قراٰنِ کریم اللہ پاک کا بے مثل اور عظیم کلام ہے اور مسلمانوں کے لئے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے جس میں ہر چیز کا واضح اور روشن بیان ہے، قراٰنِ کریم میں جس طرح اللہ پاک نے مسلمانوں کے لئے احکامات اور پچھلی امتوں کے احوال کو ذکر فرمایا اسی طرح انبیا علیہم السّلام کی صفات و کمالات کو بھی بیان فرمایا۔ سابقہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری 2023ء میں حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی صفات کے متعلق مضمون شائع ہوا اور اس ماہ میں حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی چند صفات قراٰن کی روشنی میں بیان کی جا رہی ہیں۔ آپ بھی پڑھئے اور علم میں اضافہ کیجئے:

(1) برگزیدہ بندے: آپ علیہ السّلام اللہ پاک کے چنے ہوئے اور برگزیده بندے ہیں جیسا کہ آپ علیہ السّلام کے متعلق اللہ پاک نے قراٰنِ پاک میں ارشاد فرمایا: ﴿ اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا ترجَمۂ کنزالعرفان: بیشک وہ چُنا ہوا بندہ تھا۔(پ 16، مریم:51)

(2، 3) نبی و رسول: آپ علیہ السّلام کی صفات میں سے یہ بھی ہے کہ آپ نبی اور رسول تھے ۔جیسا کہ اللہ پاک نے قراٰنِ کریم میں ارشاد فرما یا: ﴿ وَ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا(۵۱) ترجمۂ کنزُ العِرفان: اور وہ نبی رسول تھا ۔(پ 16، مریم:51)

(4)کلیمُ اللہ: آپ علیہ السّلام کی ایک صفت یہ بھی ہے کہ اللہ پاک نے کئی بار آپ سے کوہِ طور پر بغیر فرشتے کے واسطے کے کلام فرمایا جیسا کہ قراٰن پاک میں ہے: ﴿ وَ نَادَیْنٰهُ مِنْ جَانِبِ الطُّوْرِ الْاَیْمَنِ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اسے طور کی دائیں جانب سے پکارا۔ ( پ 16، مریم: 52)

(5) الله پاک کا قرب: اللہ پاک نے آپ کو ایک صفت یہ بھی عطا فرمائی کہ آپ علیہ السّلام کو اپنا خاص قرب بخشا جیسا کہ قراٰنِ پاک میں ارشاد ہے: ﴿وَقَرَّبْنٰهُ نَجِیًّا(۵۲)ترجمۂ کنزُ العِرفان: اور اسے اپنا راز کہنے کوقریب کیا ۔ (پ16،مریم: 52)

(6)اللہ پاک کی رضا چاہنے والے : موسیٰ علیہ السّلام کی ایک صفت یہ بھی ہے کہ آپ علیہ السّلام اللہ پاک پر توکل کرنے والے اور ہر حالت میں اللہ پاک کی رضا اور خوشنودی چاہنے والے تھے۔ جیسا کہ قراٰنِ کریم میں ہے: ﴿وَعَجِلْتُ اِلَیْكَ رَبِّ لِتَرْضٰى(۸۴) ترجمۂ کنزالایمان: اور اے میرے رب تیری طرف میں جلدی کرکے حاضر ہوا کہ تو راضی ہو۔ (پ16،طٰہٰ:84)

(7) مستجاب الدعوات:آپ علیہ السّلام کی ایک صفت یہ بھی ہے کہ اللہ پاک نے آپ کی دعا سے آپ کے بھائی حضرت ہارون علیہ السّلام کو نبوت عطا فرمائی۔ جیسا کہ اللہ پاک نے قراٰنِ پاک میں ارشاد فرمایا: ﴿وَ وَهَبْنَا لَهٗ مِنْ رَّحْمَتِنَاۤ اَخَاهُ هٰرُوْنَ نَبِیًّا(۵۳) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اپنی رحمت سے اسے اس کا بھائی ہارون بھی دیا جونبی تھا۔ (پ16،مریم:53)

پیارے اسلامی بھائیو! اسی طرح اللہ پاک نے قراٰنِ پاک میں متعدد مقامات پر انبیا علیہم السّلام کی صفات و کمالات کو بیان فرمایا ہے مگر افسوس ہم اس کا مطالعہ کرنے میں کمزوری دکھاتے ہیں۔ اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ ہمیں انبیائے کرام علیہم السّلام کی سیرت پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم