ہر گھڑی رحمت بھری ہے ہر طرف ہیں برکتیں

ماہِ رَمضاں رحمتوں اور برکتوں کی کان ہے

ہماری خوش قسمتی کہ اللہ پاک نے اپنے آخری نبی حضرت محمد مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے ہم کو اپنی رحمتوں، برکتوں اور نعمتوں سے مالا مال جھومتا، مسکراتا اپنا پیارا پیارا اور مقدس مہینہ رمضان عطا فرمایا۔ ماہِ رمضان کی تو کیا ہی شان ہے، اس مقدس مہینے کی ہر ہر لمحے میں اللہ پاک کی رحمتوں کی خوب برسات ہوتی ہے۔

یوں تو سارے مہینے ہی مقدس اور خوب برکتوں والے ہیں مگر جو خوبیاں اور خصوصیات رمضان کے ساتھ خاص ہے وہ کسی اور مہینے کے ساتھ نہیں۔خاص سے مراد وہ بات یا کام ہے جو صرف ایک ہی شے یا چیز میں پایا جائے۔ معزز قارئین آئیے ہم بھی ماہِ رمضان کی چند منفرد خصوصیات ملاحظہ کرتے ہیں:۔

(1) رمضان میں قرآن پاک کا نازل ہونا: اللہ پاک نے ماہِ رمضان میں قرآنِ پاک نازل فرما کر اس کی عظمتوں اور برکتوں کو مزید چار چاند لگا د یئے۔ چنانچہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: ترجمۂ کنزالایمان :رمضان کا مہینا، جس میں قرآن اتارا۔( پ 2،بقرہ :185)

معلوم ہوا کہ قرآن پاک کا ماہِ رمضان میں نازل ہونا صرف رمضان کے ساتھ ہی خاص ہے کسی اور مہینے کو یہ سعادت نہ ملی ۔

(2) لیلۃُ القدر کا رمضان میں ہونا: رمضان المبارک میں شب قدر بھی اپنی بھرپور برکتوں کے جلوے لٹا رہی ہے۔ چنانچہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: بے شک ہم نے اسے شب قدر میں اتارا۔( پ 30، قدر :1)

سبحان اللہ ! اللہ پاک نے شب قدر کو اس مہینے میں رکھ کر دوسرے مہینوں کے مقابلے میں اس کی شان میں مزید اضافہ فرما دیا ۔جمہور علمائے کرام و مفسرین عظام کے نزدیک شب قدر جیسی بابرکت رات ماہِ رمضان کی ستائیسویں شب ہے۔

(3)کاش سارا سال رمضان ہی ہوتا: اس طرح رمضان ایسا مبارک مہینہ ہے جس کی تشریف آوری پر مسلمان کے چہرے خوشی سے کِھل اٹھتے ہیں اور جب یہ مہینا رخصت ہوتا ہے تو عشّاق اس کی جدائی کے غم میں خوب اشک بہاتے ہیں۔ اسی لئے تو حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا :اگر بندوں کو معلوم ہوتا کہ رَمضان کیا ہے تو میری اُمت تمنا کرتی کہ کاش!پورا سال رَمضان ہی ہو۔ (صحیح ابنِ خُزَیمہ، 3/190،حدیث:1886)

اللہ اللہ ! مؤمنین کسی اور مہینے کے متعلق ایسے جذبات نہیں رکھتے ۔

(4) 4خصوصی عبادات: ماہِ رمضان کی ایک اور منفرد خصوصیت جو کسی اور مہینے میں نہیں وہ یہ کہ چار ایسی عبادات ہیں جن کی سعادت صرف رمضان المبارک میں ہی ملتی ہے وہ یہ ہیں:(1) فرض روزے،(2) تراویح،(3) سنت اعتکاف، (4) شب قدر میں عبادات

(5) شیطان کا قید ہونا: ماہِ رمضان کی ایک خصوصیت جو اسے دوسرے مہینوں سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ کہ رمضان کے مبارک مہینے میں شیطان مردود کو قید کر دیا جاتا ہے، جبکہ رمضان کا مبارک مہینہ رخصت ہوتے ہی دوبارہ آزاد کر دیا جاتا ہے۔

اللہ پاک ہمیں صحیح معنوں میں رمضان المبارک کی قدر کرنے اور اس میں خوب خوب عبادات کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم