صحابہ کرام علیہمُ الرّضوان وہ مبارک ہستیاں ہیں جنہیں اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت سے فیضیاب فرمایا اور سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی خود تربیت فرمائی جس کی برکت سے یہ حضرات نیک کاموں میں مصروف رہتے اللہ پاک کی عبادت کرنے میں خوب کوشش کیا کرتے تھے،کیونکہ تربیت سے ہی بندے کا کردار نکھرتا ہے،ہمیں بھی اپنے ما تحت رہنے والوں کی احسن انداز سے تربیت کرنی چاہیے۔ تو اسی ضمن میں 7 احادیث مبارکہ درج ذیل ہیں

(1) سات باتوں کا حکم: صحیحین میں ہے برا ء بن عازب رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں ، ہمیں سات باتوں کا حضور (صلی اﷲ تعالی علیہ وسلم نے حکم دیا (1) سلام کا جواب دینا (2) مریض کے پوچھنے جانا (3) جنازے کے ساتھ جانا (4) دعوت قبول کرنا (5) چھینکنے والے کا جواب دینا (جب الحمداللہ کہے) (6) قسم کھانے والے کی قسم پوری کرنا (7) مظلوم کی مدد کرنا ۔ (صحیح بخاری ،کتاب اللباس،باب خواتیم الذہب، ج 4 الحدیث 5823)

(2) سات ہڈیوں پر سجدہ: صحیحین میں ابن عباس سے مروی، حضور صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: مجھے حکم ہوا کہ سات ہڈیوں پر سجدہ کروں،مونھ، دونوں ہاتھ اور دونوں گھٹنے اور دونوں پنجے اور یہ حکم ہوا کہ کپڑے اور بال نہ سمیٹوں ۔ (صحیح بخاری ،کتاب الآن ،باب السجود علی الانف،الحدیث812 ج1 ص 285)

(3) سات چیزوں کا حکم سات سے منع: حضرتِ براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں ہم کو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے سات چیزوں کا حکم دیا اور سات سے منع کیا۔ ہمیں مریض کی عیادت ،جنازوں کے ساتھ جانے، چھینک والے کا جواب دینے، سلام کا جواب دینے، دعوت قبول کرنے، قسم والے کو بری کرنے، مظلوم کی مدد کرنے کا حکم دیا اور سونے کی انگوٹھی، باریک موٹے ریشم، دیباج پہننے، سرخ نمدے، اور قسی پہننے، چاندی کے برتن کے استعمال سے منع فرمایا۔اور ایک روایت میں ہے کے چاندی میں پینے سے منع فرمایا کہ جو دنیا میں اس میں پی لے گا وہ آخرت میں اس سے نہ پی سکے گا۔ ( مرآۃالمناجیح شرح مشکاۃالمصابیح ج 2 الحدیث 1526)

(4) سات شہادتیں: حضرتِ جابر بن عتیک سے روایت ہے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے : اللہ کی راہ میں مارے جانے کے سوا سات شہادتیں اور بھی ہیں، طاعون والا شہید ہے، ڈوبا ہوا شہید ہے، ذات الجنب کی بیماری والا شہید ہے، پیٹ کی بیماری والا شہید ہے، آگ والا شہید ہے، دب کر مرنے والا شہید ہے، عورت ولادت میں مر جائے شہید ہے۔ ( مرآۃالمناجیح شرح مشکاۃالمصابیح ج 2 الحدیث 1561)

پیارے پیارے اسلامی بھائیو ! بندہ بڑا عہدے دار تو بن جاتا ہے لیکن ایک اچھا انسان اپنے اخلاق اور اچھی تربیت سے بنتا ہے اللہ پاک ہمیں اپنے ما تحتوں کی اچھے انداز سے تربیت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم