والدین انسان کے وجود کا ذریعہ ہیں بچپن میں انہوں نے ہی ان کی دیکھ بھال اور پرورش کی ہے حقوق الله کے بعد حقوق العباد میں سب سے مقدم حق والدین کا ہے الله پاک نے اپنے حق کے بعد جس حق کا ذکر کیا ہے وہ والدین کا حق ہے جیسا کہ الله رب العزت نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا: وَ اعْبُدُوا اللّٰهَ وَ لَا تُشْرِكُوْا بِهٖ شَیْــٴًـا وَّ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا (پ 5، النساء: 36) ترجمہ: اور اللہ کی عبادت کرو اور اسکے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور والدین سے اچھا سلوک کرو۔

جس طرح قرآن حکیم میں والدین کے حقوق ادا کرنے کی تاکید کی گئی ہے اسی طرح بہت سی احادیث مبارکہ میں بھی والدین کے حقوق کی اہمیت اور تاکید کو خوب واضح کیا گیا ہے۔

والدین کے 5 حقوق:

1۔حضرت ابو امامہ روایت کرتے ہیں کہ ایک آدمی آیا اور اس نے عرض کیا یا رسول الله ﷺ والدین کا اپنی اولاد پر کتنا حق ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: وہ دونوں تیری جنت بھی ہیں اور دوزح بھی یعنی ان کی خدمت کر کے جنت حاصل کر لو یا ان کی نافرمانی کرکے دوزخ کے مستحق ہو جاؤ۔ (ابن ماجہ، 4/186، حدیث: 3662 )

2۔حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا: رب تبارک و تعالیٰ کی رضا مندی والدین کی رضا مندی میں ہے اور رب تبارک وتعالیٰ کی ناراضگی والدین کی ناراضگی میں ہے۔ (ترمذی، 3/360، حدیث: 1907)

3۔ایک شخص نے آقا ﷺ سے سوال کیا کہ اے الله کے رسول لوگوں میں میرے حسن سلوک کا مستحق کون ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: تمہاری ماں، اس نے کہا پھر کون آپ ﷺ نے فرمایا تمہاری ماں، اس نے پھر پوچھا کون فرمایا تمہاری ماں، اس نے کہا پھر کون (چوتھی بار) آپ ﷺ نے فرمایا تمہارا باپ۔ (بخاری، 4/93، حدیث:5971)

4۔حضرت عبد الله بن مسعود رضی الله عنہ کا بیان ہے کہ میں نے حضور ﷺ سے سوال کیا کہ الله تعالیٰ کو کون سا عمل محبوب ہے تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: بر وقت نماز ادا کرنا میں نے عرض کیا پھر کیا ارشاد فرمایا ارشاد فرمایا والدین سے نیکی کرنا میں نے عرض کیا پھر کون سا آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا الله کی راہ میں جہاد کرنا۔ (بخاری، 4/93، حدیث:5970)

5۔حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے آقا ﷺ نے فرمایا: اس کی ناک غبار آلود ہو اس کی ناک خاک آلود ہو اس کی ناک خاک آلود ہو یعنی ذلیل و رسوا ہو! عرض کیا یا رسول الله ﷺ وہ کون ہے حضور ﷺ نے فرمایا جس نے ماں باپ یا دونوں میں سے ایک کو بڑھاپے میں پایا اور ان کی خدمت کر کے جنت میں داخل نہ ہوا۔ (مسلم، ص 1060، حدیث: 6510)

والدین ہمارے لئے سرمایہ ہیں ان کی خدمت ہمارے اوپر الله کی عبادت کے بعد فرض ہے افسوس کہ ہم نے الله کے احکامات کو مسترد کر دیا اور آج ذلیل ورسوا ہو رہے ہیں وجہ کیا ہے؟ وہ یہ کہ والدین کی خدمت سے دوری۔

الله پاک ہمیں اپنی والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین بجاہ النبی الامین ﷺ