شادی کے بعد زندگی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوتا ہے اسے پر سکون اور خوشحال بنانے میں میاں بیوی دونوں کا کردار اہم ہے چنانچہ ایک دوسرے کا خیر خواہ و ہمدرد ہونا چاہیے ایک دوسرے کی بات کو سمجھنے والا غمگسار اور دلجوی کرنے والا ہونا چاہیے کسی ایک کی سستی ولاپرواہی گھر کا سکون برباد کر سکتی ہے۔میاں بیوی دونوں کے ذمہ کچھ حقوق ہیں جنہیں پورا کرنا لازم ہے بیوی کے ذمے شوہر کے جو حقوق ہیں ان میں سے کچھ جانتے ہیں۔

اس کے مال کی حفاظت کرے: بیوی کو چاہیے کہ شوہر کی غیر موجودگی میں اس کے مال کی حفاظت کرے شوہر کی اجازت کے بغیر اس کے گھر سے کسی کو کوئی چیز نہ دے اگر اس نے ایسا گیا تو گناہ گار ہوگی (مسند ابی داؤد الطیالسی الحدیث ١٩٥١)

شوہر کی اجازت کے بغیر گھر سے نہ نکلے: عورت پر حق ہے کہ شوہر کی اجازت کے بغیر گھر سے نہ نکلے اگر اس نے ایسا کیا تو واپس لوٹنے یا توبہ کرنے تک فرشتے اس پرلعنت بھجتے رہیں گے۔ (احیاء العلوم جلد دو مترجم۔صفحہ 217)

شوہر کی ناشکری: حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا، میں نے جہنم میں جھانک کر دیکھا تو اس میں اکثر عورتوں کو پایا۔عورتوں نے عرض کی یا رسول الله صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کس سبب سے اشاد فرمایا: وہ لعن طعن زیادہ کرتی اور خاوند کی ناشکری کرتی ہے ۔(صحیح بخاری الحدیث ٥١٩٨,٥١٩٧)

شوہر کی اطاعت: نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا اگر عورت پانچوں نمازیں پڑہے،رمضان المبارک کے روزے رکھے اپنی شرم گاہ کی حفاظت اور اپنے شوہر کی اطاعت کرے تو وہ اپنے رب کی جنت میں داخل ہو گی ۔(احیاء العلوم ، جلد دوم مترجم ،صفحہ 215)

شوہر کو راضی رکھنا:نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا جس عورت کا اس حال میں انتقال ہوا کہ اس کا شوہر اس سے راضی تھا تو وہ جنت میں داخل ہو گی۔ (احیاء العلوم ،جلد دوم مترجم، صفحہ 215)