وقت کی اہمیت

Sun, 14 Jun , 2020
3 years ago

وقت ایسی اہم شی ہے کہ جو اسے صحیح استعمال کرتا ہے وہ کامیاب ہوجاتا ہے اور جو اسے ضائع کرتا ہے ناکام ہوجاتا ہے۔اسلامی تعلیمات سے بھی ہمیں وقت کی اہمیت کا درس حاصل ہوتا ہے کہ بہت ساری اہم عبادات مثلا نماز، روزہ، زکوۃ، حج، قربانی وغیرہ کو مخصوص اوقات میں ادا کرنا ضروری ہے۔ قرآن و حدیث کی کئی نصوص اور بزرگوں کے اقوال سے وقت کی اہمیت واضح ہوتی ہے  ۔

آیات کریمہ:

یَسْــٴَـلُوْنَكَ عَنِ الْاَهِلَّةِؕ-قُلْ هِیَ مَوَاقِیْتُ لِلنَّاسِ وَ الْحَجِّؕ-ترجمہ کنز العرفان: تم سے نئے چاند کے بارے میں سوال کرتے ہیں، تم فرمادو یہ لوگوں اور حج کے لیے وقت کی علامتیں ہیں(سورہ بقرہ آیت 189)

وَ الضُّحٰىۙ(۱) وَ الَّیْلِ اِذَا سَجٰىۙ(۲)ترجمہ کنز العرفان: اور چڑھتے دن کی قسم اور رات کی جب وہ ڈھانپ دے (سورہ الضحی آیت ۱-۲)

ان آیات سے وقت کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے کہ قسم اس چیز کی کھائی جاتی ہے جو بہت اہم‌ ہو، رب تعالی ان آیتوں میں اور بہت ساری دیگر آیتوں میں مختلف اوقات کی قسم ارشاد فرمائی جس سے وقت کی اہمیت کا بخوبی اندازہ کیا جاسکتا ہے۔

احادیث طیبہ:

۔آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا دو نعمتیں ہیں جن کے بارے میں بہت سے لوگ دھوکے میں ہیں ۱۔صحت ۲۔فراغت۔ ( انمول ہیرے ص:14)

آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اہل جنت کو کسی چیز کا بھی افسوس نہیں ہوگا سوائے اس گھڑی(وقت) کےجو دنیا میں اللہ کے ذکر کے بغیر گزر گئی ( انمول ہیرے ص: ۹)

بزرگان دین کے اقوال:

۔امام رازی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں خدا کی قسم! کھانا کھاتے وقت علمی مشغلہ (تحریر یا مطالعہ) ترک ہوجانے کا مجھے بہت افسوس ہوتا ہے کہ وقت نہایت ہی قیمتی دولت ہے۔ ( انمول ہیرے ص :۱۸)

امام حسن بصری علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں کہ اے آدمی! تو ایام ہی کا مجموعہ ہے جب ایک دن گزر جائے تو یو سمجھ کہ تیری زندگی کا ایک حصہ بھی گزر گیا۔ (یعنی تیرا وقت ہی تیری زندگی ہے) (ایضا ص ۱۷)

وقت کی اہمیت کا تقاضہ ہے کہ اپنے وقت کی تقسیم کاری اور مینجمنٹ کی جائے۔

ٹائم مینجمنٹ کے فوائد:

ٹائم مینجمنٹ کے عادی ہونے سے بہت سارے کام کم وقت میں ہوجاتے ہیں اور یہ محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے پاس اضافی وقت میسر ہے، ہم اپنے ذاتی، تعلیمی، معاشی، معاشرتی اور دینی ٹارگٹس حاصل کرسکتے ہیں، ذہنی دباؤ سے بچ کر سکون حاصل کر سکتے ہیں ۔

ٹائم مینجمنٹ کے کچھ مراحل:

پہلا: اپنی زندگی کا مقصد متعین کریں۔

دوسرا: اس مقصد تک پہنچنے کا طریقۂ کار طے کریں۔

تیسرا: اس طریقۂ کار پر عمل کریں۔

چوتھا: اپنا جائزہ لیتے رہیں اور غلطیاں درست کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔

اللہ‌تعالی ہمیں اپنا وقت ضائع کرنے سے بچائے اور اسے اپنی اطاعت میں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

؎ تاخیر کا موقع نہ تذبذب کا محل ہے

یہ وقتِ عمل، وقتِ عمل، وقتِ عمل‌ ہے