شوہر اور بیوی کا رشتہ بہت ہی خوبصورت رشتہ ہے اور جن میاں بیوی کے درمیان احترام ہو شوہر پر بیوی کے متعلق جو کام لازم ہیں وہ کرتا رہے اور بیوی بھی اپنے شوہر کے حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی نا کرے بلکہ اسکے حقوق ادا کرتی رہے اسکی نافرمانی سے بچتی رہے تو گھر کا ماحول بہت خوش گوار ہوجاتا ہے بچوں پر بھی اس چیز کا مثبت اثر پڑتا ہے۔ ہمارا دین بہت ہی پیارا دین ہےاسکے احکامات پر عمل کرنا بھی آسان ہے جہاں دین اسلام زندگی کے ہر ہر پہلو پر رہنمائی دیتا ہے وہی شوہر کی فرمانبرداری کا درس بھی دیتا ہے اگر ہم زندگی کے ہر ہر پہلو میں دین کی تعلیمات کو ترجیح دیں تو ان شاءاللہ الکریم دنیا بھی اچھی ہوگی آخرت میں بھی انعام و اکرام سے نوازا جائے گا۔

قرآن پاک میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: اَلرِّجَالُ قَوّٰمُوْنَ عَلَى النِّسَآءِ (پ 5، النساء: 34) ترجمہ کنز الایمان: مرد افسر ہیں عورتوں پر ۔

اسکی تفسیر میں مفتی صاحب لکھتے ہیں: عورت کی ضروریات، اس کی حفاظت، اسے ادب سکھانے اور دیگر کئی امور میں مرد کو عورت پر تسلّط حاصل ہے گویا کہ عورت رعایا اور مرد بادشاہ، ا س لئے عورت پر مرد کی اطاعت لازم ہے۔

شوہر کی فرمانبرداکن امور میں لازم؟ شوہر کے حکم دینے میں یہ بات ضرور خیال میں رہے کہ وہ حکم شریعت کے مطابق ہو، اگر شوہر شریعت کے خلاف کسی بات کا حکم دے تو بیوی پر بات نہ ماننا لازم ہے۔ (التیسیر، 1 / 528)

احادیث مبارکہ کی روشنی میں شوہر کی نافرمان کے لیے وعیدیں ملاحظہ فرمائیے:

شوہر کو تکلیف دینے والی کو حور عین کا پیغام: جب کوئی عورت دنیا میں اپنے شوہر کو تکلیف دیتی ہے تو جنت میں حور عین میں سے اس کی بیوی کہتی ہے کہ اسے تکلیف مت دے، اللہ تجھے ہلاک کرے، بے شک وہ تو تیرے پاس مہمان ہے، عنقریب اسے تجھ سے جدا ہوکر ہمارے پاس آنا ہے۔ (ترمذی، 2/392، حدیث: 1177)

شوہر کو حاجت کے وقت بیوی کا انکار کرنا: شوہر اپنی بیوی کو اپنے بستر پر بلائے اور وہ آنے سے (ناراضگی کی وجہ سے) انکار کر دے تو فرشتے صبح تک اس پر لعنت بھیجتے ہیں۔ (بخاری، 3/462، حدیث: 5193)

ایسی عورت پر فرشتے لعنت کرتے ہیں: عورت گھر سے باہر جائے اور اسکے شوہر کو ناگوار ہو جب تک پلٹ کر نہ آئے آسمان میں ہر فرشتہ اس پر لعنت کرے اور جن و آدمی کے سوا جس جس چیز پر گزرے سب اس پر لعنت کریں۔ (معجم اوسط، 6/408، حدیث: 9231)

شوہر کی ناراضی اللہ کی ناراضگی کا سبب: جب تک شوہر اس سے راضی نہ ہو، اللہ اس سے ناراض رہتا ہے۔ (مسلم، ص 853، حدیث: 1436)

دوزخ میں جانے کا باعث: بیوی کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ شوہر کے احسانات کی ناشکری سے بچے کہ یہ بری عادت نہ صرف اس کی دنیوی زندگی میں زہر گھول دے گی بلکہ آخرت بھی تباہ کرے گی، جیساکہ نبیّ برحق ﷺ نے فرمایا: میں نے جہنّم میں اکثریت عورتوں کی دیکھی۔ وجہ پوچھی گئی تو فرمایا: وہ شوہر کی ناشکری اور احسان فراموشی کرتی ہیں۔ (بخاری، 3/463، حدیث:5197)

دعا کا قبول نہ ہونا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ تین شخص ہیں جن کی نماز قبول نہیں ہوتی اور انکی کوئی نیکی بلند نہیں ہوتی (1) بھاگا ہوا غلام جب تک اپنے آقاؤں کے پاس لوٹ نہ آئے اور اپنے کو ان کے قابو میں نہ دے دے (2) وہ عورت جس کا شوہر اس پر ناراض ہو (3) نشہ والا جب تک ہوش میں نہ آئے۔ (شعب الایمان، 6/417، حدیث: 8727)

اے عاشقان رسول ﷺ اسلامی بہنو! ڈر جائیے اور یہ کام آپ سے صادر ہوچکے ہیں تو فورا سے پہلے توبہ کر لیجیے اور جوابھی اس رشتہ سے منسلک نہیں ہوئی ہوئی ہیں وہ نیت فرمالیجیے کہ شوہر کی نافرمانی سے ہمیشہ بچیں گی۔

اللہ پاک ہمیں دین کے احکامات پر عمل کرنے والا بنائے۔ آمین