عبدالرحمٰن سلیم عطّاری
(درجۂ سادسہ جامعۃُ المدینہ فیضان عثمان غنی کراچی، پاکستان)
اللہ تعالیٰ
نے انسان کے لئے کئی رشتے بنائے ہیں۔ان سب رشتوں میں سب سے گہرا اور محبت بھرا
رشتہ ماں کا رشتہ ہے۔ماں وہ عظیم ہستی ہے کہ انسان اپنی ماں کی خدمت کر کے، اس کو
راضی کر کے دنیا و آخرت میں بہت کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔ماں دنیا کے میٹھے ترین
کلمات میں سے ایک کلمہ ہے۔ ماں خلوص محبت شفقت کا مظہر ہوتی ہے۔
احادیث کریمہ
میں کئی مقامات پر ماں کی شان اور اس کی فرمانبرداری کے فضائل کو بیان کیا گیا ہے،ان
میں سے کچھ مندرجہ ذیل ہیں:
(1)جنت
ماں کے قدموں کے نیچے:پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی
بارگاہِ اقدس میں ایک صحابی حاضر ہوئے اور عرض کی، یارسول اللہ صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم! میرا ارادہ جہاد میں جانے کا ہے حضور اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم سے مشورہ لینے کو حاضر ہوا ہوں۔ ارشاد فرمایا: تیری ماں ہے؟ عرض کی، ہاں۔
فرمایا:اس کی خدمت لازم کرلے کہ جنت اس کے قدموں کے پاس ہے۔(مسند امام احمد بن
حنبل، حدیث 15538)
(2)زیادہ
حسن سلوک کا حقدار کون؟حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص
نے عرض کی: یارسول الله صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میرے اچھے برتاؤ کا زیادہ
حقدار کون ہے؟ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: تمہاری ماں۔ اس نے عرض
کی: پھر کون؟ فرمایا: تمہاری ماں۔ اُس نے عرض کی: پھر کون؟ فرمایا: تمہاری ماں۔ اُس
نے عرض کی: پھر کون۔ فرمایا: تمہارا باپ۔ اور ایک روایت میں ہے کہ فرمایا؛ تمہاری
ماں، پھر تمہاری ماں، پھر تمہاری ماں، پھر تمہار اباپ، پھر تمہارا قریبی، پھر
قریبی۔(مشکاة المصابیح، حدیث:741)
(3)اگر
ماں نہ ہوتو خالہ سے اچھا سلوک کرو: ایک شخص نبی کریم صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی: یارسول الله صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم! میں نے بہت بڑا گناہ کرلیا ہے تو کیا میری توبہ ہوسکتی ہے؟ فرمایا:
کیا تیری ماں ہے؟ عرض کی: نہیں۔ فرمایا: کیا تیری کوئی خالہ ہے؟ عرض کی: ہاں۔
فرمایا: اس سے اچھا سلوک کرو۔(سنن ترمذی حدیث 1904)
(4)حضور
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنی چادر بچھا دی: روایت ہے حضرت
ابو طفیل سے فرماتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو مقام
جعرانہ میں گوشت تقسیم فرماتے دیکھا کہ ایک بی بی صاحبہ آئیں حتی کہ نبی صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے قریب ہوگئیں تو حضور نے ان کے لیے اپنی چادر بچھا دی
وہ اس پر بیٹھ گئیں میں نے کہا یہ کون ہیں لوگوں نے کہا یہ حضور کی وہ ماں ہیں
جنہوں نے حضور کو دودھ پلایا ہے۔{مشکاة المصابیح }
(5)والدین
کی زیارت سے مقبول حج کا ثواب:رسول الله صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم نے فرمایا کہ نہیں ہے کوئی اپنے ماں باپ سے بھلائی کرنے والا لڑکا جو اپنے
والدین کو ایک نظر رحمت سے دیکھے مگر الله اس کے لیے ہر نظر کی عوض مقبول حج لکھتا
ہے عرض کیا کہ اگرچہ ہر دن سو بار دیکھےفرمایا ہاں الله بہت بڑا اور بہت پاک ہے۔ {مشکاة
المصابیح }
6:اس
شخص کی ناک خاک آلود ہو: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت
ہے، سرور کائنات صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے تین مرتبہ فرمایا:اُس کی ناک
خاک آلود ہو۔ کسی نے پوچھا:یارسولَ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! کون؟
ارشاد فرمایا: جس نے ماں باپ دونوں کو یا ان میں سے ایک کو بڑھاپے میں پایا اور
جنت میں داخل نہ ہوا۔{صحیح مسلم حدیث 2551}
7:دنیا
میں ہی سزا حضرت
ابی بکرہ سے روایت ہے، رسول الله صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:تمام
گناہوں میں سے الله جو چاہے بخش دے گا سوا ماں باپ کی نافرمانی کے کہ اس شخص کے
لیے موت سے پہلے زندگی میں ہی سزا دیتا ہے۔{مشکاة المصابیح }
اللہ کریم
ہمیں بھی اپنے والدین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائےاوران کے تمام حقوق کو بجا
لانے اور ان کا خیال رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
یہ مضمون نئے لکھاری کا ہے ،حوالہ جات کی تفتیش و
تصحیح کی ذمہ داری مؤلف کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔