مرزا عزیر بیگ

Sat, 14 Oct , 2023
207 days ago

اللہ پاک نے بنو آدم کو کفر و شرک کی برائیوں سے پاک کرنے کے لئے دنیا کے مختلف گوشوں میں انبیا و رسل بھیجے تاکہ وہ انہیں کفرو شرک کے اندھیروں سے نکال کر نورِ ہدایت کی طرف لائیں اور الله کی وحدانیت کی طرف بلائے ، نیکیوں کی طرف بلائے، بھلائی کی طرف بلائے اور انہیں گناہوں سے بچنے کی تبلیغ کرے۔ اللہ پاک نے اپنے بعض نبیوں کو سلطنت بھی عطا فرمائی انہی میں سے ایک نبی حضرت داؤد علیہ السلام ہیں۔ جنہیں اللہ پاک نے حکومت عطا کی۔ آپ کا ذکر قراٰنِ پاک میں متعدد سورتوں میں ہے ۔ اسی طرح احادیث میں بھی ہے۔ آپ کا نام مبارک اور نسب یوں ہے۔ داؤد بن ایشا بن عوید بن عابر بن سلمون بن نحشون بن عویناذب بن ارم بن حصرون بن فارص بن یہودابن حضرت یعقوب بن حضرت اسحاق بن حضرت ابراہیم علیہم السّلام۔

(1)اللہ پاک نے حضرت داؤد علیہ السّلام کو زبور عطا فرمائی۔ چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَ لَقَدْ فَضَّلْنَا بَعْضَ النَّبِیّٖنَ عَلٰى بَعْضٍ وَّ اٰتَیْنَا دَاوٗدَ زَبُوْرًا(۵۵)﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک ہم نے نبیوں میں ایک کو دوسرے پر فضیلت عطا فرمائی اور ہم نے داؤد کو زبور عطا فرمائی۔(پ15، بنٓی اسرآءیل:55)

(2) اور انہیں علم بھی عطا کیا۔ چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿ وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا دَاوٗدَ وَ سُلَیْمٰنَ عِلْمًاۚ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک ہم نے داؤد اور سلیمان کو بڑا علم عطا فرمایا۔ (پ19،النمل:15)

(3) اور انہیں زمین میں خلافت سے سرفراز فرمایا: چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿یٰدَاوٗدُ اِنَّا جَعَلْنٰكَ خَلِیْفَةً فِی الْاَرْضِ﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے داؤد! بیشک ہم نے تجھے زمین میں (اپنا) نائب کیا۔( پ23،صٓ:26)