے گزاریں؟ “کا
آغازہوا جس میں کم و بیش 35 اسلامی بہنوں نے شرکت کی سعادت حاصل کر رہی ہیں۔
اس کورس میں روزہ،تراویح،اعتکاف نیز استقبال
رمضان ،لیلۃ القدر کیسے پائیں جیسی اہم ترین معلومات اور بہت کچھ سیکھنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
یو کےلندن ریجن
میں 8 دن پر مشتمل کورس بنام ”رمضان کیسے
گزاریں؟ “کاسلسلہ

دعوتِ اسلامی کے شعبہ شارٹ کورسز کے زیرِ اہتمام 3 اپریل 2021ء کو یو کےلندن(London) ریجن میں 8 دن پر مشتمل کورس بنام ”رمضان کیسے گزاریں؟ “کا آغازہوا جس
میں کم و بیش 30 اسلامی بہنوں نے شرکت کی سعادت حاصل کر رہی ہیں۔
اس کورس میں روزہ،تراویح،اعتکاف نیز استقبال
رمضان ،لیلۃ القدر کیسے پائیں جیسی اہم ترین معلومات اور بہت کچھ سیکھنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
کینیڈا کے شہر
مسی ساگا میں بذریعہ اسکائپ ہفتہ وار سنتوں
بھرے اجتماع کا انعقاد

دعوت اسلامی کے زیر اہتمام گزشتہ دنوں کینیڈا کے
شہر مسی ساگا میں بذریعہ اسکائپ ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کم و بیش 21
اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔
مبلغۂ دعوت اسلامی نے ”معاف کرنے کے فضائل “
کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور
اجتماعِ پاک میں شریک اسلامی بہنوں کو معاف کرنے اور درگزر سے کام لینے کا ذہن دیا۔