قربانی ہر صاحبِ اِستطاعت مسلمان مرد و عورت پر شرائط پائے جانے کی صورت میں واجب ہوتی ہے،  بلاشبہ یہ ایک دینی فریضہ اور یادگارِ اَسلاف ہے، لیکن اِس کے ساتھ ساتھ بے شمار دُنیاوی فوائد بھی رکھتی ہے، ان میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:

· معاشی فوائد:قربانی سے پہلے جانوروں کو قربانی کے لئے تیار کرنے، اس سلسلے میں چارے کی فراہمی کے لئے کھیتی باڑی، قربانی کے بعد کھالوں کی پروسیسنگ کے سلسلے میں ورکرز اور چمڑے کا کام کرنے والوں کو روزگار مہیّا ہوتا ہے، جو معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

· طبی فوائد:قربانی کے جانوروں کی جو شرائط شریعتِ مطہرہ نے مقرر فرمائی ہیں، ان کے مطابق قربانی کرنے سے حاصل ہونے والا گوشت صحت کے لئے انتہائی مفید ہوتا ہے۔

· سماجی فوائد:قربانی کے گوشت کی تقسیم سے لوگوں میں محبت کی فضا قائم ہوتی اور سماجی فاصلے کم ہوتے ہیں۔

· صنعتی ترقی:قربانی کرنے سے چمڑے اور اس سے مُنسلک صنعتوں کو ترقی حاصل ہوتی ہے، ملک میں روزگار کے مواقع میں اِضافہ ہوتا ہے، جو معیشت کی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔

· غریبوں کی دلجوئی:قربانی کرنے سے گوشت ان لوگوں تک بھی پہنچتا ہے، جو سارا سال گوشت نہیں کھا سکتے، اس طرح ان کی دلجوئی اور خیر خواہی کا بھی ذریعہ قربانی بنتی ہے۔

اللہ پاک ہمیں اپنی رضا کے لئے خوش دلی سے قربانی کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس کے دینی اور دنیاوی منافع عطا فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم