قراٰن مجید رب کریم کا بے مثل کلام ہے جسے اللہ پاک نے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل فرمایا۔  جس میں ہر چیز کا کھلا اور واضح بیان ہے جس طرح الله پاک نے قراٰنِ پاک میں مسلمانوں کیلئے احکام اور پچھلی امتوں کے واقعات بیان فرمائے اسی طرح اس میں انبیا و رسول علیہم السّلام کی صفات و کمالات کو بھی بیان فرمایا۔ جیسے حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ایک صفت رحمۃُ للعالمین بیان فرمائی، حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کی صفت روحُ الله بیان فرمائی اور حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی صفت کلیمُ الله بیان فرمائی اسی طرح حضرت ابراہیم علیہ السّلام کی صفت خلیلُ اللہ بیان فرمائی اور حضرت اسماعیل علیہ السّلام کی بھی صفات بیان فرمائیں ان میں سے چند ملاحظہ فرمائیے۔

(1) تمام جہان والوں پر فضیلت عطا فرمائی: اللہ پاک نے ارشاد فرمایا: ﴿وَ اِسْمٰعِیْلَ وَ الْیَسَعَ وَ یُوْنُسَ وَ لُوْطًاؕ-وَ كُلًّا فَضَّلْنَا عَلَى الْعٰلَمِیْنَۙ(۸۶)﴾ ترجمۂ کنزالایمان: اور اسمٰعیل اور یسع اور یونس اور لوط کو اور ہم نے ہر ایک کو اس کے وقت میں سب پر فضیلت دی۔ (پ7،الانعام:86)

(2)وہ وعدے کا سچا تھا: اللہ پاک نے ارشاد فرمایا: ﴿وَ اذْكُرْ فِی الْكِتٰبِ اِسْمٰعِیْلَ٘-اِنَّهٗ كَانَ صَادِقَ الْوَعْدِ وَ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّاۚ(۵۴) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور کتاب میں اسماعیل کو یاد کرو بیشک وہ وعدے کا سچا تھا اور غیب کی خبریں دینے والا رسول تھا۔ (پ16، مریم: 54)

(3) وہ سب صبر کرنے والے تھے : اللہ پاک نے ارشاد فرمایا: ﴿وَ اِسْمٰعِیْلَ وَ اِدْرِیْسَ وَ ذَا الْكِفْلِؕ-كُلٌّ مِّنَ الصّٰبِرِیْنَۚۖ(۸۵)﴾ ترجمۂ کنزالایمان: اور اسمعیل اور ادریس ذوالکفل کو (یاد کرو) وہ سب صبر والے تھے۔ (پ17، الانبیآء‏:85)

(4) ایک بڑا ذبیحہ دے دیا: الله پاک ارشاد فرماتا ہے: ﴿وَ فَدَیْنٰهُ بِذِبْحٍ عَظِیْمٍ(۱۰۷) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اسماعیل کے فدیے میں ایک بڑا ذبیحہ دیدیا ۔(پ23، صٓ:107)

(5) بہترین لوگ: اللہ پاک نے ارشاد فرمایا: ﴿وَ اذْكُرْ اِسْمٰعِیْلَ وَ الْیَسَعَ وَ ذَا الْكِفْلِؕ-وَ كُلٌّ مِّنَ الْاَخْیَارِؕ(۴۸)﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور اسماعیل اور یسع اور ذو الکفل کو یاد کرو اور سب بہترین لوگ ہیں۔(پ23، صٓ:48)الله پاک ہمیں حضرت اسماعیل علیہ السّلام کی سیرتِ طیبہ پر عمل پر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور حضرت اسماعیل علیہ السّلام کی طرح صبر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور الله پاک ہمیں وعدہ خلافی سے بچنے کی توفیق عطا فر مائیں۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم