اللہ پاک نے انسان کو بہت رشتے عطا فرمائے ہیں جن میں سے کچھ یہ ہیں ماں باپ کا بہن بھائی کا اور ان میں سے ایک اہم رشتہ میاں بیوی کا بھی ہے لہٰذا یہاں حدیث کی روشنی میں شوہر کے حقوق بیان کئے جائنگے :

عورت کا جنت میں داخلہ: روایت ہے حضرت انس سے فرماتے ہیں فرمایا رسولﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے عورت جب اپنی پانچ نمازیں پڑھے اور اپنے ماہ رمضان کا روزہ رکھے اور اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرے اور اپنے خاوند کی اطاعت کرے تو جنت کے جس دروازہ سے چاہے داخل ہو جائے ۔ (ابونعیم حل۔مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:5 ،حدیث نمبر:3254)

شوہر کو اپنی ضرورت کیلئے بیوی کو بلانا: وَعَنْ طَلْقِ ا بْنِ عَلِيٍّ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللہ صَلَّى اللہ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِذَا الرَّجُلُ دَعَا زَوْجَتَهُ لِحَاجَتِهِ فَلْتَأْتِهِ، وَإِنْ كَانَتْ عَلَى التَّنُّورِ ترجمہ: روایت ہے حضرت طلق ابن علی سے فرماتے ہیں فرمایا رسولﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ جب مرد اپنی بیوی کو اپنی ضرورت کے لیے بلائے تو وہ فورًا اس کے پاس آئے اگرچہ تنور پر ہو۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:5 ، حدیث نمبر:3241)

بیوی کا شوہر کو ستانا: وَعَنْ مُعَاذٍ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللہ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: لَا تُؤْذِي امْرَأَةٌ زَوْجَهَا فِي الدُّنْيَا إِلَّا قَالَت زَوجَتُهُ مِنَ الحُورِ الْعِينِ: لَا تُؤْذِيهِ، قَاتَلَكِ اللہ، فَإِنَّمَا هُوَ عِنْدَكِ دَخِيلٌ، يُوشِكُ أَنْ يُفَارِقَكِ إِلَيْنَا ترجمہ: روایت ہے حضرت معاذ سے وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے راوی فرمایا نہیں ستاتی کوئی عورت اپنے خاوند کو دنیا میں مگر اس کی حور عین بیوی کہتی ہے کہ خدا تجھے غارت کرے اسے نہ ستا کیونکہ یہ تیرے پاس مہمان ہے بہت قریب تجھے چھوڑ کر ہماری طرف آئے گا۔( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:5 ، حدیث نمبر:3258)

ان احادیث نبوی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مطالعہ کے بعد ہمیں یہ سبق ملا کہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے شوہر کا بہت عظیم مقام و مرتبہ رکھا ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں علم دین سیکھ کر اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین یارب العالمین