اللہ تبارک و تعالیٰ نے انسانوں کو مختلف رشتوں میں پرویا ہے اور ان رشتوں میں سے ایک عظیم رشتہ والد کا بھی ہے۔ آیئے! والد کی اطاعت و فرمانبرداری پر 6احادیث مبارکہ ملاحظہ کرتے ہیں:

(1)والد کی رضا رب کی رضا:حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:رب کی رضا والد کی رضا میں ہے اور رب کی ناراضی والد کی ناراضی میں ہے۔(ترمذی)

(2)اعلیٰ نیکی:رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اعلیٰ نیکیوں میں سے ایک نیکی یہ بھی ہے کہ آدمی اپنے والد کے دوست احباب کے ساتھ احسان و سلوک کا معاملہ کرے۔(بخاری)

(3)والد جنت کا دروازہ:نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:باپ جنت کا وسطی (درمیانی)دروازہ ہے اب یہ تمہاری مرضی ہے والد کی نافرمانی کر کے اس درازے کو ضائع کر دو یا والد کے ساتھ بھلائی کر کے اس کو اپنے لیئے محفوظ کر لو۔

(4)تین دعائیں قبول ہوتی ہے:نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:تین دعائیں ضرور قبول ہوتی ہے: (1)مظلوم کی دعا(2)مسافر کی دعا (3)والد کی اپنی اولاد کےلئے دعا۔

(5)والد کا احسان ادا نہیں کر سکتے:حضور اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:کوئی بیٹا اپنے والد کا احسان نہیں چکا سکتا سوائے اس کے کہ وہ اپنے والد کو غلام پائے اور خرید کر آزاد کر دے۔(مسند امام احمد)

(6)منہ نہ پھیرو:نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:والد سے منہ نہ پھیرو، جس نے والد سے منہ پھیرا اس نے کفر کیا۔(بخاری)

اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا ہے کہ ہمیں اپنے والد کا ادب کرنے، ان کی خدمت کرنے اور ان کی اطاعت و فرمانبرداری کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتَمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ مضامین نئے لکھاریوں کے ہیں ،حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلفین کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔