حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ
کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا: کوئی بیٹا یا
بیٹی اپنے والدین کے احسان کا بدلہ نہیں
چکا سکتا، مگر یہ کہ وہ اپنے باپ کو غلام پائے اور اسے خرید کر آزاد کردے۔ (مسلم، ص
624، حدیث:3799)
انسان اس دنیا میں اپنے وجود کیلئے ذات باری تعالی
کے بعد سب سے زیادہ محتاج والدین کا ہے کوئی بھی بچہ جب اس دنیا میں آنکھ کھولتا
ہے تو گوشت و پوست کا ایک ننھا سا وجود ہوتا ہے جس میں نہ بولنے کی طاقت ہوتی ہے، نہ
چلنے پھرنے کی سکت، اتنی طاقت بھی نہیں ہوتی کہ وہ کچھ کھاپی سکے، ایسے وقت میں
ماں کا وجود اسکے لئے ایک بڑی نعمت ہوتی ہے، وہ ہر لمحے اسکی نگہبانی کرتی ہے اسے
دودھ پلاتی اور اسکی پرورش و نگہداشت کا فریضہ سر انجام دیتی ہے۔ باپ کی شفقت اسے
زمانے کے سرد و غم سے بچاتی ہے اس کی محبت کی چھاوں اسے ہر سختی، تکلیف اور رنج سے
دور کردیتی ہے، ان دونوں کی پرورش کے نتیجے میں جب وہ شعور کی آنکھ کھولتا ہے تو
اسے صاف نظر آتا ہے کہ اسے اس مقام تک پہنچانے والے اللہ تعالی کے بعد اسکے والدین ہیں۔
اسے اس مقام تک پہنچانے والے والدین نے اپنے فرض کو
پورا کردیا، اب انکے کچھ حقوق میں اور یہ حقوق اتنے اہم ہیں کہ اللہ تعالی نے اپنے
حق عبادت کے بعد دوسرے نمبر پر رکھا ہے۔ اللہ تعالی کی عبادت کرو اور اسکے ساتھ
کسی کو شریک نہ ٹھہراو اور ماں باپ کے ساتھ احسان کرو۔
ماں باپ کے احسان کی فہرست تو بہت طویل ہے البتہ ان
میں سے چند اہم حقوق یہ ہیں:
1۔ طاعت و فرمانبرداری: اگر
والدین کسی ایسے کام کا حکم نہیں دےرہے ہیں جس میں اللہ تعالی کی معصیت ہے یا کسی
بندے پر ظلم اور اسکی حق تلفی ہےتو انکی اطاعت واجب ہے، اللہ تعالی فرماتا ہے: ترجمہ:
اور اگر وہ تیرے درپے ہوں کہ تو میرے ساتھ کسی ایسی چیز کو شریک کرے جس کا تجھے
کچھ بھی علم نہیں تو ان کا کہا نہ ماننا۔ ہاں دنیا (کے کاموں) میں ان کا اچھی طرح
ساتھ دینا۔
اللہ کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا: اللہ تبارک و
تعالی کی اطاعت کی تکمیل والدین کی اطاعت میں ہے اور اللہ تعالی کی نافرمانی والدین
کی نافرمانی میں ہے۔ (شعب الایمان، 6/177، حدیث:7830)
2 ۔ تعظیم و توقیر: قول
و فعل کے ذریعہ والدین کی توقیر انکا واجبی حق ہے حتی کہ انکے سامنے اف کر
دینے میں انکی بے حرمتی اور انکے ساتھ بدسلوکی ہے، چنانچہ ارشاد فرمایا: وَ قَضٰى رَبُّكَ اَلَّا تَعْبُدُوْۤا اِلَّاۤ اِیَّاهُ وَ
بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًاؕ-اِمَّا یَبْلُغَنَّ عِنْدَكَ الْكِبَرَ اَحَدُهُمَاۤ
اَوْ كِلٰهُمَا فَلَا تَقُلْ لَّهُمَاۤ اُفٍّ وَّ لَا تَنْهَرْهُمَا وَ قُلْ
لَّهُمَا قَوْلًا كَرِیْمًا(۲۳) (پ
15، بنی اسرائیل23 ) ترجمہ کنز الایمان: اور تمہارے رب نے حکم فرمایا کہ اس کے سوا
کسی کو نہ پوجو اور ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرو اگر تیرے سامنے ان میں ایک یا
دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان سے ہُوں(اُف تک)نہ کہنا اور انہیں نہ جھڑکنا اور
ان سے تعظیم کی بات کہنا۔
3۔ خدمت: مالی اور بدنی
دونوں ذریعہ سے حتی الامکان انکی مدد کرنا اور انکے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا۔ ایک
شخص خدمت نبوی میں حاضر ہوکر عرض کرتا ہے کہ میرے باپ میرا سارا مال لے لیتے ہیں،
میں کیا کروں؟ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تو
اور تیرا مال تیرے باپ کاہے تمہاری سب سے پاک روزی تمہاری اپنے ہاتھ کی کمائی ہے
اور تمہاری اولاد کا مال تمہاری کمائی میں داخل ہے۔ (ابن ماجہ، 3/81، حدیث: 2292)
4۔ دعا: والدین جب اس
دنیا سے جاچکے ہوں بلکہ اگر وہ بقید حیات ہوں تو بھی اولاد کی دعا کے سخت محتاج
ہیں۔
ایک صحابی نے اللہ کے رسول ﷺ سے پوچھا کہ والدین کی
وفات کے بعد ان کا کیا حق میرے اوپر رہتا ہے؟ آپ نے فرمایا: انکے لئے دعا ئے مغفرت
کرنا، انکے کئے گئے عہد و پیمان کو پورا کرنا، انکے دوست کی تعظیم کرنا اور وہ
رشتہ داریاں جو والدین کے ذریعہ جڑتی ہیں انہیں باقی رکھنا۔ (ابو داود، 4/ 434،
حدیث: 5143)
5۔ متعلقین کے ساتھ حسن سلوک: حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما
سے روایت ہے، نبی ﷺ نے فرمایا: سب سے بڑی نیکی یہ ہے کہ آدمی اپنے باپ سے دوستانہ
تعلقات رکھنے والوں سے تعلق جوڑ کر رکھے۔ (مسلم، ص 1061، حدیث: 6515)
آخر رب پاک سے دعا ہے کہ ہمیں اپنے والدین کا ادب و
احترام کرنے ان کے حقوق کو پورا کرنے اور اپنی آخرت سنوارنے کی توفیق عطا فرمائے
آمین