حدیث:

حدیث پاک میں ہے:"ایک بار حضور صلی الله عليه وسلم دو رکعت پڑھ کر کھڑے ہو گئے، بیٹھے نہیں، پھر سلام کے بعد سجدہ سہو کیا۔"اس حدیث کو ترمذی نے مغیرہ بن شعبہ رضی الله عنہ سے روایت کیا اور فرمایا کہ یہ حدیث حسنِ صحیح ہے۔(بہار شریعت، جلد 1، ص 708)

1۔واجباتِ نماز میں سے جب کوئی واجب بُھولے سے رہ جائےتو اس کی تلافی کے لیے سجدہ سہو واجب ہے، "اس کا طریقہ یہ ہے کہ التحیّات کے بعد دہنی طرف سلام پھیر کر دو سجدے کرے پھر تشہّد وغیرہ پڑھ کر سلام پھیرے۔(عامہ کتب،بہار شریعت ،جلد 1،ص 708)

2۔ سجدہ سہو اس وقت واجب ہے کہ وقت میں گنجائش ہواور اگر نہ ہو مثلاً نمازِ فجر میں سہو واقع ہوا اور پہلا سلام پھیرااور سجدہ ابھی نہ کیا کہ آفتاب طُلوع کر آیا، تو سجدہ سہو ساقط ہو گیا، یونہی اگر قضا پڑھتا تھا اور سجدے سے پہلے قرص آفتاب زرد ہو گیا، سجدہ ساقط ہو گیا، جمعہ یا عید کا وقت جاتا رہے گا جب بھی یہی حُکم ہے ۔(عالمگیری، ردالمختار ،بہارِ شریعت، جلد 1،ص 709)

3۔فرض ونفل دونوں کا حکم ایک ہےیعنی نوافل میں بھی واجب ترک ہونے سے سجدہ سہو واجب ہے۔(عالمگیری،بہار شریعت ،جلد 1،ص710)

4۔آیتِ سجدہ پڑھی اور سجدہ کرنا بھول گیاتو سجدہ تلاوت ادا کرے اور سجدہ سہو کرے۔(عالمگیری،بہار شریعت ،جلد 1، ص 711)

5۔تعدیلِ ارکان (یعنی رُکوع ،سُجود،قومہ،اور جلسہ میں کم از کم ایک بار" سبحان الله" کہنے کی مقدار ٹھہرنا)بھول گیا تو سجدہ سہو واجب ہے۔(عالمگیری،بہارِ شریعت،جلد 1،ص 711)

6۔رُکوع کی جگہ سجدہ کیا یا سجدہ کی جگہ رکوع یا کسی ایسے رُکن کو دوبارہ کیا، جو نماز میں مکرر مشروع نہ تھا یا کسی رُکن کومقدّم یا مؤخر کیا تو ان سب صورتوں میں سجدہ سہو واجب ہے۔

(عالمگیری،بہار شریعت ،جلد 1 ،ص 714)

7۔فرض کی پہلی دو رکعتوں میں، نفل و وتر کی کسی رکعت میں سورۃ الحمد کی ایک بھی آیت رہ گئی یا سورت سے پیشتر دوبارہ الحمد پڑھی یا سورت ملانا بھول گیا یا سورت کو فاتحہ پر مقدّم کیا یا الحمد کے بعد ایک یا دو چھوٹی آیتیں پڑھ کر رُکوع میں چلا گیا پھر یاد آیا اور لوٹا اور تین آیتیں پڑھ کر رُکوع کیا تو ان سب صورتوں میں سجدہ سہو واجب ہے۔

(درمختار ،عالمگیری،بہار شریعت،جلد 1،ص 710)

8۔کسی قعدہ میں اگر تشہد میں سے کچھ رہ گیا، سجدہ سہو واجب ہے نماز نفل ہو یا فرض۔

(عالمگیری ،بہار شریعت، جلد 1،ص 713)

9۔پہلی دو رکعتوں کے قیام میں الحمد کے بعد تشہّد پڑھا ، سجدہ سہو واجب ہےاور الحمد سے پہلے پڑھا، تو نہیں۔(عالمگیری،بہار شریعت،جلد 1،ص 713)

10۔تشہد پڑھنا بھول گیااور سلام پھیر دیا پھر یاد آیا تو لوٹ آئے، تشہد پڑھےاور سجدہ سہو کرے، یونہی اگر تشہد کی جگہ الحمد پڑھی ، سجدہ واجب ہو گیا ۔(عالمگیری )

(بہار شریعت،جلد 1، ص 713 تا 714،بہار شریعت، جلد اوّل، حصہ چہارم)