قرآن مجید  سب سے مقدس اور سب سے عظیم کتاب ہے جو اللہ تعالی کی طرف سے کاروانِ انسانیت کے سب سے آخری اور سب سے عظیم راہنما رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر نازل ہوئی جو ظلمُ وجَہل کی تاریکیوں میں منارہ نور ، کفروشرک کے تابوت کی آخری کِیل اور پوری مخلوقِ انسانی کیلئے اللہ کی طرف سے اتارا ہوا سب سے آخری اور سب سے جامع قانون ہے ۔

قرآن مجید کی عظمتُ و بُزرگی اور اُس کی فضیلت و رِفعت کیلئے اِسی قدر کافی ہے کہ وہ خداوندِعالم،مالکِ ارض وسمااور خالقِ لوح وقلم کا کلام ہے ، تمام عیوب اور تمام نقائص سے بری وپاک ہے، فصاحت و بلاغت کا وہ آخری نقطۂ عروج کہ بڑےبڑے عرب فصیح و بلیغ اِس کے سامنے طفلِ مکتب، علوم و معارف اور فکر و دانش کا وہ کوہِ ہمالہ کہ دنیا کے بڑےبڑے مفکّر،فلسفی،دانشور اور ارباب نظر و فکر اس سے سر ٹکرائیں ۔

قرآن مجید کی تلاوت اور پڑھنےکا ثواب تو محتاجِ بیان نہیں، تمام علماء اس بات پر متفق ہیں کہ کوئی ذکر تلاوتِ قرآن مجید سے زیادہ ثواب نہیں رکھتا ،خصوصاً نماز میں اس کی قراءت کا ثواب اور اس کی فضیلت اتنی ہے کہ وہ دائرہ تحریر سے باہر ہے ۔ لیکن یہاں قرآن مجید پڑھانے کے چند احادیث و فضائل ذکر کئے جاتے ہیں ۔

چناچہ قرآن کریم کی تعلیم و تعلّم کے بارے میں اللہ کے آخری نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ارشاد فرمایا حدیث :خیرکم من تعّلم القرآن و علّمہ ۔ترجمہ تم میں سب سے بہتر وہ شخص ہے جس نے قرآن سیکھا اور اسے دوسروں کو سکھایا ۔)بخاری،کتاب فضائلِ قرآن،حدیث ۵۰۲۷(

حضرت سیدنا ابو عبدالرحمن سلمی رضی ﷲ عنہ مسجد میں قرآن پاک پڑھایا کرتےاور فرماتے اسی حدیث مبارک نے مجھے یہاں بٹھا رکھا ہے ، )فیض التقریر ،تحت الحدیث۔983 3،ج 3، ص ۲١۸(

حضرت انس رضی ﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی ﷲ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور سکھایا اور جہ کچھ قرآن پاک میں ہے اس پر عمل کیا قرآن شریف اس کی شفاعت کرے گا اور جنت مین لے جائے گا ۔

(تاریخ دمشق لابن عساکر ، ذکر من اسمہ عقیل، 4734 ،عقیل بن احمد بن محمد ،ج 4 ،ص 3 (

اسی طرح حضرت انس رضی ﷲ عنہ سے روایت ہے کہ جس شخص نے قرآن مجید کی ایک آیت یا دین کی کوئی سنت سکھائی قیامت کے دن ﷲ تعالی اس کے لئے ایسا ثواب تیار فرما ئے گا کہ اس سے بہتر ثواب کسی کیلئے بھی نہیں ہوگا ،) جمع الجوامع للسیوطی ، حرف المیم ، الحدیث ۲۲۴۵۴ ، ج ۷ ، ص ۲۰۹ (

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ۔ہمیں بھی چاہئے کہ ہم بھی قرآن پاک کی تعلیم کو عام کریں قرآن پاک پڑھائیں اس سے اولاً تو ہمیں خود کو ڈھیروں ثواب اور فضائل حاصل ہونگے اس سے ہماری نسل اور معاشرے میں بہتری کا سامان ہے ۔

اللہ ہمیں قرآن پاک پڑھنے پڑھانے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم