الله پاک کا کروڑ ہا کروڑ احسان کہ اُس نے ہمیں مسلمان گھرانے میں پیدا فرما کر ایمان جیسی عظیم نعمت سے سرفراز فرمایا۔ آئیے پہلے ہم یہ جان لیتے ہیں کہ مؤمن کسے کہتے ہیں؟ اصطلاح شریعت میں جو شخص سچے دل سے ان سب باتوں کی تصدیق کرلے اسے مؤمن کہتے ہیں۔ لیکن یہ بھی یاد رہے کہ آخرت کی کامیابی کا مدار صرف مؤمن ہونے پر نہیں بلکہ در حقیقت کامیاب وہی مؤمن ہوگا جو اُن اوصاف کو اپنائے گا جن کے اپنانے کا اللہ و رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حکم دیا ہے۔ لہذا ایک مردِ مؤمن میں جو صفات ہونی چاہیے اُن میں سے چند صفات یہاں ذکر کی جا رہی ہیں۔

(1) مؤمنوں کی نماز : الله پاک مؤمنوں کے اوصاف بیان کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے : ﴿الَّذِیْنَ هُمْ فِیْ صَلَاتِهِمْ خٰشِعُوْنَۙ(۲)ترجَمۂ کنزُالایمان: جو اپنی نماز میں گِڑ گڑاتے ہیں۔ (پ18،المؤمنون:2)

(2) لغو باتوں سے اعراض کرنا : دوسرا وصف مؤمنوں کا یہ بھی قراٰن میں مذکور ہے: ﴿ وَ الَّذِیْنَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَۙ(۳)﴾ترجَمۂ کنزُالایمان: اور وہ جو کسی بیہودہ بات کی طرف اِلتفات نہیں کرتے۔(پ18، المؤمنون:3)

(3) عصمت کی حفاظت : ﴿وَ الَّذِیْنَ هُمْ لِفُرُوْجِهِمْ حٰفِظُوْنَۙ(۵) ترجمۂ کنزالایمان: اور وہ جو اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرتے ہیں ۔ (پ18،المؤمنون: 5) اس آیت میں کامیابی حاصل کرنے والے اہل ایمان کا ایک اور وصف بیان کیا جا رہا ہے چنانچہ اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ ایمان والے زنا اور زنا کے اسباب و لوازمات وغیرہ حرام کاموں سے اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں۔( صراط الجنان )

(4) امانتوں اور وعدوں کی رعایت : ﴿ وَ الَّذِیْنَ هُمْ لِاَمٰنٰتِهِمْ وَ عَهْدِهِمْ رٰعُوْنَۙ(۸) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور وہ جو اپنی امانتوں اور اپنے عہد کی رعایت کرتے ہیں ۔(پ18، المؤمنون:8)اس آیت میں اللہ پاک نے فلاح پانے والے مؤمنین کے مزید دو اوصاف بیان فرمائے کہ اگر ان کے پاس کونسی چیز امانت رکھوائی جائے تو وہ اس میں خیانت نہیں کرتے اور جس سے وہ وعدہ کرتے ہیں اُسے پورا کرتے ہیں۔( صراط الجنان )

(5) نمازوں کی حفاظت : ﴿ وَ الَّذِیْنَ هُمْ عَلٰى صَلَوٰتِهِمْ یُحَافِظُوْنَۘ(۹)ترجَمۂ کنزُالعِرفان: اور وہ جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں ۔ (پ18، المؤمنون: 9)اس آیت میں بتایا جا رہا ہے کہ حقیقی کامیابی حاصل کرنے والے مؤمن وہ ہیں جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں، اور انہیں ان کے وقتوں میں ، ان کے شرائط و آداب کے ساتھ پابندی سے ادا کرتے ہیں اور فرائض و واجبات اور سنن و نوافل سب کی نگہبانی کرتے ہیں۔ (خازن، المؤمنون ، آیت 9)

اللہ پاک سے دعا کرتے ہیں کہ اللہ پاک ہمیں کامل مؤمن بنائے اور جن اوصاف کو اپنانے کا اللہ اور رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ہمیں حکم دیا اور ترغیب فرمائی۔ اُن کو اپنانے کی توفیق عطا فرمائے اور دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی ہمارا مقدر فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم