سنت کی اہمیت

Sun, 12 Apr , 2020
4 years ago

آیت و ترجمہ :

لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ

تَرجَمۂ کنز الایمان: بےشک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر ہے (احزاب ،21)

حدیث پاک :

تاجدار مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:جس نے میری سنت سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے مجھ سے محبت کی وہ جنت میں میرے ساتھ ہوگا۔ ( ابن عساکر ج ۹،ص ۳۷۳)

سینہ تیری سنت کا مدینہ بنے آقا

جنت میں پڑوسی مجھے تم اپنا بنانا

ایک مسلمان کےنزدیک سنت کی اہمیت کیا ہوتی ہے اسی کا انداز ہ اس حکایت سے لگایا جاسکتا ہے۔

حکایت:

حضرت سیدنا عبدالوہاب شعرانی قدس سرہ النورانی نقل فرماتے ہیںْ: ایک بار حضرت سیدنا ابوبکر شبلی بغدادی علیہ الرحمہ اللہ الہادی کووضو کے وقت مسواک کی ضرورت ہوئی تلاش کی مگر نہ ملی، لہذا ایک دینار یعنی ایک سونے کی اشرفی میں مسواک خرید کر استعمال فرمائی، بعض لوگوں نے کہا یہ تو آپ نے بہت زیادہ خرچ کر ڈالا کہیں اتنی مہنگی بھی مسواک لی جاتی ہے؟فرما یا:بے شک یہ دنیا اور اس کی تمام چیزیں اللہ عزوجل کے نزدیک مچھر کے پر برابر بھی حیثیت نہیں رکھتیں ، اگر بروز قیامت اللہ عزوجل نے مجھ سے یہ پوچھ لیا تو کیا جواب دوں گا کہ تو نے میرے پیارے حبیب صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی سنت ( مسواک) کیوں ترک کی؟ جو مال و دولت میں نے تجھے دیا تھا اس کی حقیقت تو میرے نزدیک مچھر کے پر برابر بھی نہیں تھی تو آخر ایسی دولت اس عظیم مسواک کو حاصل کرنے پر کیوں خرچ نہیں کی ؟

اس حکایت سے حاصل ہونے والے مدنی پھول:

ایک مسلمان کو سنت سے ایسی محبت ہو کہ اگر اس کے بدلے میں اسے اپنی عزیز ترین چیز بھی قربان کرنی پڑی تو اس سے دریغ نہ کرے۔

نوٹ:یہ مضامین تحریری مقابلہ کے تحت لکھے گئے ہیں، تاکہ طلبہ و طالبات میں تحریر کا شوق و جذبہ پیدا ہوا، کسی بھی خاص عمل کو سنّت قرار دینے کے لئے علمائے اہل سنت سے رابطہ کیا جائے نیز مکتبۃ المدینہ کی کتاب”سنتیں اور آداب“ کا مطالعہ کیا جائے۔