صحابہ کرام علیھم الرضوان سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ہر ہر سنت پر عمل کرنے کی کوشش کیا کرتے تھے اور ہر معاملے میں آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکی اتباع کرتے تھے چاہے ان کا تعلق آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنت عادیہ سے ہی کیوں نہ ہو۔

صحابہ کرام علیھم الرضوان کی سنتوں سے محبت اور ان پر عمل کرنے کا اندازہ ان مندرجہ ذیل واقعات سے لگایا جاسکتا ہے۔

سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ کا سنت پر عمل کا جذبہ:

حضرت سیدتنا ام درداء رضی اللہ عنھا فرماتی ہیں کہ حضرت سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ جب بھی بات کرتے تو مسکرا دیتے ۔آپ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں میں نے سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ سے عرض کی کہ آپ رضی اللہ عنہ اس عادت کو ترک فرما دیجیئے ورنہ لوگ آپ کو احمق سمجھنے لگیں گے تو سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ نے فرمایا میں نے جب بھی رسول اللّٰہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکو بات کرتے دیکھا یا سنا آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مسکراتے تھے۔(یعنی میں بھی اس سنت پر عمل کی نیت سے ایسا کرتا ہوں)۔(مسند احمد،مسند الانصار، باقی حدیث ابی الدرداء رضی اللہ عنہ 171/8, حدیث 21791)

حضرت سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کا سنت پر عمل کرنے کا جذبہ:

حضرت سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ بہت زیادہ متبع سنت تھے آپ رضی اللہ عنہ کو جب بھی کوئی سنت معلوم ہوجاتی تو اس کی بجا آوری میں کسی قسم کی پس و پیش کا مظاہرہ نہ فرماتے۔ چنانچہ

ایک بار کسی مقام پر آپ رضی اللہ عنہ اونٹنی کے ساتھ پھیرے لگا رہے تھے یہ دیکھ کر لوگوں کو تعجب ہوا پوچھنے پر ارشاد فرمایا: ایک بار میں نے مدینے کے تاجدار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو یہاں اسی طرح کرتے دیکھا تھا لہذا آج میں اس مقام پر اسی ادائے مصطفٰی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو ادا کررہا ہوں۔(شرح شفاء، القسم الثانی الباب الاول، فصل واما ورد عن السلف والائمة، من اتباع سنة ٣٠/٢)

بتاتا ہوں تم کو میں کیا کر رہا ہوں

میں پھیرے جو ناقے کو لگوارہا ہوں

مجھے شادمانی اسی بات کی ہے

میں سنت کا ان کی مزہ لے رہا ہوں

اللّٰہ پاک ہمیں بھی صحابہ کرام علیھم الرضوان کے سنت پر عمل کرنے کے جذبے کے صدقے متبع سنت بنائے آمین ثم آمین یارب العالمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم