معاشرے میں انسان کو جن ہستیون سے زیادہ مدد سرپرستی اور سہارا ملتا ہے وہ والدین ہیں والدین صرف اپنی اولاد کی پیدائش ہی کا ذریعہ نہیں ہیں بلکہ اس کی پرورش اور تربیت کے بھی ذمہ دار ہوتے ہیں تجربہ شاہد ہے کہ انسانی بچے کی پرورش سب سے مشکل کام ہے اسی لیے قرآن و سنت میں توحید ورسالت کے بعد والدین کے حقوق پر سب سے زیادہ زور دیا گیا ہے ۔ وَ قَضٰى رَبُّكَ اَلَّا تَعْبُدُوْۤا اِلَّاۤ اِیَّاهُ وَ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًاؕ-اِمَّا یَبْلُغَنَّ عِنْدَكَ الْكِبَرَ اَحَدُهُمَاۤ اَوْ كِلٰهُمَا فَلَا تَقُلْ لَّهُمَاۤ اُفٍّ وَّ لَا تَنْهَرْهُمَا وَ قُلْ لَّهُمَا قَوْلًا كَرِیْمًا(۲۳) (پ 15، بنی اسرائیل: 23 ) ترجمہ کنز الایمان: اور تمہارے رب نے حکم فرمایا کہ اس کے سوا کسی کو نہ پوجو اور ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرو اگر تیرے سامنے ان میں ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان سے ہُوں(اُف تک)نہ کہنا اور انہیں نہ جھڑکنا اور ان سے تعظیم کی بات کہنا۔

وَ اخْفِضْ لَهُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَةِ وَ قُلْ رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّیٰنِیْ صَغِیْرًاؕ(۲۴) (پ 15، بنی اسرائیل:24) ترجمہ کنز الایمان: اور ان کے لیے عاجزی کا بازو بچھا نرم دلی سے اور عرض کر کہ اے میرے رب تو ان دونوں پر رحم کر جیسا کہ ان دنوں نے مجھے چھٹپن(چھوٹی عمر) میں پالا۔

وَ وَصَّیْنَا الْاِنْسَانَ بِوَالِدَیْهِ اِحْسٰنًاؕ-(پ 26، الاحقاف: 15) ترجمہ: اور ہم نے انسان کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرے۔

والدین کے حقوق کے بارے میں احادیث: حدیث شریف میں ہے کہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا اللہ تعالیٰ کو کو ن سا عمل سب سے زیادہ پسند ہے ؟ آ پ ﷺ نے فرمایا وقت پر نماز پڑھنا انہوں نے پھر پوچھا آپ ﷺ نے فرمایا ماں باپ سے نیک سلوک کرنا۔ (بخاری، 4/93، حدیث:5970) نبی کریم ﷺ کے ارشادات گرا می یہ ہیں کہ چچا باپ کی مانند اور خالہ ماں کی مانند ہے۔

ایک حدیث میں نبی کریم ﷺ نے والدین کی وفات کے بعد رشتہ داروں سے اچھے سلو ک کو والدین کے ساتھ نیکی قرار دیا۔

ایک حدیث میں ارشاد ہوا کہ بہترین نیکی یہ ہے کہ باپ کے تعلق داروں اور محبت والوں کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے۔(مسلم، ص 1061، حدیث: 6515)

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: خوار ہو خوار ہو خوار ہو اصحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے پوچھا یا رسول ﷺ کون ؟ آپ ﷺ نے فرمایا جس نے اپنے ماں باپ کو یا ان میں سے کسی ایک کو بڑھاپے کی حالت میں پایا اور پھر ان کی خدمت کرکے جنت حاصل نہ کی۔ (مسلم، ص 1060، حدیث: 6510)

اللہ پاک ہمیں ماں باپ کا فرمانبردار بنائے اور نافرمانی سے محفوظ رکھے آمین ثم آمین