قرآن کریم اللہ پاک کی وہ واحد کتاب ہے، جسکا محافظ خود ربّ عزوجل ہے، جس پر عمل کرنے والا دونوں جہاں میں بیشمار نعمتوں سے سر فرازہوتا ہے، جن حضرات نے قرآن کو پڑھا، اُن کے دل قرآن کے نور سے منوّر ہو گئے، احادیثِ مبارکہ میں قرآنِ پاک کو پڑھنے اور یاد کرنے کے بارے میں کثیر فضائل مذکور ہیں۔

چنانچہ حضرت علی کرم اللہ وجھہٗ سے روایت ہے، آقائے دوجہاں صلى الله علیہ وسلم نے فرمایا:" جس نے قرآن پڑھا اور پھر اُسے یاد کر لیا، اسکے حلال کو حلال جانا، اس کے حرام کو حرام جانا، تو اللہ پاک اُسے جنت میں داخل فرمائے گا اور اُسکے گھر والوں میں ایسے دس افراد کے حق میں اُس کی شفاعت قبول فرمائے گا، جن پر جہنم واجب ہو چکی ہو گی۔

(جنت میں لے جانے والے اعمال، رقم الحدیث1080، ص387مکتبہ المدینہ)

میٹھے اسلامی بھائیو !قرآن پڑھنا ثواب کا کام ہے، لیکن قرآن پر عمل کرنے کے متعلق احادیثِ مبارکہ بھی مروی ہیں، چنانچہ حضرت معاذ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ پُر نور صلى الله علیہ وسلم نے فرمایا:" جس نے قرآن پڑھا اور اس پر عمل کیا، قیامت کے دن اُس کے والدین کو ایسا تاج پہنایا جائے، جس کی روشنی دُنیا کے سورج سے زیادہ ہو گی تو تمہارا قران پر عمل کرنے والے کے بارے میں کیا خیال ہے۔

جبکہ دوسری روایت میں اِس طرح فرمایا، حضرت بریدہ رضى الله عنه سے روایت ہے کہ سرور ذیشان صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:" جس نے قرآن پڑھا اور اُسے سیکھا اور اُس پر عمل کیا، اس کے والدین کو قیامت کے دن نُور کا ایک تاج پہنایا جائے گا، جس کی چمک سُورج کی طرح ہو گی اور اُس کے والدین کو دو حُلے پہنائے جائیں گے، جن کی قیمت یہ دُنیاادا نہیں کر سکتی تووہ پوچھیں گے، " ہمیں یہ لباس کیوں پہنائے گئے ہیں؟ تو اُن سے کہا جائے گا "تمہارے بچوں کے قرآن کو تھامنے کے سبب۔"(ایضاً، رقم الحدیث 1085۔1084)

میٹھے اسلامی بھائیو!ہمارے جسم کے اعضاء کے لئے عبادت میں سے حصّہ ہے، آنکھ کے متعق حدیث مروی ہےچنانچہ حضرت ابو سعید خُدری رضى الله عنه سے روایت ہے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:" تم اپنی آنکھوں کو اس کی عبادت میں سےحصّہ دو، عرض کی گئی، یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم!آنکھ کا عبادت میں سے کیا حصّہ ہے؟اِرشاد فرمایا" قرآن مجید کو دیکھ کر پڑھنا"، اس (کی آیات اور معانی) میں غور فکر کرنا اور اس میں بیان کئے گئے عجائبات کی تلاوت کرتے وقت عبرت ونصیحت حاصل کرنا۔


(شعب الایمان، التاسع بشر من شعب الایمان۔۔الخ فصل فی الخراءۃ من المصخو 488، حدیث 44440)

اللہ عزوجل ہمیں قرآن پڑھ کر اُس کے فضائل حاصل کرنےکی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین