محمد فیضان رضا(درجہ ثالثہ جامعۃُ المدینہ فیضانِ کنزالایمان، ممبئی،ہند)
حضرت عیسیٰ علیہ السّلام
کا مختصر تعارف : آپ علیہ السّلام کا نام
نامی اسمِ گرامی عیسیٰ (علیہ السّلام) اور آپ کی والدہ ماجدہ کا نام حضرت مریم رضی
اللہ عنہا ہے۔ آپ علیہ السّلام کی تاریخ پیدائش میں بہت اختلاف ہے۔ بہرحال آپ کی
جائے پیدائش ( پیدائش کی جگہ) بیت اللحم ہے جو کوہ سرّہ میں واقع ہے اور کوه سره
بیت المقدس سے 9 میل کی دوری پر ہے ۔
(1) حضرت عیسیٰ علیہ السّلام
ایسے شخص ہیں جو بغیر باپ کے پیدا ہوئے اور بچپن کی حالت میں ہی آپ سے معجزات کا
ظہور ہونے لگا تھا۔ تفسیر صراط الجنان میں ہے :جب فرشتوں نے حضرت مریم رضی
اللہُ عنہا کو بیٹے کی بشارت دی تو
انہوں نے حیرت سے عرض کیا: یا اللہ! ، میرے ہاں بچہ کیسے ہوگا ؟مجھے تو کسی شخص نے
ہاتھ بھی نہیں لگایا اور دستور یہ ہے کہ بچہ عورت و مرد کے ملاپ سے ہوتا ہے تو
مجھے بچہ کس طرح عطا ہوگا ، نکاح سے یا یوں ہی بغیر مرد کے؟ جواب ملا کہ اسی حالت
میں یعنی تم کنواری ہی رہو گی اور فرزند پیدا ہو جائے گا، کیونکہ اللہ بڑی قدرت
والا ہے اور اس کی شان یہ ہے جب وہ کسی کام کا فیصلہ فرمالیتا ہے تو اسے صرف اتنا
فرماتاہے ، ’’
ہوجا ‘‘تو وہ کام فوراً ہوجاتا ہے ۔ (صراط
الجنان،1/478)حضرت عیسیٰ علیہ السّلام
اللہ پاک کے جلیل القدر نبی ہیں ۔ آپ علیہ السّلام پر اللہ پاک کی مقدس کتاب انجیل
نازل ہوئی۔ آپ علیہ السّلام بنی اسرائیل کی طرف مبعوث فرمائے گئے ۔
حضرت عیسیٰ علیہ السّلام
سے بڑے بڑے معجزات ظاہر ہوئے۔ ان میں سے ایک یہ ہے اللہ پاک قراٰن مقدس میں ارشاد فرماتا
ہے : اَنِّیْۤ اَخْلُقُ
لَكُمْ مِّنَ الطِّیْنِ كَهَیْــٴَـةِ الطَّیْرِ فَاَنْفُخُ فِیْهِ فَیَكُوْنُ
طَیْرًۢا بِاِذْنِ اللّٰهِۚ ترجمۂ کنزالعرفان: میں تمہارے لئے مٹی سے پرندے جیسی ایک
شکل بناتاہوں پھر اس میں پھونک ماروں گا تو وہ اللہ کے حکم سے فوراً پرندہ بن جائے
گی۔(پ3،اٰل عمرٰن:49) اس آیت کریمہ میں حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کے ایک معجزے کا
ذکر ہے ۔
(1) مٹی کا چمکادڑ: آپ علیہ السّلام نے نبوت
کا دعوی فرمایا تو لوگوں نے عرض کی کہ اگر آپ نبی ہیں تو الله کے حکم سے ایک چمکادڑ
پیدا کریں تو آپ علیہ السّلام نے مٹی سے ایک چمکادڑ بنایا پھر اسے پھونک مار کر
زندہ کر دیا تو فوراً وہ اڑنے لگا۔
چمگادڑ کی خصوصیت : چمگادڑ ایک عجیب پرندہ ہے
اور قدرت پر دوسروں کے مقابل زیادہ دلالت کرتا ہے یہ پرندہ ہنستا ہے اور اس کی
دانت بھی ہوتی ہے ۔ اور مادہ چمگادڑ کی چھاتی ہوتی ہے اور اس کو حیض بھی آتا ہے
اور وہ بچہ بھی جنتی ہے ۔ جبکہ اڑنے والے پرندوں میں یہ خصوصیت نہیں ہوتی اور عجیب بات تو یہ ہے کہ اس
کے پر نہیں ہے تب بھی یہ اڑتی ہے۔
حضرت عیسیٰ علیہ السّلام
کی صفات :ویسے تو حضرت عیسیٰ علیہ السّلام
کی بہت سی خصوصیات ہیں ان کی ہر خوبی کو تو ذکر کرنا ممکن نہیں مگر ان میں چند
صفات ذکر کرنے کی کوشش کرتا ہوں ۔
"یا عیسی بن مریم "کے
گیارہ حروف کی نسبت سے حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کی گیارہ صفات:(1) کلمۃ الله ہونا(2) مہد میں کلام کرنا(3) مٹی کے پرندے کو پھونک
مار کر زندہ کرنا (4) مسیح ہونا(5) مردوں کو زندہ کرنا(6) حضرت مریم رضی اللہ عنہا
کا بیٹا ہونا (7) مادر ذات اندھے کو شفا
دینا (8) سفید داغ والے مریض کو
شفا دینا(9) غیب کی خبریں دینا(10) اللہ پاک کی بارگاہ میں
مقرب بندہ ہونا ( حوالہ صراط الجنان)(11) قرب قیامت دوبارہ دنیا میں تشریف لانا۔
اللہ پاک کی بارگاہ میں
دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں تمام انبیائے کرام علیہم السلام کی سچی پکی محبت عطا فرمائے
اور ہمیں ان کی تعظیم بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے صدقے ہماری بے حساب
مغفرت فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الکریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم