اللہ تعالی اپنے بندوں پر بہت مہربان ہے اس نے انسانوں کو پیدا ہی نہیں کیا بلکہ ان کی ہدایت اور رہنمائی کے لیے انہی میں سے کچھ نیک اور برگزیدہ بندے بھیجے۔ ایسے بندوں کو نبی  و رسول کہتے ہیں ۔ان رسول پر اللہ نے کتابیں نازل فرمائی تاکہ ان کے دنیا سے رخصت ہو جانے کے بعد بھی لوگ اللہ کی کتابوں سے نصیحت حاصل کرتے رہیں۔ اور سب سے آخر میں اللہ تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن مجید جیسی مقدس کتاب نازل فرمائی ۔اس مقدس کتاب میں بے شمار مضامین بیان ہوئے ہیں۔ ان مضامین میں سے ایک مضمون قصص بھی ہے۔

قرآن مجید کے اس مضمون میں سابقہ انبیاء کرام علیہ السلام اور ان کی امتوں کے واقعات بیان ہوئے تاکہ لوگ سبق حاصل کریں۔ بہت سی ایسی قومیں گزریں ہیں جن کو اللہ نے انعام و اکرام کی کی طرح طرح کی نعمتوں سے نوازا لیکن انہوں نے اپنی ناشکری کے باعث عذاب الہی کے مستحق ہوئیں۔ انہی قوموں میں سے ایک قوم حضرت شعیب علیہ سلام کی قوم ہے۔ انہوں نے حضرت شعیب علیہ سلام کو جھٹلایا تو ان پر آگ برسی اور سب جل گئے۔

قرآن میں حضرت شعیب علیہ سلام کی قوم کی نافرمانیوں کا تذکرہ ہے ان میں سے چند یہ ہیں:۔ (1) کفر و شرک کرتے تھے (2) اللہ کے عذاب سے نہیں ڈرتے (3) حضرت شعیب علیہ سلام کو جھٹلا کر تمام رسولوں کو جھٹلا یا (4) ناپ تول میں کمی کرنا (5) لوگوں کو ان کی چیزیں کم کر کے دینا (6) رہزنی اور لوٹ مار کرنا (7) کھیتیاں تباہ کر کے زمین میں فساد پھیلانا (8) حضرت شعیب علیہ سلام نے ان کو اسلام کی دعوت دی تو انہوں نے کہا کہ تم ان لوگوں میں سے جن پر جادو ہوا ہے ۔

افسوس کہ ہمارے معاشرے میں ناپ تول میں کمی کرنا رہزنی اور لوٹ مار کرنا وغیرہ تمام برائیاں پائی جاتی ہیں ۔ اللہ تعالی ہمیں عقل سلیم عطا فرمائے۔

اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم