خُدائے رَحمٰن کا  کروڑہا کروڑ اِحسان کہ اُس نے ہمیں ماہِ رَمضان جیسی عظیم الشان نعمت سے سرفراز فرمایا۔ ماہِ رَمضان کی برکتوں اور بہاروں کا تو کیا ہی کہنا ! پیارے اسلامی بھائیو ! رمضان المبارک بہت ساری خصوصیات کا حامل ہے۔ جن میں سے پانچ یہ بھی ہیں:

(1)ہر مہینے میں خاص تاریخیں اور تاریخوں میں بھی خاص وَقْت میں عبادت ہوتی ہے۔مَثَلاً بَقَر عید کی چند (مخصوص) تاریخوں میں حج ،مُحرَّم کی دسویں تاریخ اَفضل ،مگر ماہِ رَمَضان میں ہر دن اور ہَر َوقت عبادت ہوتی ہے ۔ (فیضانِ سنت،1/860)

(2) اس برکت والے مہینے کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس ماہِ مبارک میں نَفْل کا ثواب فَرض کے برابر ا ور فَرضْ کا ثواب سترّ گُنا ملتا ہے۔(فیضانِ سنت،1/861)

(3)اسی طرح اس مہینے کی بہت ہی منفرد خصوصیت میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس مبارک مہینے میں ایک ایسی رات بھی ہے جو ایک ہزار مہینوں سے افضل ہے یعنی لیلۃ القدر اس مہینے میں آتی ہے۔ اللہ کریم نے قرآن میں فرمایا:لَیْلَةُ الْقَدْرِ ﳔ خَیْرٌ مِّنْ اَلْفِ شَهْرٍؕؔ(۳)ترجمۂ کنزالایمان : شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ۔(پ 30،قدر :3)

(4)اس مہینے کی سب سے منفرد خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس مہینے کے کھانے پینے کا حساب کتاب نہیں ہوگا۔( فیضان سنت ،1/862)

(5)رمضان المبارک کی منفرد خصوصیات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ قیامت کے دن رمضان اور قرآن روزہ دار کی شفاعت کریں گے کہ رمضان تو کہے گا: مولا کریم میں نے اسی دن میں کھانے، پینے سے روکا تھا اور قرآن عرض کرے گا کہ یا رب کریم میں نے اسے رات میں تراویح، تلاوت کے ذریعے سونے سے روکا تھا۔ اس کے علاوہ اور بھی بہت سی خصوصیات اس ماہِ مبارک میں پائی جاتی ہیں جن کا ذکر یہاں ممکن نہیں۔

اللہ کریم سے دعا ہے کہ ہمیں رمضان المبارک کی صحیح معنوں میں قدر کرنے ،اس میں خوب نیکیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم