جو کتاب جس قدر اہم اور فضیلت  والی ہوتی ہے، اسے پڑھانے والے کی اہمیت و فضیلت بھی اتنی ہی زیادہ ہوتی ہے، اللہ پاک کے آخری نبی، مکی مدنی، محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہونے والی کتاب"قرآن پاک "جو کہ آخری آسمانی کتاب ہے، یہ تمام کتابوں سے افضل، اعلٰی، ارفع اور بہترین کتاب ہے، لہذا اسے پڑھانے والے بھی بہترین لوگ ہیں۔

چنانچہ سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: خیرکم من تعلم القرآن وعلمہ۔

ترجمہ:"تم میں بہترین شخص وہ ہے، جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا۔" ( بخاری3/410 ، حدیث5027)

حضرت ابو عبدالرحمن سلمی رضی اللہ عنہ لوگوں کو قرآن پاک اِسی حدیث کے پیشِ نظر پڑھایا کرتے تھے، یہ حدیث پاک پڑھ کر ہوسکتا ہے کہ آپ کا قرآن پاک پڑھانے کا جی چاہے، اگر تو آپ اس کے اہل ہیں تو ضرور پڑھائیے، اگر خود صحیح نہیں پڑھ سکتے تو ہرگز ہرگز کسی کو نہ پڑھائیے، بلکہ دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ ہوکر مدرسۃ المدینہ بالغان میں قرآن پاک پڑھئے یا مدرسۃ المدینہ آن لائن میں داخلہ لیجئے اور قرآن پاک سیکھ کر دوسروں کو سکھانے میں مشغول ہو جائیے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے گھر والوں کو بھی قرآن پاک سکھائیے۔

حدیث پاک میں اپنے بچوں کو قرآن پاک سکھانے کی بھی فضیلت بیان کی گئی ہے، چنانچہ نبی پاک صاحبِ لولاک صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ برکت نشان ہے:"جو شخص اپنے بیٹے کو قرآن کریم

سکھائے، اس کے سب اگلے پچھلے گناہ بخش دئیے جاتے ہیں۔" (مجمع الزوائد، ج1، حدیث11471)

قرآن پاک سیکھنے اور سکھانے کے ساتھ ساتھ اس پر عمل کرنا بھی نہایت ضروری ہے، کیونکہ قرآن پاک سیکھنے اور سکھانے کا مکمل فائدہ اسی صورت میں ہوگا، جب اس پر عمل بھی کیا جائے گا، قرآن پاک سیکھنے اور سکھانے کا مقصد اس پر عمل کرنا ہے، لہذا مقصد کو مت بھولئے، آئیے قرآن پاک پڑھنے، پڑھانے اور اس پر عمل کرنے کے حوالے سے حدیث پاک سنتے ہیں:

چنانچہ مکی مدنی رسول، بی بی آمنہ کے پھول صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ شفاعت نشان ہے:"جس نے قرآن پاک سیکھا، سکھایا اور جو قرآن پاک میں ہے، اس پر عمل کیا، قرآن پاک اس کی شفاعت کر کے اُسے جنت میں داخل کرے گا۔"( تاریخِ دمشق ابن عساکر، 3/41)

اللہ اکبر !وہ خوفناک دن جس دن چھوٹے چھوٹے سہاروں کو آدمی ترسے گا، قرآن سیکھنے، سکھانے اور اس پر عمل کرنے والوں کو کیسا عظیم سہارا ملے گاکہ جس قرآن کو سیکھتے، سکھاتے اور اس پر عمل کرتے تھے، وہ شفاعت کر کے داخلِ جنت کرلے گا۔

اگر ہمیں قرآن پاک پڑھنا نہیں آتا ہے تو اللہ ہمیں سیکھنے، اگر آتا ہے تو سکھانے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم