اللہ پاک نے انبیائے کرام علیہم السّلام کو مختلف قوموں کی طرف بھیجا کہ وہ ان لوگوں کی اصلاح کریں ان تک اللہ پاک کے احکام پہنچائیں ، اور ان کو وعظ و نصیحت فرمائیں۔ ان انبیا کی تعداد کم و بیش ایک  لاکھ چوبیس ہزار ہے ۔جیسا کہ احادیثِ پاک سے ثابت ہے ۔(صحیح ابن حبان، 1361)قراٰنِ پاک میں اللہ پاک نے انبیائے کرام علیہم السّلام کے فضائل و کمالات اور صفات بیان کی ہیں ۔ ان انبیائے کرام علیہم السّلام میں سے ایک عظیم ہستی حضرت یحییٰ علیہ السّلام بھی ہیں۔ آئیے ! جو صفات قراٰنِ پاک میں حضرت یحییٰ علیہ السّلام کی ہیں وہ ذکر کرتے ہیں:

(1) اللہ پاک سے ڈرنے والے : آپ علیہ السّلام اللہ پاک سے بہت زیادہ ڈرتے تھے ۔ قراٰنِ پاک میں ہے: ﴿وَ كَانَ تَقِیًّاۙ(۱۳) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور کمال ڈر والا تھا۔(پ 16، مریم:13)تفسیر خزائن العرفان میں ہے کہ آپ خوفِ الٰہی سے بہت گریہ و زاری کرتے تھے یہاں تک کہ آپ کے رخسار مبارکہ پر آنسوؤں سے نشان بن گئے تھے ۔(خزائن العرفان،ص571)

(2)عاجزی اور فرمانبرداری کرنے والے : آپ کی ایک صفت یہ بھی بیان کی گئی کہ آپ تکبر کرنے والے اور نہ ہی اپنے رب کے نافرمان تھے بلکہ عاجزی اور انکساری کرنے والے اور اپنے رب کی اطاعت کرنے والے تھے قراٰنِ پاک میں صفت یوں بیان کی گی : ﴿ وَ لَمْ یَكُنْ جَبَّارًا عَصِیًّا(۱۴)﴾ ترجَمۂ کنزُالایمان: اور زبردست و نافرمان نہ تھا۔( پ 16، مریم:14)

(3) حکمت والے : حکمت سے مراد نبوت ہے کہ ﴿ وَ اٰتَیْنٰهُ الْحُكْمَ صَبِیًّاۙ(۱۲) ترجمۂ کنزالایمان: اور ہم نے اسے بچپن ہی میں نبوت دی۔(پ16،مریم:12)خزائن العرفان میں ہے کہ جب آپ کی عمر شریف تین سال کی تھی اس وقت میں اللہ پاک نے آپ کو کامل عطا فر مائی اور آپ کی طرف وحی کی۔ (خزائن العرفان ص 571)

(4)پاکیزگی والے : ﴿وَّ حَنَانًا مِّنْ لَّدُنَّا وَ زَكٰوةًؕ-وَ كَانَ تَقِیًّاۙ(۱۳) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اپنی طرف سے مہربانی اور ستھرائی اور کمال ڈر والا تھا ۔ ( پ 16، مریم:13) تفسیر بغوی میں ہے کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ یہاں پاکیزگی سے مراد اطاعت و اخلاص ہے، حضرت قتادہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ پاکیزگی سے مراد عملِ صالح ہے۔ (بغوی،3/109،مریم،تحت الآیہ:13)

(5) انوکھے نام والے: ترجَمۂ کنزُالایمان: اس کے پہلے ہم نے اس نام کا کوئی نہ کیا۔ (پ 16، مریم:7) اللہ پاک نے حضرت یحیٰ علیہ السّلام کو یہ فضیلت عطا فرمائی کہ ان کی ولادت سے پہلے ہی ان کا نام رکھ دیا۔

اللہ پاک ان انبیائے کرام کے صدقے ہماری مغفرت اور ایمان و سلامتی والی موت نصیب فرمائے۔ اٰمین