قرآن پاک وہ واحد کتاب ہے کہ جسکا پڑھنا تو باعث ثواب ہے ہی مگر دیکھنا ، سننا ، ہاتھ لگانا اور پڑھانا بھی کار ثواب ہے،  قرآن پاک پڑھانے والے کے لئے تو یہی فضیلت کافی ہے کہ معلم کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اپنے صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کو قرآن پاک پڑھایا ۔لیکن مزید ترغیب کے لیے چند روایات پیش خدمت کی جاتی ہے ملاحظہ فرمائیں :

:تا قیامت اجر :

ایک حدیث میں ہے کہ جس شخص نے کتاب اللہ کی ایک آیت یا علم کا ایک باب سکھایا اللہ پاک تا قیامت اسکا اجر بڑھاتا رہے گا ۔ ( تاریخ ابن عساکر ج۔59۔ ص 290 )

قرآن شفاعت کرے گا :

حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ معراج والے پیارے آقا کا فرمان ہے جس شخص نے قرآن سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے اس پر عمل کیا قرآن مجید اسکی شفاعت کرے گا ج۔ ( تاریخ ابن عساکر ج۔41 ص۔3)

ثواب جاریہ :

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: جس نے قرآن عظیم کی ایک آیت سکھائی جب تک اس آیت کی تلاوت ہوتی رہے گی اسکے ( پڑھانے والے) لیے ثواب جاری رہے گا ( جمع الجوامع، ج7، ص282)

ماہنامہ فیضان مدینہ کے محترم قارئین کرام دیکھا آپ نے قرآن پاک پڑھانے کے کتنے برکات و فضائل ہیں ۔

قرآن پاک پڑھنے پڑھانے کا ایک ذریعہ دعوت اسلامی کے تحت چلنے والے مدارس المدینہ بھی ہیں جو چھوٹے بچوں بچیوں کے لئے الگ الگ ہیں اور بڑے اسلامی بھائیوں کے لئے ہر شہر میں روزانہ عشاء کی نماز کے بعد تقریبا 41 منٹ کےلیے لگائے جاتے ہیں۔ اس میں قرآن پڑھنے کے ساتھ ساتھ فرض علوم ( وضو اور غسل کے ضروری مسائل ، نماز کے شرائط و واجبات ،سنن ،و مستحبات) بھی سکھائے جاتے ہیں ۔

میری آپ سے گزارش ہے اگر آپ درست مخارج سے پڑھنا نہیں جانتے تو پڑھنا سیکھئے اور اگر صحیح پڑھنا جانتے ہیں تو پڑھانے کے لئے کمربستہ ہوجائیں ان شاء اللہ ڈھیرو ڈھیر ثواب ہاتھ آئے گا ۔