4۔ مؤلف : محمد دانش عطاری  ( درجہ ثانیہ جامعۃ المدینہ فیضان بُخاری موسیٰ لین کراچی )

آقائے دو جہاں صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی غذا مبارک اکثر سادہ ہوتی لیکن آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مختلف جانوروں کے گوشت بھی تناول فرمائے ہیں ذیل میں چند کا ذکر کیا جاتا ہے۔

1:بکری : سرکار دو عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بکری کا گوشت کئی دفعہ تناول فرمایا ،مراۃ میں ہے: حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو(بکری کا) دست پسند تھا ۔

(مراۃ المناجيح، جلد 1 ، صفحہ 246)

2.خرگوش: حضرت انس رضی اللہُ عنہ سے مروی ہے:میں نے ایک خرگوش پکڑا اور ابوطلحہ کے پاس لایا انہوں نے ذبح کیا اور رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پاس اس کا پٹھ اور دونوں رانیں بھیجیں تو حضور نے اسے قبول فرمائیں ۔ (بُخاری حدیث 2572 ملخصاً و ملتقطاً)

3.مچھلی :حضرت جابر رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے: ایک غزوہ میں ہم سخت بھوکے ہوگئے پھر دریا نے ایک مردہ مچھلی پھینکی وہ مچھلی ہم نے پندرہ دن تک کھائی۔ پھر جب ہم(واپس) آئے تو ہم نے اس میں سے رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکی خدمت میں بھیجا تو آپ نے اس(مچھلی) سے تناول فرمایا۔(مشکوٰۃ ، حدیث : 4114 ملخصاً و ملتقطاً)

4۔سرخاب(پرندہ) : حضرت سفینہ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ سرخاب کا گوشت کھایا۔(ابوداؤد، حدیث : 3797 )

5۔مرغ: ابو موسیٰ رضی اللہُ عنہ نے فرمایا: میں نے رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو مرغ کا گوشت کھاتے ہوئے دیکھا ہے۔(ایضاً ،ص 76 ملتقطا)

6۔ گائے : نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو گائے کا گوشت پیش کیا گیا اور بتایا گیا کہ یہ بریرہ رضی اللہُ عنہا کو بطور صدقہ دیا گیا تھا تو آپ نے فرمایا:وہ اس کے لیے صدقہ اور ہمارے لیے ہدیہ ہے ۔ (صحیح مسلم ، حدیث : 2486)

7۔ اونٹ : حجۃ الوداع میں نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے تریسٹھ (63) اونٹ اپنے ہاتھ سے جبکہ بقیہ سیدنا علی ‌ رضی اللہُ عنہ نے ذبح کیے پھر آپ ‌ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حکم دیا کہ ہر اونٹ سے ایک ٹکڑا لیا جائے اور ان کو ہانڈی میں پکایا جائے، پھر ان دونوں نے ان کا گوشت کھایا اور ان کا شوربا پیا۔(مسند احمد ،حدیث : 4639 ملخصاً و ملتقطاً )

اللہ تعالی ہمیں سیرت طیبہ پر عمل کی توفیق عطا فرمائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم