قرآن مجید فرقان حمید اللہ پاک کا کلام ہے، جو سب سے آخری رسول محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوا اور اس میں قیامت تک کے تمام بنی نوع انسان کے لئے ہدایت و رہنمائی کا سامان موجود ہے، جہاں قرآن پاک کو دیکھنا، چھُونا، دُرست پڑھنا، سننا بے شمار اجرو ثواب کا کام ہے، وہیں قرآن پاک پڑھانے کے لئے بھی بے شمار فضائل ہیں، چنانچہ نبی کریم رؤف الرحیم صلی اللہ علیہ وسلم کے چند فرامین مقدسہ ملاحظہ ہوں ۔

(1) اللہ پاک کے آخری نبی، مکی مدنی، محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کا ار شادِ رحمت نشان ہے ۔

خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَ عَلَّمَہٗ۔"یعنی تم میں سے بہترین شخص وہ ہے، جو خود قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔"

(بخاری، کتاب فضائل القرآن، باب خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ ۔۔۔۔۔ 3/410، حدیث 5027)

(2)من تعلم القرآن وعلمہ واخذ بمافیہ کان لہ شفیعا ود کیلا الی الجنۃ۔

"جس نے قرآن پاک سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے، اُس پر عمل کیا، قرآن شریف اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے جائے گا۔"

(المؤتلف والمختلف للدار قطنی، باب الخاء 2/830، فیضانِ تجوید، ص 5)

(3) جنتی صحابی، خا دم النبی، حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ معظم ہے:"جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے، اُس پر عمل کیا، قرآن شریف اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے جائے گا۔"(تلاوت کی فضیلت، ص 6، تاریخ دمشق لابن عساکر، ج 41، ص3، المعجم الکبیر للطبرانی، ج10، ص 198، حدیث 1045)

(4)ایک حدیثِ شریف میں ہے:" جس شخص نے کتاب اللہ کی ایک آیت یا علم کا ایک باب سکھایا، اللہ عزوجل تا قِیامت اس کا اَجْر بڑھاتا رہے گا۔"

(تاریخِ دمشق لابن عساکر، ج 59، ص290، تلاوت کی فضیلت، ص8)

(5) جنتی صحابی مسلمانوں کے تیسرے خلیفہ امیر المؤمنین، ذوالنورین، جامع القرآن حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:"جس نے قرآن پاک کی ایک آیت سکھائی، اس کے لیے سیکھنے والے سے دُگنا ثواب ہے۔"ایک اور حدیث پاک میں جنتی صحابی، خا دم النبی، حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ خاتم المرسلین، رحمۃ اللعلمین صلی اللہ علیہ وسلم فرماتےہیں:"جس نے قرآنِ عظیم کی ایک آیت سکھائی، جب تک اس آیت کی تلاوت ہوتی رہے گی، اُس کے لیے ثواب جاری رہے گا۔"

(تلاوت کی فضیلت، ص7، جمع الجوامع، ج7، ص282، حدیث 22455، 22456)

(6) جنتی صحابی حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سردارِ مکہ مکرمہ، سلطانِ مدینہ منورہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے:"جو شخص اپنے بیٹے کو قرآن مجید سکھائے، اللہ پاک اس کو قیامت کے دن جنت میں ایک تاج پہنائے گا۔"

(المعجم الاوسط، الحدیث 96، جلد 1، ص40، اصلاحِ اعمال، ص270)

اللہ پاک ہمیں قرآن مجید درست پڑھنے، اس کے احکام پر عمل پیرا ہونے اور دوسروں کو سکھانے والا بنائے۔آمین

عطا ہو شوق مولیٰ مدرسے میں آنے جانے کا

خدایا! ذوق دے قرآن پڑھنے کا پڑھانے کا