تعلیم قوموں کی ترقی و تعمیر کا واحد ذریعہ ہے جس سے نہ صرف معاشرہ فلاح و بہبود کی راہ پر چل پڑتا ہے بلکہ اس قوم کے اخلاق اور سیرت و کردار میں بھی نمایاں فرق آتا ہے ۔ شاگرد اور استاد تعلیمی عمل کے دو اہم عنصر ہیں ایک معلم جہاں اپنے مخصوص مقام اور مرتبے کی وجہ سے انتہائی عظمت و فضیلت والا ہے۔ وہیں پر اپنے منصب کے مطابق اس پر ایسے حقوق بھی عائد ہوتے ہیں جن کی ادائیگی سے نہ صرف اسلامی فلسفۂ حیات کی ترویج و اشاعت ہو سکتی ہے بلکہ ایک مثالی معاشرہ بھی تخلیق پا سکتا ہے۔ایک شاگرد انفرادی و اجتماعی سطح پر اپنے مخصوص حقوق رکھتا ہے جن کی ادائیگی سے تدریسی عمل کو خوشگوار اور مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔یہ اسی وقت ہو سکتا ہے جب اس کے حقوق کی ادائیگی مکمل طور پر ہو ۔ اسی مناسبت سے یہاں شاگرد کے 6 حقوق ذکر کئے جا رہے ہیں:

(1) شفقت و محبت :استاذ کو چاہئے کہ اپنے شاگردوں کے ساتھ نرمی و شفقت سے پیش آئے، اس سے نہ صرف تعلیم کے اسلامی آداب کی رعایت ہو تی ہے بلکہ تدریسی عمل کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے،حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم معلمِ کائنات ہیں، ان کی مبارک سیرت سے بھی نرمی اور شفقت کا درس ملتا ہے، ان کی نرمی کے متعلق ارشادِ باری ہے: ﴿فَبِمَا رَحْمَةٍ مِّنَ اللّٰهِ لِنْتَ لَهُمْۚ-﴾ ترجَمۂ کنزُالایمان: تو کیسی کچھ اللہ کی مہربانی ہے کہ اے محبوب تم ان کے لیے نرم دل ہوئے۔ (پ4،اٰل عمرٰن:159)

(2)برابر سلوک : جماعتی و گروہی تدریس کا چونکہ عام رواج ہے تو ایک شاگرد کا یہ بنیادی حق ہوتا ہے اس کے اور اس کے ہم جماعت طلبہ کے ساتھ یکساں برتاؤ رکھا جائے۔

(3)طلبہ کی حوصلہ افزائی: طلبہ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں حوصلہ افزائی کا اہم کردار ہے، اس سے طلبہ میں خود اعتمادی پیدا ہوتی اور عمل کا جذبہ بھی فروغ پاتا ہے۔ حضور جانِ عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کئی مقامات پر صحابہ کی حوصلہ افزائی فرما کر تعلیمِ امت فرمائی۔

(4) دلچسپ طریقۂ تدریس: معلم کو چاہئے کہ طلبہ کو درس سمجھانے کے لئے مؤثر اور دلچسپ طریقے اپنائے، تدریسی امدادی اشیا (مثلاً سیاه و سفیدبورڈ وغیرہ) کا سہارا لے اور مزید وضاحت کے لئے مثالوں کا استعمال کرے۔

(5)سوالات کرنے کا حق:بعض شاگرد سیکھنے کے زیادہ شوقین ہوتے ہیں، ان کے ذہنوں میں سوالات کا پیدا ہونا فطری امر ہے، مزید جاننے کی جستجو اور اسباق سے متعلق شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لئے طلبہ سوالات کرتے ہیں، ایسی صورت میں اساتذہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نہایت خوش اسلوبی سے سوالات کے جوابات دیں اور اپنے شاگرد کو مطمئن کر دیں ۔

(6) فطری صلاحیتوں کو فروغ دینا: ہر فرد کچھ فطری خصائل اور خصوصیات لیکر پیدا ہوتا ہے، جن کی نشو و نما اس وقت ہوتی ہے جب اسے بہتر تعلیمی سرگرمیاں میسر ہوں ، کسی تعلیمی ادارے سے وابستہ ہونے کے بعد طالب علم کا یہ حق ہوتا ہے کہ استاد اس کی مخصوص فطری صلاحیتوں کی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرے۔

اس کے علاوہ خوشگوار اور صاف تعلیمی ماحول فراہم کرنا، اور شاگرد کی انفرادیت کا خیال رکھنا بھی شاگرد کا حق ہے، اگر شاگردوں کے حقوق کے تحفظ کا منا سب انتظام کیا جائے تو آنے والا معاشرہ نہ صرف امن و سکون کا گہوارہ بن جائے گا بلکہ اسلامی ثقافت و تہذیب کا آئینہ دار بھی ہوگا۔

اللہ پاک ہمیں حقوق العباد کا خیال رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


کھٹمنڈو شہر، نیپال کی اسلامی بہنوں کو دینی مسائل سکھانے والی دعوتِ اسلامی کی ذمہ دار اسلامی بہنوں کا 7 ستمبر 2023ء بروز جمعرات مدنی مشورہ ہوا جس میں ملک نگران، صوبائی نگران اور دیگر سطح کی ذمہ دار اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔

اس مدنی مشورے میں نیپال کے دورے پر موجود نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے ذمہ دار اسلامی بہنوں کی تربیت کرتے ہوئے انہیں کھٹمنڈو میں بڑی اسلامی بہنوں اور بچیوں کے اجتماعات شروع کروانے، اجتماعات کو برقرار رکھنے، درس و بیان کے حلقے لگانے اور دینی ماحول میں دنیاوی تعلیم دینے والے دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کا آغاز کرنے پر مدنی پھول دیئے ۔

آخر میں نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے دیگر موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے اسلامی بہنوں کو اہداف بھی دیئے اور اُن کی حوصلہ افزائی کی۔


دنیا بھر کے مختلف شہروں میں دینِ اسلام کے پیغام کو پہچانے کا جذبہ رکھنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ملک نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں  2 ستمبر 2023ء بروز ہفتہ سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں پورے کھٹمنڈو سے کثیر اسلامی بہنیں شریک ہوئیں۔

موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق اجتماع کا آغاز تلاوتِ قراٰن اور نعت شریف سے کیا گیا جبکہ نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے سنتوں بھرا بیان کیا جس میں انہوں نے شرکا کو دنیا کی حقیقت اور دنیا کی بےرغبتی کے بارے میں بتایا۔

دورانِ بیان نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے آخرت کی تیاری کرنے، نمازوں کی پابندی کرنے اور درست طریقے سے قراٰنِ پاک پڑھنے کی ترغیب دلائی جس پر اسلامی بہنوں نے ہاتھوں ہاتھ نیتیں کیں۔

اجتماع کے اختتام پر نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے شرکا سے ملاقات کرتے ہوئے اُن پر انفرادی کوشش کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں عملی طور پر حصہ لینے کا ذہن دیا۔


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 2 ستمبر 2023ء  بروز ہفتہ نئی تقرر ہونے والی مختلف شعبہ جات (شعبہ ڈونیشن بکس ،اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ، شعبہ سیکھنے سکھانے کا دینی حلقہ، شعبہ شارٹ کورسز،شعبہ فیضانِ مرشد ،شعبہ فیضانِ اسلام، شعبہ رابطہ بالمعالمات، شعبہ نیو سوسائیٹیز) اور صوبہ کشمیر کی نگران اسلامی بہنوں کا آن لائن مدنی مشورہ منعقد ہوا۔

ذمہ داران کی تربیت کے لئے نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے بذریعہ انٹرنیٹ نئی ذمہ داری ملنے پر اسلامی بہنوں کو اپنے شعبے میں دینی کام کرنے کے حوالے سے ترغیب دلائی۔

اس کے علاوہ نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے نئی ذمہ دار اسلامی بہنوں کو فعال کرنے کے لئے مدنی پھول پیش کئے جس پر ذمہ دار اسلامی بہنوں نے اپنی نیک خواہشات کا اظہارکیا۔


مختلف مواقع پر مسلمانوں کی فلاحی امداد کرنے  والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت راولپنڈی شہر میں یومِ دعوتِ اسلامی کے موقع پر 2 ستمبر 2023ء بروز ہفتہ پاکستان مشاورت آفس کی اسلامی بہنوں کا مدنی مشورہ ہوا۔

اس موقع پر نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے دعوت ِ اسلامی کی دینی خدمات بیان کرتے ہوئے دفتر ذمہ داران کو اپنے شعبے کے حوالے سے فعال و ایکٹو (active) رہنے اور دینی کام کرنے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔


لوگوں کو خوفِ خدا عزوجل دلانے اور عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و سلم کی یاد میں رلانے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 01 ستمبر 2023ء بروز جمعہ آن لائن میٹنگ ہوئی جس میں عالمی و ملکی سطح کی نیوسوسائٹیز ڈیپارٹمنٹ ذمہ دار اسلامی بہنیں شریک ہوئیں۔

راولپنڈی شہر سے بذریعہ انٹرنیٹ اس مدنی مشورے میں شریک نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نیوسوسائٹیز ڈیپارٹمنٹ کی تقرری اور اس ڈیپارٹمنٹ کےتحت ہونے والے دینی کاموں کا جائزہ لیا جس پر ذمہ دار اسلامی بہنوں نے اپنی اپنی رائے بھی پیش کی۔


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 01 ستمبر 2023 بروز جمعہ گجرات ڈویژن میں قائم فیضانِ صحابیات (رہائشی ) کی ذمہ داران کا آن لائن مدنی مشورہ ہوا جس میں صوبہ پنجاب و ملک سطح کی ذمہ داران ،گجرات ڈویژن سطح کی فیضانِ صحابیات ذمہ دار اور شعبے کی ناظمات و معلمات کی شرکت رہی ۔

نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے شعبے کو خود کفیل کرنے اور دیگر اہم نکات پر کلام کرتے ہوئے اسلامی بہنوں کی تربیت و رہنمائی کی اور انہیں مدنی پھولوں سے نوازا۔

بعدازاں مدنی مشورے میں شریک اسلامی بہنوں نے دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں ترقی کے لئے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔


8ستمبر 2023ء جمعہ کی رات مراکش (Morocco) میں آنے والے زلزلے نے قیامت صغریٰ کا ماحول برپا کردیا۔زلزلہ کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔ آنے والے زلزلے سے 2 ہزار سے زائد لوگ اپنے خالق حقیقی سے جاملے، 3 لاکھ سے زائد افراد اپنے گھروں سے محروم ہوگئےجبکہ زخمی حالت میں موجود لواحقین اپنے پیاروں کے انتقال پر صدمے سے دوچار ہیں۔

مصیبت کی اس گھڑی میں آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی دُکھیاری امت کی غمخواری کرنے اور اس تکلیف میں متاثرین کی امداد کرنے کے لئے یوکے مڈلینڈ سے دعوت اسلامی FGRF کی ٹیم روانہ ہوچکی ہے۔ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے یوکے مڈلینڈ یوکے دعوت اسلامی FGRF کے ذمہ دار سید محمد فیصل سمیع عطاری نے بتایا کہ ہم اپنے ساتھ مراکش کے متاثرین کے لئے ضرورت زندگی کی تمام اشیاء لیکر جارہے ہیں۔

اس کے بعد حالات کا جائزہ لیتے ہوئے متاثرین کے لئے ضرورت کا دیگر امدادی سامان مختلف ممالک سے منگوایا جائے گا۔

دعوت اسلامی یوکے کے ذمہ دار محمد سمیر حسین عطاری نے کہا کہ ہمیں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین میں امدادی کاموں کا تجربہ رہا ہے لہذا ابتدائی مرحلے میں مراکش کےلوگوں کی جانیں بچانے اور انہیں ملبے سے نکالنے کے لئے امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے بعد ان کے کھانے، پینے اور رہائش کا انتظام کیا جائے گا۔


01 ستمبر 2023  بروز جمعہ قراٰنِ پاک کی تعلیمات لوگوں کو بتانے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے تحت ملکی سطح کی شعبہ مدرسۃ المدینہ بالغات ، قرآن ٹیچر ٹریننگ اور پاکستان مشاورت اسلامی بہنوں کا آن لائن مدنی مشورہ منعقد کیا گیا۔

موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اس مدنی مشورے میں ملکی سطح کی شعبہ مدرسۃ المدینہ بالغات کی ذمہ داران ، شعبہ قرآن ٹیچر ٹریننگ کورسز کی ذمہ دار اور پاکستان مشاورت کی ذمہ دار اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔

راولپنڈی شہر سے بذریعہ انٹرنیٹ دعوتِ اسلامی کی نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نےمدرسۃ المدینہ بالغات اور قرآن ٹیچر ٹریننگ کورسز کے درجات کا جائزہ لیا نیز ان شعبہ جات میں درپیش مسائل کو حل کرنے اور ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کے مقامات پر مدرسۃ المدینہ بالغات کے درجات کا آغاز کرنے پر اسلامی بہنوں کی ذہن سازی کی۔

اسی دوران نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے مدرسۃ المدینہ بالغات کے لئے نئی مدرسات تیار کرنے کے متعلق شرکا کو مدنی پھول دیئے ۔ 

دعوتِ اسلامی کے تحت 31 اگست 2023  بروز جمعرات پنڈورہ ،راولپنڈی میں قائم فیضانِ صحابیات میں صوبہ کشمیر مشاورت کی ذمہ داران کا مدنی مشورہ منعقد ہوا جس میں صوبہ کشمیر نگران، صوبائی سطح کی شعبہ ذمہ داران اور صوبہ کشمیر کی ڈویژن و ڈسٹرکٹ نگران اسلامی بہنوں نے شرکت کی ۔

نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے مختلف دینی کاموں کے حوالے سے کلام کرتے ہوئے نگران کے مدنی پھولوں ، تقرریاں مکمل کرنے ، ماہانہ 8 دینی کام کارکردگی فارم اور ڈویژن و ڈسٹرکٹ نگران کا کارکردگی شیڈول کے حوالے سے اسلامی بہنوں کی تربیت کی۔

مدنی مشورے کے آخر میں نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے نگران و شعبہ ذمہ دار اسلامی بہنوں کی جاب ڈسکرپشن پر کلام کیا اور اسلامی بہنوں کو مدنی پھولوں سے نوازا۔

عرس اعلیٰ حضرت کے موقع پر ملک میں دستار فضیلت اجتماعات کا انعقاد

فارغ التحصیل ہونے والے 1555 علمائے کرام کے سروں پر دستار سجائے گئے

تفصیلات:

دعوت اسلامی کے شعبہ جامعۃ المدینہ بوائز کے زیرِ اہتمام 11 ستمبر 2023ء بمطابق 25 صفر المظفر 1445ھ بروز پیر عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سمیت پاکستان بھر میں 10 مقامات (لاہور، گجرات، سیالکوٹ، اسلام آباد، اوکاڑہ، فیصل آباد، حیدر آباد، ملتان، گوجرانوالہ ) پر دستارِ فضیلت اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جن میں دار الافتاء اہلسنت کے مفتیانِ کرام، اراکینِ شوریٰ، علمائے اہلسنت، جامعات المدینہ کے اساتذۂ کرام و ناظمین، جامعات المدینہ کے طلبائے کرام، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، والدین و سرپرست اور ہزاروں عاشقان رسول نے شرکت کی۔

اجتماع کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا جس کے بعد نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّماور اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کی شان میں نعت و منقبت پڑھیں۔یوم رضا کی مناسبت سے فیضان مدینہ کراچی میں جلوس رضویہ بھی نکالاگیاجس میں اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کی شان میں نعرے لگائے گئے۔

عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہِ راست مدنی چینل پر نشر ہونے والے اجتماع میں مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نےسنتوں بھرا بیان کیااور درسِ نظامی(عالم کورس) اور تخصصات مکمل کرنے والے علمائے کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے محسنین کا شکریہ ادا کرنے اور دو رکعت شکرانے کے طور پر نفل پڑھنے کی ترغیب دلائی۔

نگران شوریٰ نے اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کا مقطع ”اے رضا ہر کام کا ایک وقت ہے“ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ یہ شعر ہمیں ٹوٹنے ، بکھیرنے، منتشر ہونے، اور دل برداشتہ ہونے سے بچاتا ہے، جب بھی ہماری ایسی کیفیت ہو تو اس شعر کو یاد کرلینا چاہیئے۔ آپ نے مزید گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم ”حدائق بخشش“ میں موجود اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کے تمام مقطع کو یاد کرلیں کیونکہ اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کے مقطع ایسے شاندار ہوتے ہیں کہ جس پر کئی بیانات کئے جاسکتے ہیں۔

نگران شوریٰ نے اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کی اندازِ زندگی پر کلام کرتے ہوئے فرمایاکہ آپ رحمۃُ اللہِ علیہ ابتدائے شعور سے ہی نمازِ باجماعت کے سخت پابند تھے اور بالغ ہونے سے پہلے اصحاب ترتیب تھے۔اس کے علاوہ آپ رحمۃُ اللہِ علیہ سنتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر عمل کرتے ہوئے فرض کے ساتھ ساتھ نفل روزے بھی کثرت سے رکھتے تھے۔ اسی انداز کو عاشق اعلیٰ حضرت امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےبھی اپنایا ہوا ہے، آپ دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ بھی کثرت سے نفل روزے رکھنے کا اہتمام کرتے ہیں اور اپنے مریدین و محبین کو اس عمل کی ترغیب بھی دلاتے رہتے ہیں۔نگران شوریٰ نے طلبہ کو علم کے ساتھ ساتھ اپنے عمل میں بھی اضافہ کرنے ، تمام شرکا کو نمازوں کی پابندی کے ساتھ باجماعت ادا کرنے اور زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے ہمیشہ وقت کی پابندی کرنےکا ذہن دیا۔

بیان کے بعد خوشی کا وہ لمحہ بھی آیا کہ دار الافتاء اہلسنت کے مفتیان کرام، نگران شوریٰ، اراکین شوریٰ اور سینئرز اساتذۂ کرام نے جامعات المدینہ پاکستان سے عالم کورس اور تخصصات مکمل کرنے والے 1ہزار 555علمائے کرام کے سروں پر دستار سجائے اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعاؤں سے نوازا۔


لوگوں کو خوفِ خدا کا درس دینے اور انہیں حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرتِ مبارکہ پر عمل کروانے کا ذہن دینے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 01 ستمبر 2023ء بروز جمعہ ملک نیپال کے شہر بٹوال میں محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا۔

تلاوتِ قراٰن کے بعد وہاں موجود تمام اسلامی بہنوں نے مل کر حضور سیّد الکونین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ نیپال دورے پر موجود دعوتِ اسلامی کی نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے شرکا اسلامی بہنوں کے درمیان بیان کرتے ہوئے انہیں دنیا کی مذمت، آخرت کی تیاری اور اللہ پاک کی خفیہ تدبیر کے متعلق مدنی پھولوں سے نوازا۔

علاوہ ازیں نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے انسان کی بےبسی و لاچاری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اسلامی بہنوں کو پابندی کے ساتھ ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے اور تجوید کے ساتھ قراٰن کریم پڑھنے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔