عائلی
زندگی، اسلام میں ایک مقدس تعلق ہے جسے استحکام اور باہمی احترام کی بنیاد پر
استوار کیا گیا ہے۔ اسلام نے شوہر اور بیوی کے درمیان حقوق و فرائض کی وضاحت کرکے
ایک مثالی ازدواجی زندگی کی طرف رہنمائی کی ہے۔ بیوی پر یہ لازم ہے کہ وہ شوہر کی
اطاعت کرے، جب کہ شوہر پر یہ لازم ہے کہ وہ بیوی کی ضروریات اور خوشیوں کا خیال
رکھے اور اس کے ساتھ حسن سلوک کرے۔ تاہم، شوہر کی نافرمانی کے موضوع پر اکثر ایک
سخت اور یکطرفہ نظر ڈالی جاتی ہے، جب کہ اس مسئلے کے مختلف پہلو بھی غور طلب ہیں۔
شوہر کی نافرمانی کے اسباب: شوہر کی نافرمانی کئی اسباب کی
بنا پر ہوسکتی ہے:
1۔ گھریلو مسائل اور غلط فہمیاں: بعض اوقات غلط
فہمیوں، سماجی یا معاشی دباؤ یا دیگر گھریلو مسائل کی وجہ سے ازدواجی تعلقات میں
تلخی پیدا ہو جاتی ہے۔
2۔ شوہر کا غیر متوازن رویہ: اگر شوہر اپنی بیوی کے ساتھ
انصاف نہ کرے، سخت رویہ اپنائے، یا اپنے فرائض میں کوتاہی کرے، تو بیوی کا ردعمل
بھی منفی ہوسکتا ہے۔
3۔ تعلیمی اور معاشرتی فرق: اگر بیوی اور شوہر کی تعلیمی یا
سماجی سطح میں فرق ہو تو اس کی وجہ سے بھی بعض اوقات نافرمانی اور عدم اطاعت کی صورت
پیدا ہوسکتی ہے۔
اسلام
میں ازدواجی زندگی کو حسن سلوک اور محبت سے گزارنے کی تلقین کی گئی ہے۔ اللہ
تعالیٰ نے قرآن میں ارشاد فرمایا: وَ عَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِۚ-(پ 4،
النساء: 19) ترجمہ: اور ان کے ساتھ بھلے طریقے سے زندگی بسر کرو۔
رسول
اللہ ﷺ نے بھی فرمایا: تم میں سے بہترین وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے ساتھ بہتر
سلوک کرتا ہے۔