صحابہ کرام کے فضائل

Mon, 31 Aug , 2020
3 years ago

صحابی کسے کہتے ہیں؟

صحابی کی تعریف کے بارے میں مختلف اقوال آئمہ ہیں ان میں سے صحیح قول یہ ہے کہ جس انسان نے پیارے آقا علیہ الصلوة والسلام کو ایمان کی حالت میں دیکھا ہو اور ایمان ہی کی حالت میں اس کا انتقال ہوا ہو اگر درمیان میں وہ

مرتد ہوگیا مگر بعد میں اسلام لے آیا پھر پیارے آقا علیہ الصلوة والسلام کا دیدار نہ کیا جب بھی وہ صحابی ہے۔(تیسیر مصطلح الحدیث)

فضائل سے کیا مراد ہے؟

فضائل فضیلت کی جمع ہے لغت میں فضل کا معنی اضافہ اور زیادہ ہے، فضائل سے مراد وہ خصائل اور اوصاف ہیں جو پسندیدہ اور لائق مدح ہو۔(صحیح بخاری شریف ج6 ص 693 )

افضل صحابہ کر ام :

ابو منصور نے کہا کہ ہمارے اصحاب کا اس پر اجماع ہے کہ افضل الصحابہ خلفا اربعہ ہیں، ترتیب خلافت کے مطابق پھر تمام عشرہ مبشرہ ہیں پھر اہل بدر ہیں پھر اہل احد ہیں پھر اہل بیعت رضوان ہیں(صحیح البخاری ج۶، ص 697)

قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام کے فضائل بیان فرمائے ہیں جیسا کہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:ترجمہ

جو اللہ تعالی کی راہ میں مارے گئے ہر گز انہیں مردہ نہ خیال کرنا بلکہ وہ اپنے رب کے پاس زندہ ہیں روزی پاتے ہیں۔(پ ۴، ال عمران ۱۶۶)

یہ آیتِ کریمہ شہدا ئے اُحد کے حق میں نازل ہوئی اللہ پاک ایک اور جگہ ارشاد فرماتا ہے: ترجمہ ۔ (یہ اموال) ان فقرا مہاجرین کے لئے (بھی ) ہیں۔ جو اپنے گھر وں اور اپنے اموال اور جائیداد سے نکال دیئے گئے وہ اللہ کا فضل اور اس کی رضا چاہتے ہیں اور اللہ اور اس کے رسول کی مدد کرتے ہیں وہی سچے ہیں۔(الحشر ۸) اس آیت کا عطف مناقب مہاجرین اور ان کے فضائل پر ہے

حدیث مبارکہ میں بھی پیارے آقا علیہ السلام نے صحابہ کرام کے فضائل بیان فرمائے ہیں۔

فرمانِ مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ہے میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں، تم ان میں سے جس کی بھی اقتدا کرو گے ہدایت پا جاؤ گے۔(مشکاة المصابیح حدیث 6018 ج 2 ص 414)

قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام کے فضائل بیان فرمائیے ہیں جیسا کہ اللہ پا ک ارشآد فرماتا ہے۔

ترجمہ :جو اللہ تعالیٰ کی راہ میں مارے گئے ہرگز انہیں مردہ نہ خیال کرنا بلکہ وہ اپنے رب کے پاس زندہ ہیں روزی پاتے ہیں ۔ (پ ۴، آل عمران ۱۶۶)

صحابہ سے محبت کا نام :

جو میرے تمام صحابہ سے محبت کرے ان کی مدد کرے اور ان کے لیے استغفار کرے تو اللہ پاک اسے قیامت کے دن جنت میں میرے صحابہ کی معیت ( یعنی ہمراہی)نصیب فرمائے گا۔(شرح اصول اعتقاد اھل السنہ ج ۲، ص 1062 حدیث 2337)

سب سے پہلے حوضِ کوثر پر ؟

حدیث پاک میں ہے فرمان مصطفی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم ہے سب سے پہلے میرے پاس حوضِ کوثر پر آنے والے میرے اہلبیت ہیں اور میری امت میں سے میرے چاہنے والے ۔ (السنۃ ابن ابی عاصم ص، 173 حدیث: 766)

تمنائے دل اشرف بس اتنی سی سر کوثر

جب آقا جامِ کوثر دیں لبِ اقدس لگا کردیں(امین)

اللہ پاک صحابہ کرام کی محبت عطافرمائے اور ان کی اتباع کرنے کی توفیق عطا فرمائے،

اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم )

نوٹ: یہ مضامین نئے لکھاریوں کے ہیں۔حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلفین کی ہےادارہ اس کا ذمہ دار نہیں