مبشر حسین عطاری (درجۂ رابعہ جامعۃ المدینہ فیضان فاروق
اعظم سادھوکی لاہور،پاکستان)
والد کا مقام و مرتبہ بہت بلند و بالا ہے، والد کی اطاعت و
فرمانبرداری اللہ پاک کی خوشنودی کا ذریعہ ہے، والد کو جنت کا درمیانی دروازہ قرار
دیا گیا ہے۔ آیئے! والد کی اطاعت و فرمانبرداری اور شان و عظمت پر چند احادیثِ
مبارکہ پڑھتے ہیں:
والد کی اطاعت میں رب کی اطاعت ہے: رسول اللہ صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کی اطاعت والد کی اطاعت میں ہے
اور اللہ تعالیٰ کی نافرمانی والد کی نافرمانی میں ہے۔(معجم اوسط، باب الالف، من
اسمه: احمد، 1/43، حدیث:2493)
والد کی خوشی میں رب کی خوشی ہے: رسول کریم صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: پروردگار کی خوشنودی والد کی خوشنودی میں ہے اور
پروردگار کی ناخوشی باپ کی ناراضی میں ہے۔ (ترمذی، کتاب البر والصلۃ، 3/36،حدیث:
1907)
جنت کا بہترین دروازه: رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم نے ارشادفرمایا: باپ جنت کے دروازوں میں سے بہترین دروازہ ہے، اب تمہیں
اختیار ہے کہ (نافرمانی اور دل دُکھا کر) اس دروازے کو ضائع کر دو یا (فرماں
برداری اور خدمت کر کے) اس دروازہ کی حفاظت کرو۔ (ترمذی)
بیٹا اپنے باپ کا حق ادا نہیں کر سکتا:رسول اللہ صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: بیٹا باپ کا حق ادا نہیں کر سکتا مگر ایک صورت میں
کہ باپ کو کسی کاغلام پائے اور باپ کو اس سے آزاد کروا دے۔ (مسلم)