محمد اویس بن محمد رفیق(درجہ خامسہ جامعۃُ المدينہ فیضان ابو عطار کراچی
پاکستان)
انبیائے علیہم السّلام
کائنات کی عظیم ترین ہستیاں اور انسانوں میں ہیروں موتیوں کی طرح جگمگاتی شخصیات
ہیں جنہیں خدا نے وحی کے نور سے روشنی بخشی حکمتوں کے سر چشمے ان کے دلوں میں جاری
فرمائے انبیائے کرام علیہم السّلام کی سیرت کا مطالعہ آنکھوں کو بصیرت روح کو
روحانیت دلوں کو چین عقل کو ہدایت سوچ کو وسعت کردار کو حسن زندگی کو تعاون بندوں
کو کامیابی اور قوموں کو عروج بخشتا ہےانبیا و مرسلین علیہم السّلام انتہائی اعلیٰ
اور عمدہ اوصاف کے مالک تھے قراٰن و حدیث میں انبیا و مرسلین علیہم السّلام کے
انفرادی اور مجموعی بے شمار فضائل بیان ہوئے ہیں ان انبیائے کرام علیہم السّلام
میں سے ایک حضرت عیسیٰ علیہ السّلام بھی ہیں آپ علیہ السّلام اللہ پاک کے مقبول
بندے برگزیدہ نبی اور اولو العزم یعنی عزم و ہمت والے رسول ہیں۔
حضرت عیسیٰ علیہ السّلام
کی قراٰنی صفات:۔(1) نبی: قَالَ اِنِّیْ عَبْدُ اللّٰهِ ﳴ اٰتٰىنِیَ الْكِتٰبَ وَ
جَعَلَنِیْ نَبِیًّاۙ(۳۰)ترجمۂ کنز الایمان : بچہ نے فرمایا میں ہوں اللہ کا بندہ اس
نے مجھے کتاب دی اور مجھے غیب کی خبریں بتانے والا(نبی) کیا ۔(پ19، مریم، 30) حضرت حسن رضی اللہ عنہ کا قول ہے کہ آپ والدہ کے پیٹ
ہی میں تھے کہ آپ کو توریت کا اِلہام فرما دیا گیا تھا اور جھولے میں تھے جب آپ علیہ
السّلام کو نبوت عطا کردی گئی اور اس حالت میں آپ علیہ السّلام کا کلام فرمانا آپ
کا معجزہ ہے۔ (صراط الجنان مریم تحت الآیۃ 30)
(2) روح: اَلْقٰىهَاۤ اِلٰى
مَرْیَمَ وَ رُوْحٌ مِّنْهُ٘ ترجمہ کنز العرفان: جو اس نے مریم کی طرف بھیجا اور اس کی طرف سے ایک خاص روح
ہے۔(پ6 ،النسآء : 171) حضرت عیسیٰ علیہ السّلام مردوں کو زندہ کرتے تھے اس لیے آپ
کو روح کہا جاتا ہے۔ (مدارک النسآء تحت الآیۃ 171)
(3) کلمۃ اللہ: عِیْسَى ابْنُ
مَرْیَمَ رَسُوْلُ اللّٰهِ وَ كَلِمَتُهٗۚ ترجمہ کنز العرفان: مریم کا بیٹا
عیسیٰ صرف اللہ کا رسول اور اس کا ایک کلمہ ہے۔ (پ6،النسآء: 171) آپ علیہ السّلام
کو کلمہ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ جس طرح کلام سے ہدایت حاصل کی جاتی ہے اسی طرح آپ
سے بھی ہدایت حاصل کی گئی۔ (مدارک ،النسآء تحت الآیۃ 171) اور حضرت عیسیٰ علیہ السّلام
کو کلمۃُ اللہ اس لئے بھی کہا جاتا ہے کہ آپ علیہ السّلام کے جسم شریف کی پیدائش
کلمہ’’ کُن‘‘ سے ہوئی، باپ اور ماں کے نطفہ سے نہ ہوئی۔ (صراط الجنان، آل عمران
تحت الآیۃ 45)
(4) مسیح: اِنَّمَا
الْمَسِیْحُ عِیْسَى ابْنُ مَرْیَمَ رَسُوْلُ اللّٰهِ ترجمہ کنز العرفان: مسیح عیسیٰ مریم
کا بیٹا اللہ کا رسول ہی ہے۔ آپ علیہ السّلام کا لقب مسیح ہے کیونکہ آپ علیہ السّلام
مَس کرکے یعنی چھو کر شفا دیتے تھے۔ (صراط الجنان آل عمران تحت الآیۃ 45)
حضرت عیسیٰ علیہ السّلام اللہ
پاک کا کلمہ ہیں ، نام عیسیٰ ہے، لقب مسیح ہے کیونکہ آپ علیہ السّلام مَس کرکے
یعنی چھو کر شفا دیتے تھے، دنیا و آخرت میں عزت و وجاہت والے ہیں اور رب کریم کے
مقرب بندے ہیں اس کے علاوہ بھی کئی اوصاف حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کے قراٰن مجید
میں مذکور ہیں۔ اللہ پاک ہمیں انبیائے کرام علیہم السّلام کی سیرت کا مطالعہ کر کے
ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔