بشارت کا مطلب ہے خوشخبری، نوید اور یہ وہ الفاظ ہیں کہ جن کو سن کے غمزدہ ،پریشان اور زندگی سے تنگ لوگوں کو ایک مرتبہ پھر جینے ، آگے بڑھنے اور مشکلات سے لڑنے کی ہمت پیدا ہو جاتی ہے۔ اور اللہ پاک کی سنت کریمہ ہے کہ جہاں کافروں کو عذاب سے ڈرایا تو وہیں مؤمنین کو اجرو ثواب اور جنت کی نوید بہی سنائی۔

(1) جنت کی بشارت۔ قرآن کریم میں ہے: ترجمۂ کنز الایمان: اور خوشخبری دے انہیں جو ایمان لائے اور اچھے کام کیے کہ ان کے لیے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں رواں۔ (پ 1، البقرۃ :25)(2) دنیا میں نیک نامی کی بشارت۔ترجمۂ کنز الایمان: انہیں خوشخبری ہے دنیا کی زندگی میں اور آخرت میں اللہ کی باتیں بدل نہیں سکتیں یہی بڑی کامیابی ہے۔(پ11،یونس:64) بعض مفسرین نے اس بشارت سے دنیا کی نیک نامی بھی مراد لی ہے۔(صراط الجنان،4/348) (3) مقام ومرتبہ کی بشارت۔ ترجمۂ کنز الایمان: اور ایمان والوں کو خوشخبری دو کہ ان کے لیے ان کے رب کے پاس سچ کا مقام ہے۔ (پ11، یونس:2)

(4) بہترین اجر کی بشارت۔ ترجمۂ کنز الایمان :اور ایمان والوں کو جو نیک کام کریں بشارت دے کہ ان کے لیے اچھا ثواب ہے۔ جس میں ہمیشہ رہیں گے۔ (پ۱۵،الکھف:2) (5)رب کے فضل کی بشارت۔ترجمۂ کنز الایمان : اور ایمان والوں کو خوشخبری دو کہ ان کے لیے اللہ کا بڑا فضل ہے۔(پ22،الاحزاب:47)(6) فرشتے بشارت دینے آتے ہیں۔ ترجمۂ کنز الایمان: بے شک وہ جنہوں نے کہا ہمارا رب اللہ ہے پھر اس پر قائم رہے اُن پر فرشتے اترتے ہیں کہ نہ ڈرو اور نہ غم کرو اور خوش ہو اس جنت پر جس کا تمہیں وعدہ دیا جاتا تھا۔ (پ24،حٰمٓ السجدۃ :30)(7) بتوں کی عبادت کو چھوڑ نے پر رب کی طرف سے بشارت ۔ ترجمۂ کنز الایمان: اور وہ جو بتوں کی پوجا سے بچے اور اللہ کی طرف رجوع ہوئے انہیں کے لیے خوشخبری ہے تو خوشی سناؤ میرے ان بندوں کو (پ23،الزمر:17) (8)عزت والے ثواب کی بشارت ۔ ترجمۂ کنز الایمان: تم تو اُسی کو ڈر سناتے ہو جو نصیحت پر چلے اور رحمٰن سے بے دیکھے ڈرے تو اُسے بخشش اور عزت کے ثواب کی بشارت دو۔ (پ22، یٰسٓ:11)تفسیر صراط الجنان: اے حبیب! صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، آپ کے ڈر سنانے اور خوف دلانے سے وہی نفع اٹھاتا ہے جو قرآنِ مجید کی پیروی کرے اور اس میں دئیے گئے احکامات پر عمل کرے اور اللہ پاک کے غیبی عذاب سے پوشیدہ اور اعلانیہ ہر حال میں ڈرے اور جس کا یہ حال ہے تو آپ اسے گناہوں کی بخشش اور عزت کے ثواب جنت کی بشارت دے دیں ۔(صراط الجنان،227/8)

(9) اللہ پاک سے عہد وفا پر جنت کی بشارت۔ ترجمۂ کنز الایمان: توبہ والے عبادت والے سراہنے والے روزے والے رکوع والے سجدہ والے بھلائی کے بتانے والے اور برائی سے روکنے والے اور اللہ کی حدیں نگاہ رکھنے والے اور خوشی سناؤ مسلمانوں کو ۔(پ11،التوبۃ:112)تفسیر صراط الجنان: تمام گناہوں سے توبہ کرنے والے۔ اللہ پاک کے فرمانبردار بندے جو اخلاص کے ساتھ اس کی عبادت کرتے ہیں اور عبادت کو اپنے اوپر لازم جانتے ہیں۔ جو ہر حال میں اللہ پاک کی حمد کرتے ہیں۔ نمازوں کے پابند اور ان کو خوبی سے ادا کرنے والے ہیں۔ نیکی کا حکم دینے والے اور برائی سے روکنے والے اور اس کے احکام بجا لانے والے یہ لوگ جنتی ہیں۔ اور اے حبیب! صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، مسلمانوں کو خوشخبری سنا دو کہ وہ اللہ پاک کا عہد وفا کریں گے تو اللہ پاک انہیں جنت میں داخل فرمائے گا۔( صراط الجنان،4/248) (10) متقین کے لئے بشارت۔ترجمۂ کنز الایمان: اور اللہ سے ڈرتے رہو اور جان رکھو کہ تمہیں اس سے ملنا ہے اور اے محبوب بشارت دو ایمان والوں کو۔ (پ2،البقرۃ:223)