آج کل جہاں ہمارا معاشرہ اور بہت سے گناہوں میں مبتلا ہے وہیں شو ہر کی نافرمانی میں بھی مبتلا ہے بہت ہی کم خوش قسمت خواتین ہوں گی جو شوہر کی اطاعت اور فرمانبرداری کرتی ہوں آج کل ہمیں بعض ایسے واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں بیویاں اپنی لمبی لمبی زبانیں چلاتی رہتی ہیں اور شوہر بیچارے یک دم چپ،شوہر کے سامنے اس کی ماں،بہن،بھا ئیوں کی برائی کرتی رہتی ہیں اور شوہر لڑائی کے خطرے سے بالکل چپ چاپ سنے جارہے ہوتے ہیں۔

شوہر اگر کسی کام کے کرنے کا کہہ دے تو بیویاں جگہ جگہ کہتی رہتی ہیں کہ میرا شوہر سارا دن مجھ سے کام کرواتا ہے اگر کسی کام سے منع کر دے تو کہتی پھرتی ہیں کہ میرا شوہر تو بڑا سخت ہے اور بعض بیویوں کی عادت ہوتی ہے اگر انہیں کتنا ہی خرچہ کیوں نہ دے دیا جائے مگر یہی کہتی رہتی ہیں میرا شوہر تو خرچہ دیتا ہی نہیں ان جیسی عورتوں کے متعلق حضور اکرم ﷺ کا فرمان عبرت نشان ہے: میں نے جہنم کو دیکھا تو آج جیسا منظر کبھی نہیں دیکھا اور میں نے اس(جہنم) میں عورتوں کو مردوں کی نسبت زیادہ پایا۔لوگوں نے پوچھا!اے اللہ کے رسول ﷺ وہ کیوں؟تو آپ ﷺ نے بتایا کہ ان کے کفر کی وجہ سے،کہا گیا کہ کیا وہ اللہ کا کفر کرتی ہیں؟اپ ﷺ نے فرمایا: خاوند کی نافرمانی کرتی ہیں اور احسان فراموشی کرتی ہیں،اگر آپ ان میں سے کسی کے ساتھ زمانہ بھر احسان کریں،پھر وہ آپ میں کوئی ناگوار بات دیکھ لیں تو کہتی ہیں میں نے تجھ سے کبھی خیر نہیں دیکھی۔ (بخاری، 1/15، حدیث:29)

اگر کوئی عورت بہت زیادہ عبادت گزار ہے نفل نمازیں ادا کر تی ہے نفل روزے رکھتی ہے ساری رات عبادت کرتی ہے مگر شوہر کی نافرمانی کرتی ہے تو اس کی نفل عبادات کسی کام کی نہیں شریعت مطہرہ نے بیوی کو اپنے شوہر کی خوب اطاعت اور فرمانبرداری کا حکم دیا ہے بلکہ حدیث پاک میں آتا ہے: اگر میں کسی کو کسی کے لیے سجدہ کا حکم دیتا تو عورت کو حکم دیتا کہ وہ اپنے شوہر کو سجدہ کرے۔ (ترمذی، 2/386، حدیث: 1162)

ہماری شریعت میں ہر عورت کو اپنے شوہر کی اطاعت اور فرمانبرداری کا حکم دیا ہے ہر عورت کو چاہیے کہ اپنے شوہر کی اطاعت اور فرمانبرداری کرے شوہر کی نافرمانی کرنے والیوں کو ان احادیث سے عبرت حاصل کرنی چاہیے اور اپنے شوہر کی اطاعت اور فرمانبرداری کرنی چاہیے اور جو حقوق ضائع کئے ان کی معافی مانگنی چاہیے۔

اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں ہدایت عطا فرمائے اور پیارے آقا ﷺ کے قدموں میں موت نصیب فرمائے۔ آمین یا رب العالمین