اعلیٰ حضرت اعلیٰ سیرت

Mon, 11 Sep , 2023
1 year ago

ایک مرتبہ ایک استاذ صاحب بچوں کو پڑھا رہے تھے کہ اتنے میں ایک بچے نے آکر سلام کیا جس پر استاذ صاحب کی زبان سے نکلا ”جیتے رہو“ بچوں میں موجود ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے بچے نے عرض کیا: یہ سلام کا جواب تو نہیں!وعلیکم السلام کہنا چاہیئے، یہ سن کر استاذ صاحب بہت خوش ہوئے اور اُس بچے کو دعاؤں سے نوازا۔

یہ بچہ کوئی اور نہیں بلکہ اپنے وقت کے امام، مترجمِ قراٰن،امامِ اہلسنت، مجددِ دین و ملت، ماحی بدعت، شیخ المسلمین اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کی ذاتِ مبارکہ تھی۔آپ رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں، آپ دنیا بھر میں اہلسنت و جماعت کے بہت بڑے امام و مُقْتَدَا (جس کی اقتدا کی جائے) اور مذہب و ملت کے محافظ کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں۔

ولادتِ باسعادت

اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی رحمۃ اللہ علیہ 10 شوال المکرم1272ھ بمطابق 14جون 1856ء کو ہند کے مشہور و معروف شہر بریلی میں واقع محلہ جسولی میں پیدا ہوئے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کا پیدائشی نام محمد اور تاریخی نام المختار ہے جبکہ آپ کے جدِّ امجد مولانا رضا علی خان رحمۃ اللہ علیہ نے آپ کا نام احمد رضا رکھا۔(سیرتِ امام احمد رضا خان قادری، 94)

آپ رحمۃ اللہ علیہ بچپن ہی سے ذہین و فطین اور اعلیٰ اخلاق و سیرت کے مالک تھے ۔بچپن ہی سے دینِ اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنا، بزرگوں کا ادب کرنا اور ساداتِ کرام (آلِ رسول) کا احترام کرنے سمیت دیگر ایسے کثیر واقعات سے آپ رحمۃا للہ علیہ کی زندگی بھری ہوئی ہے نیز اللہ پاک نے آپ کو بےشمار علمی صلاحیتوں سےبھی نوازا تھا جن پر آ پ کی تصانیف اور فتویٰ جات گواہ ہیں۔

جس کے لئے روزہ رکھا ہے وہ تو دیکھ رہا ہے

ایک مرتبہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ جاری و ساری تھا، اعلیٰ حضرت فاضلِ بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کی پہلی روزہ کشائی کی تقریب کا سلسلہ تھا، ایک کمرے میں فیرنی کے پیالےجمانے کے لئے رکھے ہوئے تھے۔سخت گرمی ہونے کے باوجود اعلیٰ حضرت نے کم عمری میں بھی بڑی خوش دلی سے روزہ رکھا تھا۔ دوپہر کے وقت اعلیٰ حضرت کے والدِ محترم آپ کو اُس کمرے میں لے گئے اور دروازہ بند کر کے فیرنی کا ٹھنڈا پیالہ اٹھا کر دیا اور کہا کہ اسے کھالو۔اعلیٰ حضرت نے اپنے والدِ محترم سے کہا کہ میرا تو روزہ ہےکیسے کھاؤں؟والدِ محترم نے فرمایا: بچوں کا روزہ ایسا ہی ہوتا ہے، لو کھالو، کمرہ بند ہے، کوئی دیکھنے والا بھی نہیں ہے۔اس پر اعلیٰ حضرت عرض گزار ہوئے:”جس کے لئے روزہ رکھا ہے وہ تو دیکھ رہا ہے “، والدِ محترم آپ کی باتین سن کر آبْ دِیْدَہْ ہو گئے(آنکھوں میں آنسو آگئے) ، انہوں نے اللہ پاک کا شکر ادا کیاکہ جس کو کم عمری میں اپنے وعدے کو پورا کرنے کا اتنا لحاظ ہو وہ بچہ اپنے رب سے کئے ہوئے عہد (وعدے) کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔(سیرتِ اعلیٰ حضرت معہ کرامات، 90)

مریض ہوں تو علاج نہ کروں؟

اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے متعلق کہا جاتا ہے:نہ ان کے کسی بڑے کی زبانی سنا، نہ ہی کسی برابر والے(ہم عمر)نے بتایااور نہ ہم چھوٹوں نے اعلیٰ حضرت کو کبھی ماہِ مبارک کا کوئی روزہ قضا کرتے ہوئے دیکھا۔بعض مرتبہ اعلیٰ حضرت ماہِ مبارک میں بیمار ہوئے مگر انہوں نے روزہ نہیں چھوڑا۔کسی نے عرض کی کہ ایسی حالت میں روزہ رکھنے سے کمزوری اور بڑھ جائےگی تو ارشاد فرمایا کہ مریض ہوں تو علاج نہ کروں؟لوگوں نے تعجب سے کہا: کہ روزہ بھی کوئی علاج ہے؟ تو ارشاد فرمایاکہ علاج کا توڑہے، میرے آقا صلی اللہ علیہ و سلم کا بتایا ہوا اکسیر ہے۔آپ صلی اللہ علیہ و سلم فرماتے ہیں:صوموا تصحوا روزہ رکھو صحتیاب ہو جاؤ گے۔(سیرتِ اعلیٰ حضرت معہ کرامات، 91)

اس سے معلوم ہوا کہ اعلیٰ حضرت بچپن ہی سے اللہ عزوجل اور اس کے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کے حکم پر عمل کرنے والے اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے کہ عام طور پر بچوں میں ان چیزوں کا زیادہ رجحان نہیں ہوتا لیکن قربان جائیں میرے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان پر کہ بیماری کے عالم میں بھی روزہ نہ چھوڑا ۔

حسنِ اخلاق کا اعلیٰ درس

آپ رحمۃ اللہ علیہ کے اعلیٰ اخلاق کا اندازہ اُس واقعہ سے لگایا جاسکتا ہے جب ایک کم سن بچے نے اعلیٰ حضرت کو اپنے گھر کھانے کی دعوت دی ۔اس پر اعلیٰ حضرت نے مزاحاً پوچھا:دعوت میں کیا کھلاؤ گے؟کم سن بچے نے اپنے ہاتھ میں پکڑے کُرتے کے دامن کو پھیلایا جس میں ماش کی دال اور مرچیں تھیں، اور کہا دیکھئے نا یہ لایاہوں۔اعلیٰ حضرت نے اُس بچے کے سر پر دستِ شفقت رکھا اور دعوت قبول کرتے ہوئے فرمایا:کہ میں اور حاجی کفایت اللہ صاحب آئیں گے ۔

اگلے روز وقتِ مقررہ پر اعلیٰ حضرت حاجی کفایت اللہ صاحب کے ہمراہ اُس کم سن بچے کے گھر(جو کہ بریلی شہر کے محلہ ملوکپور میں واقع تھا) پہنچے ۔اعلیٰ حضرت اور حاجی کفایت اللہ صاحب کچھ دیر گھرکے باہر کھڑے رہے۔ اس کے بعد ایک بوسیدہ چٹائی آئی اورایک ڈلیا(مونج یا کھجور کے پتّوں کی بنی ہوئی چھوٹی ٹوکری) میں باجرہ کی گرم گرم روٹیاں آئیں،مٹی کے برتن میں ماش کی دال آئی جس میں مرچوں کے ٹکڑے ٹوٹے ہوئے پڑے تھے۔کھانے کے دوران حاجی کفایت اللہ صاحب کے دل میں خیال آیا کہ گھر پر تو اعلیٰ حضرت کے کھانے میں احتیاط کی جاتی ہے کہ چپاتی کے بجائے سوجی کا بسکٹ تناول فرماتے ہیں اور یہاں باجرہ کی روٹی اور ماش کی دال کھانا پڑی ہے مگرقربان جائیں میرےآقا اعلیٰ حضرت کے اخلاقِ کریمہ پر کہ میزبان کی خوشنودی اور اُس کا دل رکھنے کے لئے پوری توجہ کے ساتھ کھانا کھا رہے ہیں۔(سیرتِ اعلیٰ حضرت معہ کرامات، 97تا 98)

اس واقعہ میں اعلیٰ حضرت نے اپنے چاہنے والوں کو حسنِ اخلاق کا کیسا اعلیٰ درس دیا ہے کہ ہمیں ہر ایک کے ساتھ حسنِ سلوک کرنا چاہیئےچاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا، نیز معلوم ہوا کہ آپ کا علمی مقام جس قدر بلند تھا بلکل اسی طرح آپ کے اخلاقِ کریمہ بھی بلند و بالا تھے۔

سیّد صاحب کے حکم کی تعمیل

اعلیٰ حضرت سمیت آپ کا پورا خاندان ساداتِ کرام (آلِ رسول) کی عزت و عظمت اور اُن سے بےحد محبت کرنے والا مشہور گھرانہ تھا۔ آپ کے آبا و اجداد اکثر ساداتِ کرام کی خیریت معلوم کرنے اور انہیں سلام کرنے جایا کرتے تھے اور انہیں اپنی دعوتوں میں شریک کرتے تھے۔ ایک بار اعلیٰ حضرت نے کسی سبب سےکھانا چھوڑ دیا اور صرف ناشتہ پر قناعت کرنے لگے۔سارے خاندان اور اُن کے احباب نے بڑی جد و جہد کی کہ اعلیٰ حضرت کھانا شروع کردیں لیکن ان سب کی کوشش رائیگاں گئی تو وہ سب سیّد مقبول صاحب کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ آج دو مہینے ہو گئے ہیں، اعلیٰ حضرت نے کھانا چھوڑ دیا ہے، ہم سب کوشش کرکے تھک گئے ہیں اب آپ ہی انہیں سمجھا سکتے ہیں۔اس پر سیّد مقبول صاحب نے اپنے گھر والوں سے کھانا تیار کروایا اور خود اعلیٰ حضرت کے پاس تشریف لے گئے، جب اعلیٰ حضرت کو سیّد صاحب کے آنے کی اطلاع ملی تو فوراً کمرے سے باہرچلے آئےاور سیّد صاحب سے قدم بوس ہوئے ۔سیّد مقبول صاحب نے فرمایا : میں نے سنا ہے کہ آپ نے کھانا چھوڑ دیا ہےتو اعلیٰ حضرت نے کہا کہ میں تو روز کھاتا ہوں، میرے معمولات میں اب تک کوئی فرق نہیں پڑا، میں اپنا کام بدستور کر رہا ہوں، مجھے اس سے زیادہ کی ضرورت نہیں اس پر سیّد مقبول صاحب برہم ہوگئے اور کھڑے ہو کر فرمانے لگے اچھا تو میں کھانا لے جاتا ہوں، کل بروزِ قیامت میں سرکارِ دوعالم صلی اللہ علیہ و سلم کا دامن پکڑ کر عرض کروں گا کہ ایک سیّدہ نے بڑے شوق سے کھانا پکایا اور ایک سیّد لے کر آیا مگر آپ کے احمد رضا نے کسی طرح نہ کھایا۔یہ سن کر اعلیٰ حضرت کانپ گئے اور عرض کیا کہ میں تعمیلِ حکم کے لئے حاضرہوں،ابھی کھالیتا ہوں۔سیّد صاحب نے اعلیٰ حضرت سے وعدہ لیا کہ اب عمر بھر کھانا نہیں چھوڑو گے چنانچہ اعلیٰ حضرت نے عمر بھر کھانا نہ چھوڑنے کا وعدہ کیا تو سیّد صاحب اعلیٰ حضرت کو کھانا کھلا کر خوشی خوشی تشریف لے گئے۔( سیرتِ اعلیٰ حضرت معہ کرامات، 94 تا 95)

ساداتِ کرام کا ادب و احترام جزءِ رسول ہونے کی حیثیت سے

ساداتِ کرام کا اس قدر ادب و احترام کرنے کے متعلق تلمیذِ اعلیٰ حضرت، ملک العلماء حضرت علامہ محمد ظفر الدین بہاری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: علمائے دین نے اپنی مستند کتابوں میں اس بات کی تصریح فرمائی ہے کہ حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و سلم کی محبت و تعظیم میں سے ہے کہ ہر وہ چیز جس کو حضور سے نسبت ہو جائے اُس کی تعظیم و توقیر کی جائے۔ساداتِ کرام جزءِ رسول ہونے کی وجہ سے سب سے زیادہ مستحقِ توقیر و تعظیم ہیں اور اس پر پورا عمل کرنے والا میں نے اعلیٰ حضرت قدس سرہ العزیز کو پایا ہے، اس لئے کہ کسی سیّد صاحب کو اعلیٰ حضرت اُس کی ذاتی حیثیت سے نہیں دیکھتے بلکہ اس حیثیت سے دیکھتے ہیں کہ وہ سرکارِ دوعالم صلی اللہ علیہ و سلم کا جز ہیں۔(حیاتِ اعلیٰ حضرت 1، 179)

اعلیٰ حضرت کے زندگی کا ہر ایک پہلو ہمارے لئے ایک بہترین نمونہ ہے، اللہ پاک ہمیں بھی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کی اعلیٰ سیرت اور اُن کے فرامین پر عمل کرتے ہوئے زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

از: غیاث الدین مدنی (اسلامک ریسرچ سینٹر دعوتِ اسلامی)


دعوت اسلامی کے شعبے مرکز الاقتصاد الاسلامی (Islamic Finance center) اور جامعۃ المدینہ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام یکم اکتوبر 2023ء سے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں اسلامک فنانس کورس 5th Batchشروع ہونے جارہا ہے جس میں دار الافتاء اہلسنت کے مفتیان کرام، بینکنگ اور فنانس کے ماہرین بینکاری اور دیگر امور پر لیکچر دیں گے۔

کورس میں چند لیکچرز کے عنوانات

٭کرنسی کا لین دین، ڈالر کی بکنگ، ایل سی کی رقم پہلے وصول کرنا، بینکوں کے مختلف اقسام کے کارڈ کی تکییف فقہی ٭عصر حاضر کی سرمایہ کاری میں مضاربت کا استعمال ٭عصر حاضر کی سرمایہ کاری مرابحہ کا استعمال ٭سود کی تعریف و اقسام نیز عصر حاضر میں پائی جانے والی سود کی مثالیں ٭لیگل پرسن کا تصور اور اس کی شرعی حیثیت؟ ٭بیع استصناع اور اس کا عصر حاضر میں سرمایہ کاری میں کردار ٭بیع سلم دورِ جدید کے متعدد کاروباری مسائل کے حل کے طور پر ٭وکالت اور عصر حاضر کے جدید مسائل میں شرکت کا استعمال ٭بیوع کے بنیادی احکام اور عصر حاضر کے جدید مسائل۔ اس کے علاوہ بہت اہم عنوانات شامل ہوں گے۔

کورس میں کون کون شریک ہوسکتا ہے؟

٭دینی مدارس سے فارغ التحصیل سنی علماء

کسی بھی سنی جامعہ سے فارغ التحصیل فاضلین (ترجیح گریجویٹ یا ہدایہ پڑھانے والے اساتذۂ کرام کو دی جائے گی)

٭مخصوص پروفیشنلز

چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ، فنانس اور اکاؤنٹس میں ماسٹر کیے ہوئے افراد۔ یا ان کلاسوں میں جن کی تعلیم جاری ہووہ بھی اس کورس میں داخلے کے اہل ہیں۔

٭آن لائن داخلہ

مخصوص پروفیشنلز افراد اگر کراچی سے باہر کے ہیں تو آن لائن طور پر شرکت کرنے کے لئے داخلہ لے سکتے ہیں لیکن سیٹ محددو ہیں۔

اوقات کار

کلاس ہفتے میں دو دن ہوگی۔بروز جمعہ کلاس بعد نماز عشاء 9:00 تا 11:00 اوربروز اتوار بعد نماز ظہر 01:45 تا 03:45 ہوا کرے گی۔

اہم معلومات

کورس میں داخلہ فیس 5000 ہزار ہے جبکہ فارغ التحصیل فاضلین کے لئے 60%کا خصوصی ڈسکاؤنٹ ہوگا۔

فارم کروانے کی آخری تاریخ 20 ستمبر 2023ء ہے۔

کورس کرنے والوں کو جامعۃ المدینہ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے سرٹیفکیٹ بھی دیئے جائینگے۔

خواہش مند افراد آن لائن فارم فل کریں جن کا داخلہ OKہوگا ان کو اپڈیٹ کردیا جائے گا۔

رابطہ کےا وقات: 02:00PM تا 04:00PM

رابطہ نمبر Whatsapp: 03228257372

Email: Islamic.finance@dawateislami.net


دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام 10 ستمبر 2023ء بروز اتوار نیو کراچی کار بازار11/Dمیں یومِ رضا و استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں اراکین شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری، حاجی امین قافلہ عطاری،حاجی سید لقمان عطاری، مولانا حاجی عقیل مدنی عطاری اور کراچی ڈویژنز مشاورت کے نگران اسلامی بھائیوں سمیت دیگر ذمہ داران دعوت اسلامی، بزنس کمیونٹی و دیگر شعبے سے وابستہ افراد و شخصیات اور ہزاروں عاشقان رسول نے شرکت کی۔

اجتماع پاک کا آغاز کلام اللہ ”قرآن پاک“ کی تلاوت سے کیا گیا جس کے بعد نعت خواں حضرات نے یومِ رضا اور استقبالِ ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے کلام پڑھے۔

مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نےسنتوں بھرا بیان کیااور اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کے عشقِ رسول پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ رحمۃُ اللہِ علیہ نے نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے عشق و محبت کو جس انداز سے امت تک پہنچایا خواہ وہ بیانات ہوں، فتاویٰ جات ہوں، تحریرات ہوں یا اشعار ہوں، ان تمام میں اپنی مثال آپ ہیں۔ اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کے اشعار پڑھنے سے بندے کے دل میں اپنے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت بڑھ جاتی ہے۔ نگران شوریٰ نے مزید کہا کہ اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ سال میں تین مرتبہ بیان فرماتے تھےجن میں ایک بیان آپ کے بھائی مولانا حسن رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ کے ہاں ماہِ میلاد کے موقع پر ہوتا تھا جہاں اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ گھنٹوں تک دوزانو بیٹھ کر بیان فرماتے تھے۔

نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے شانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر کلام کرتے ہوئے کہا کہ حضرت جبرئیل علیہ السّلام بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں حاضر ہوکر عرض کرتے ہیں کہ یارسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں زمین کے ہر ہر گوشے میں گیاآپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے افضل کسی کو نہ پایااور نہ ہی بنی ہاشم سے کسی خاندان کو عالی پایا۔ سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کرتے ہوئے نگران شوریٰ نے شرکا کو پابندی کے ساتھ نمازوں کو ادا کرنے، سیرت مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو اپنانے، بدنگاہی سے بچنے، اپنے رب کو راضی کرنے والے کام کرنے اور شریعت کے مطابق ماہ میلاد منانے کی ترغیب دلائی۔

بیان کے بعد استقبال ربیع النور شریف کی مناسبت سے کلام پڑھے گئے اور صلوۃ و سلام پر اجتماع کا اختتام ہوا۔ 


ڈویژن پوکھرا، نیپال کی خواتین میں نیکی کی دعوت عام کرنے اور انہیں دینی کاموں میں شامل  کرنے کے لئے 30 اگست 2023ء بروز بدھ 8 دینی کام کورس ہوا جس میں مقامی ذمہ داران سمیت سینیا اور والنگ سےبھی اسلامی بہنیں کورس کے لئے آئی ہوئیں تھیں۔

دورانِ کورس نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے شرکا کی تربیت و رہنمائی کرتے ہوئے انہیں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع اور بچیوں کے اجتماعات کا طریقۂ کار بتایا نیز ہفتہ وار اجتماع کے اہداف بھی دیئے۔

آخر میں نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے ذمہ دار اسلامی بہنوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اُن کے درمیان تحائف تقسیم کرتے ہوئے ملاقات کی۔


دعوتِ اسلامی کےشعبہ رابطہ بالعلماء سرکاری ڈویژن گوجرانوالہ کے ذمہ دار مولانامحمد ظہیر  عباس عطاری مدنی نے گجرات میں صاحبزادہ ٔپروفیسر سید ریاض حسین صاحب (شیخ الحدیث مانچسٹر مسلم کالج یوکے، مہتمم الجامعۃالاسلامیہ اسرارالعلوم باگڑیانوالہ ) پیر سید کلمۃ اللہ شاہ قادری صاحب (ناظم اعلیٰ جامعہ عربیہ غوثیہ کیرانوالہ سیداں) اور مولانا محمد جمیل اعظمی صاحب (مدرس الجامعۃ الاشرفیہ) سے ملاقاتیں کی ۔

دورانِ ملاقات مولاناظہیر عباس عطاری مدنی نے تینوں علمائے کرام کو دعوت اسلامی کے ملک و بیرون ممالک میں ہونے والے دینی، اصلاحی اورفلاحی کاموں کے حوالے سے آگاہ کیا اور انہیں ماہنامہ فیضان مدینہ ستمبر2023ء کے شمارے تحفے میں پیش کئے جس پر پروفیسر سید ریاض حسین شاہ صاحب ،سید کلمۃ اللہ شاہ قادری صاحب اور مولانا محمد جمیل اعظمی صاحب نے خدمات دعوت کو سراہتے ہوئے اپنے بھلے جذبات کا اظہار کیا۔(کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


30 اگست 2023ء بروز بدھ ملک نیپال کی ڈویژن پوکھرا (Pokhara)میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی اسلامی بہنوں سمیت ذمہ داران کی بھی شرکت ہوئی۔

محفل کے آغاز میں تلاوتِ کلامِ پاک کی گئی اور نعت خواں اسلامی بہن نے حضور پُر نور حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہِ اقدس میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔

تلاوت و نعت کے بعد نیپال دورے پر موجود نگرانِ وعالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے بیان کیا جس میں انہوں نے دنیا کی مذمت اور آخرت کی تیاری کرنے کا ذہن دیا۔

اس کے علاوہ نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے وہاں موجود اسلامی بہنوں کو مدرسۃ المدینہ بالغات میں داخلہ لینے اور فیضانِ شریعت کورس کرنے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔بعدازاں شرکائے محفل نے نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت سے ملاقات بھی کی۔


عاشقانِ رسول  کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے ہومیوپیتھک کے زیرِ اہتمام حیدرآباد میں مدنی مشورے کا انعقاد ہوا جس میں ڈویژن ذمہ داران نے شرکت کی ۔

نگران مجلس ڈاکٹر آصف عطاری نے اسلامی بھائیوں سے شعبے کے سابقہ دینی کاموں کی کارگردگی کا جائزہ لیا اور انہیں مزید آئندہ کے لئے اہداف دیئے جس پر ذمہ دار ان نے شرکت کی ۔ (کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


پچھلے دنوں  دعوت اسلامی کے شعبہ تعلیم اور ایف جی آر ایف کےتحت جنت السندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں شجرکاری کا سلسلہ ہوا جس میں مبلغ دعوت اسلامی ثوبان عطاری نے ڈین فیکلٹی ڈاکٹر منظور ابڑو کے ساتھ پلانٹیشن کا آغاز کیا۔

ڈین فیکلٹی منظور ابڑو کے ساتھ یونیورسٹی کے 15سے زائد پروفیسرز اور 250سے زیادہ اسٹوڈینٹس نے شعبہ ایف جی آرایف کے تعاون سے پودے لگائے۔

ذمہ داران نے اسٹوڈنٹس و پروفیسرز کے ہمرہ ای فیکلٹی کراپ پروٹیکشن، فیکلٹی ایگریکلچر انجینئرنگ ، فیکلٹی سوشل سائنس اور فیکلٹی DVMمیں پودے لگائے ۔اس موقع پر یونیورسٹی سے وابستہ عملہ بھی شریک رہا۔(رپورٹ:ریجن ذمہ دارجنید عطاری، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


ملک نیپال کے صوبہ لومبینی(Lumbini Province) میں قائم ڈویژن بھیرہوا(Bhairahawa) میں مدنی مشورے کا انعقاد ہوا جس میں مقامی ذمہ دار اسلامی بہنوں کی شرکت رہی۔

تفصیلات کے مطابق دینی کاموں کے سلسلے میں نیپال دورے پر موجود نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے اس مدنی مشورے میں دعوتِ اسلامی کے تحت نیپال میں ہونے والے دینی کاموں کا جائزہ لیا اور آن لائن فیضانِ شریعت کورس کروانے پر مشاورت کی۔مدنی مشورے کے آخر میں اسلامی بہنوں نے نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہنوں سے ملاقات کی۔


شعبہ رابطہ برائے وکلا   دعوت اسلامی کے تحت مؤرخہ 6 ستمبر 2023ء بروز بدھ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں رکنِ شوریٰ حاجی یعفور عطاری نے کراچی سٹی کے ڈسٹرکٹ ذمہ داران کا مدنی مشورہ فرمایا۔

اس دوران رکنِ شوریٰ نے شرکائے مشورہ کو مدنی پھول دیئے اور ماہ ربیع الاوّل کے دوران مختلف بار ایسوسی ایشن میں اجتماع میلاد کے انعقاد کے حوالے سے اہداف دیئے جبکہ باہمی مشاورت سے یہ طے پایا کہ 19 اور 20ستمبر2023ء کو رکنِ شوری حاجی یعفور عطاری مختلف بار ایسوسی ایشن میں اجتماع میلاد میں سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔(رپورٹ: محمد صہیب یوسف عطاری ایڈووکیٹ،کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


صوبہ لومبینی(Lumbini Province)، نیپال کے ڈویژن بھیرہوا(Bhairahawa) میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام31 اگست 2023ء بروز جمعرات سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی اسلامی بہنوں کی شرکت رہی۔

اجتماعِ پاک کے آغاز میں تلاتِ قراٰن کی گئی اور نعت خواں اسلامی بہن نے حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا جبکہ نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے آخرت کی تیاری کے حوالے سے بیان کیا۔

دورانِ بیان نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے اجتماع میں شریک اسلامی بہنوں کی تربیت و رہنمائی کرتے ہوئے انہیں درست قراٰنِ کریم پڑھنے کا ذہن دیا۔اجتماع کے اختتام پر شرکا اسلامی بہنوں نے نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن سے ملاقات کی۔


پچھلے دنوں اِیتھوپین شیخ احمدذاکر القادری کی دیگر ایتھوپین شخصیات کے ساتھ مدنی  مرکزفیضانِ مدینہ نیروبی تشریف آوری ہوئی جہاں ذمہ دارانِ دعوت اسلامی نے انہیں خوش آمدید کہا اور فیضانِ مدینہ میں موجود شعبہ جات کا وزٹ کروایا ۔

دورانِ گفتگو اسلامی بھائیوں نے شیخ احمدذاکر صاحب کو دعوت اسلامی کا تعارف پیش کیااور انہیں دنیا بھر میں ہونے والے دینی کاموں کے متعلق بتایا جس پر وہ دعوت اسلامی کے دینی کاموں پر خوش ہوئے اور انہوں نے دعا ئے برکت فرمائی۔

ساتھ ساتھ شیخ احمدذاکر صاحب نے مبلغین سے کینیا اور ایتھوپیا میں موجود ایتھوپین کمیونٹی کو بھی دعوتِ اسلامی سے وابستہ کرنےکی نیت کا اظہار کیا۔( کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)