محمد حدیر فرجاد (درجۂ خامسہ جامعۃُ المدينہ فيضان ابو
عطّار ملير كراچی، پاکستان)
انسان جب پیدا ہوتا ہے تو وہ بہت ہی زیادہ کمزور اور
دوسروں کا محتاج ہوتا ہے، ماں باپ ہی ہوتے ہیں کہ بچہ جیسا بھی ہو جب تک ان کے جسم
میں جان ہوتی ہے بچے کی ہر ضرورت پوری کرنے کے لئے اپنا تن من دھن سب لگا دیتے
ہیں، باپ سخت گرمی ہو یا سخت سردی، آندھی ہو یا طوفان ہر حالت میں اولاد کی ضرورت
پوری کرنے کے لیے لگاتار محنت کرتا ہے، ہمیں چاہیے کہ اپنے والد کا ادب کریں اور
ان کی ہر جائز بات میں ان کی اطاعت و فرمانبرداری کریں۔ الله پاک نے قرآن کریم میں
والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کے متعلق حکم ارشاد فرماکر والدین کو عزت و عظمت
اور بلند مرتبہ عطا فرمایا ہے، چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَ اِذْ اَخَذْنَا مِیْثَاقَ بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَ لَا
تَعْبُدُوْنَ اِلَّا اللّٰهَ- وَ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًاترجمۂ کنز الایمان:اور جب ہم نے بنی اسرائیل سے
عہد لیا کہ اللہ کے سوا کسی کو نہ پوجو اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرو۔ (پ1،
البقرۃ:83)
والد کی عزت و شرافت اور بلند مرتبے کے کیا کہنے کہ والد
کی عظمت و شان اور اطاعت و فرمانبرداری کے متعلق احادیث مبارکہ بھی وارد ہوئیں ہیں۔
آیئے! اسی ضمن میں چند احادیث مبارکہ پڑھتے ہیں:
اللہ کی خوشنودی و ناراضی:حضرت عبد الله بن عمر رضی
اللہ عنہ نے کہا کہ حضور علیہ الصلوۃ السلام نے فرمایا کہ پروردگار کی خوشنودی باپ
کی خوشنودی میں ہے اور پروردگار کی ناراضگی باپ کی ناراضگی میں ہے۔(ترمذی)
باپ جنت کا درمیانی دروازه:حضرت ابو درداء رضی اللہ
عنہ سے روایت ہے کہ میں نے نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو یہ ارشاد
فرماتے سنا: باپ جنت کا درمیانی دروازہ ہے، اگر تم چاہو تو اس دروازہ کو ضائع کردو
یاپھر اس کی حفاظت کرو۔ (الترغيب والترھیب، 3/18)
والد کا بدلہ:حضرت ابو ہريرة رضی اللہ عنہ
روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: بیٹا
اپنے والد کا بدلہ نہیں دے سکتا مگر یہ کہ وہ اپنے باپ کو غلام پائے تو اسے خرید
کر آزاد کردے۔(الترغيب والترهيب ج3 ص 14)
جب اولاد اپنے والد کا کبھی بدلہ ادا نہیں کر سکتی تو اولاد
کو چاہئے کہ اپنے والد کی فرمانبرداری کرے، ان کے ساتھ اچھا سلوک کرے، ان کی
نافرمانی سے بچے۔
عمر اور رزق میں برکت:حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ
روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جو
شخص یہ چاہتا ہے کہ اس کی عمر لمبی اور اس کا رزق زیادہ ہو تو اسے چاہئے کہ اپنے
والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرئے۔(الترغيب والترھیب، 3/19)
اللہ پاک ہمیں والد کی اطاعت و فرمانبرداری کرنے کی توفیق
عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتَمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم