حضرت زکریا علیہ السّلام کو اللہ پاک نے بہت ہی پیارے فرزند حضرت یحییٰ علیہ السّلام سے نوازا ۔آپ دنیا سے بے رغبت اور خوفِ خدا سے بکثرت گر یہ و زاری کرنے والے تھے ۔آپ حق بیان کرنے میں کسی ملامت کرنے والے کی پرواہ نہ کرتے تھے اور یہی عظیم وصف بالآخر آپ کی شہادت کا سبب بنا اور حالتِ سجدہ میں آپ علیہ السّلام مرتبۂ شہادت پر سرفراز ہوئے۔ (سیرتُ الانبیاء، ص767)آپ کا نام یحییٰ اور آپ کا نسب مبارک حضرت سلیمان بن داؤد علیہما السّلام تک پہنچتا ہے ۔ اللہ پاک نے قراٰنِ مجید میں حضرت یحییٰ علیہ السّلام کے اوصاف کا ذکر بھی فرمایا ہے۔ آئیے آپ علیہ السّلام کے 5 قراٰنی اوصاف پڑھئے:

(1) خوفِ خدا: اللہ پاک کے تمام انبیا بہت زیادہ خوفِ خدا رکھنے والے تھے۔ اسی طرح حضرت یحییٰ علیہ السّلامبھی اللہ پاک سے بہت ڈرنے والے تھے۔ اللہ پاک ان کے اس وصف کو قراٰنِ مجید میں اس طرح ذکر فرماتا ہے : ﴿وَ كَانَ تَقِیًّاۙ(۱۳)ترجَمۂ کنز الایمان : اور کمال ڈر والا تھا۔ (پ 16، مریم:13)

(2) والدین کی فرمانبرداری : آپ علیہ السّلام ماں باپ کے فرمانبرداراور ان سے اچھا سلوک کرنے والے تھے ۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: ﴿وَ بَرًّۢا بِوَالِدَیْهِ﴾ ترجَمۂ کنز الایمان : اور اپنے ماں باپ سے اچھا سلوک کرنے والا تھا ۔( پ 16، مریم:14)

(3) بہت عاجزی و انکسار والے: آپ علیہ السّلام کا ایک وصف یہ بھی تھا کہ آپ بہت ہی عاجزی و انکسار کرنے والے تھے کبھی بھی تکبر کر کے اپنے رب کو ناراض کرنے والے نہ تھے۔ اللہ پاک آپ کے اس وصف کو قراٰنِ کریم میں یوں بیان فرماتا ہے:﴿وَ لَمْ یَكُنْ جَبَّارًا عَصِیًّا(۱۴)﴾ ترجَمۂ کنزُالعِرفان: اور وہ متکبر، نافرمان نہیں تھا۔( پ 16، مریم:14)

(4)نرم دل والے : حضرت یحییٰ علیہ السّلام کا ایک وصف قراٰنِ پاک میں یہ بھی بیان ہوا ہے کہ آپ علیہ السّلام بہت ہی زیادہ نرم دل والے تھے۔ اللہ پاک آپ کی اس نرم دلی کے وصف کو قراٰنِ مجید میں بیان فرماتا ہے : ﴿وَحَنَانًا مِّنْ لَّدُنَّا وَ زَكٰوةًؕ-﴾ ترجَمۂ کنزُالعِرفان: اور اپنی طرف سے نرم دلی اور پاکیزگی دی۔ (پ 16، مریم:13)

(5)نیکیوں میں جلدی کرنے والے: آپ علیہ السّلام کا ایک بہت ہی خوبصورت وصف یہ بھی ہے کہ آپ نیکیوں میں جلدی فرمایا کرتے۔ارشادِ باری تعالیٰ ہے:﴿اِنَّهُمْ كَانُوْا یُسٰرِعُوْنَ فِی الْخَیْرٰتِ﴾ ترجَمۂ کنز الایمان : بے شک وہ بھلے کاموں میں جلدی کرتے تھے ۔ (پ17، الانبیآء:90)

محترم قارئین! اللہ پاک کے نبی حضرت یحییٰ علیہ السّلام کے اوصاف میں سے چند اوصاف بیان کئے گئے۔ ہمیں بھی چاہئے کہ انبیائے کرام علیہم السّلام کی سیرت کا ذوق و شوق کے ساتھ مطالعہ کریں اور ان کی مبارک صفات و عادات کو اپنائیں تاکہ ہمارے کردار سے انبیائے کرام کی محبت جھلکتی نظر آئے۔

انبیائے کرام کی سیرت کی معلومات حاصل کرنے کے لئے کتاب ”سیرت الانبیاء“ کا مطالعہ کیجئے۔