ایک ایسا مہینہ جس کا انتظار سال بھر کیا جاتا ہے جس کو
پانے کیلئے دعائیں کی جاتیں ہیں وہ عظمتوں رحمتوں برکتوں رفعتوں والا پیارا مہینہ
جس کی ہر گھڑی رحمت بھری جس کی ایک کی
ساعت میں ہزاروں کو جہنم سے آزادی ملے اس
برکت والے مہینے کا نام ہماری مقدس کتاب قرآن مجید میں ذکر کیا گیا اور وہ عظمت
والا مہینہ رمضان المبارک ہے۔ جی ہاں اسی
کا ذکر قرآن مجید میں آیا ہے۔ اللہ ارشاد
فرماتا ہے: شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِیْۤ اُنْزِلَ فِیْهِ الْقُرْاٰنُ
هُدًى لِّلنَّاسِ وَ بَیِّنٰتٍ مِّنَ الْهُدٰى وَ الْفُرْقَانِۚ-ترجَمۂ کنزُالایمان:
رمضان کا مہینہ جس میں قرآن اترا لوگوں کے لیے ہدایت اور رہنمائی اور فیصلہ کی
روشن باتیں۔(پ 2،البقرہ:185)
اگر ہم اس کو سمجھنے کیلئے آسان کریں تو یہ بنے گا کہ اے
لوگوں رمضان تو مہینہ ہے جس میں قرآن اتارا گیا یعنی رمضان المبارک کا مہینہ بہت
عظمت والا ہے اور جب اس کی نسبت قرآن پاک اترنے کی طرف کی گئی تو رمضان المبارک کی
عظمت کو مزید چار چاند لگ گئے۔
رمضان المبارک ہی وہ پیارا مہینہ ہے جس کے لئے جنت کو سجایا
جاتا ہے اللہ پاک کے اور آخری نبی صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا :بے شک جنت سال کے شروع سے اگلے سال تک
رمضان المبارک کیلئے سجائی جاتی ہے۔( شعب الایمان ،3 /312) دیکھے جنت خود اتنی
خوبصورت ہے کہ جس کی ایک اینٹ سونے کی دوسری چاندی ہے اور خود بھی سجی سجائی اور
پھر بھی رمضان المبارک کی عظمت کیلئے مزید سجائی جاتی ہے اور اس کی سجاوٹ ہمارے
وہم و گمان سے وراء ہے۔ رمضان المبارک میں
تو مسلمانوں کے وارے ہی نیارے ہیں کہ ذکراللہ کی بہت فضیلت ہےمگر رمضان المبارک
میں ذکر کرنے والوں کے متعلق سرکار صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ رمضان ذکراللہ کرنے والے کو بخش دیا
جاتا ہے اور اس مہینے میں اللہ پاک سے مانگنے والا محروم نہیں رہتا۔( شعب الایمان ،
3/311) اور حضرت ابراہیم نخعی رحمۃاللہ علیہ فرماتے ہیں رمضان المبارک میں ایک
مرتبہ تسبیح کرنا( سبحان اللہ) کہنا رمضان المبارک کے علاوہ میں ایک ہزار
مرتبہ تسیح کہنے سے افضل ہے۔( تفسیر در منثور ،1/404)
اللہ ہمیں رمضان المبارک کی عظمت کو سمجھ کر اس میں روزے
رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ
النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم