(1)حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی مکرم نور مجسم رسول اکرم شہنشاہ نبی آدم صلی اللہ علیہ والہ و سلم نے فرمایا، جو ایمان اور نیت ثواب کے ساتھ رمضان المبارک کے روزے رکھے گا اس کے پچھلے گناہ مٹا دیئے جائیں گے (صحیح مسلم، حدیث: 760 ، ص 382)

(2)حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سرور، دو جہاں کے تاجور سلطان بحروبر صلی اللہ علیہ والہ و سلم نے فرمایا :پانچوں نمازیں اور جمعہ اگلے جمعہ تک اور رمضان اگلے رمضان تک کے گناہوں کا کفارہ ہے جب کہ بندہ کبیرہ گناہوں کا ارتکاب نہ کرے۔ (صحیح مسلم، حدیث: 233، ص 144)

(3) حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسن اخلاق کے پیکر، نبیوں کے تاجور، محبوب رب اکبر صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم نے فرمایا" جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیاطین کو بیڑیوں میں جکڑ لیا جاتا ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ رحمت (یعنی جنت) کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے۔ (مسلم، حدیث: 1079، ص 543)

(4)حضرت سیدنا ابو اُمامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرور، دوجہاں کے تاجور، سلطان بحروبر صلی اللہ علیہ اٰلہ و سلم نے فرمایا" اللہ پاک روزانہ افطاری کے وقت ایک تعداد کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے"(المعجم الکبیر،8/284، حدیث:8089)

(5)حضرت سیدنا ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور پاک، صاحب لَولاک، سیاح افلاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا: بیشک اللہ پاک رمضان کے ہر دن اور رات میں ایک تعداد کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے اور رمضان کے ہر دن اور رات مسلمان کی دعا قبول کی جاتی ہے۔ (الترغیب والرہیب،2/63، حدیث: 27)